وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ سابق صدر ریاست کے – ایچ خورشید ایک مثالی رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوامی حقوق اور جمہوری اقدار کی پاسداری کو مقدم رکھا۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ سابق صدر ریاست کے – ایچ خورشید ایک مثالی رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوامی حقوق اور جمہوری اقدار کی پاسداری کو مقدم رکھا۔ سابق صدر ریاست کی برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ وہ ایک اصول پسند سیاستدان تھے، جن کا بنیادی مقصد ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق تھا۔ وزیراعظم نے کہا کے- ایچ خورشید نے کشمیری عوام میں سیاسی شعور اجاگر کیا اور انہیں اپنے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا حوصلہ دیا۔ وہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر ڈٹے رہے اور کسی بھی دباؤ کے آگے سر نہیں جھکایا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ کے۔ ایچ خورشید نے قائداعظم کے قریبی ساتھی کی حیثیت سے تحریک پاکستان میں فعال کردار ادا کیا اور بعد ازاں آزادکشمیر میں جمہوری روایات کے فروغ کے لیے جدوجہد کی۔ وہ ایک ایماندار اور مخلص سیاستدان تھے، جن کی سادگی اور دیانتداری آج کے دور میں ایک مثال ہے۔وزیراعظم نے نئی نسل پر زور دیا کہ وہ کے ایچ خورشید کی زندگی اور جدوجہد سے سبق حاصل کریں اور اپنے کردار میں دیانت، امانت اور قربانی کے جذبے کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک حقیقی رہنما وہی ہوتا ہے جو عوام کی خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائے اور کے ایچ خورشید اس کی بہترین مثال تھے۔

Share This Post

More To Explore