وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ جنگل بنی نوع انسان کی بقاء کی مضبوط ترین علامت ہے، جس نے درخت کے ساتھ کھلواڑ کیا اس نے کاتب تقدیر کے غضب کو اپنے اندر آنے کی دعوت دی، 74 کروڑ کی آمدن کے لیے جنگلات کاٹنے کا قومی جرم نہیں کر سکتے، فطرت کے ساتھ کھلواڑ کا مطلب اجتماعی تباہی ہے۔

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ جنگل بنی نوع انسان کی بقاء کی مضبوط ترین علامت ہے، جس نے درخت کے ساتھ کھلواڑ کیا اس نے کاتب تقدیر کے غضب کو اپنے اندر آنے کی دعوت دی، 74 کروڑ کی آمدن کے لیے جنگلات کاٹنے کا قومی جرم نہیں کر سکتے، فطرت کے ساتھ کھلواڑ کا مطلب اجتماعی تباہی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، حقوق العباد کی معافی نہیں، شجرکاری حقوق العباد کا حصہ ہے، جن علاقوں میں بے دردی سے درخت کاٹے گئے وہاں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جو لوگ جنگل کاٹنے کا کام کرتے رہے ان کی نسلوں میں سے کسی کو خوشحال نہیں دیکھا۔ آج موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سامنے آرہے ہیں، موسمی تصور ختم ہورہا ہے، سسٹم کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاح کی ضرورت ہے، یہ محکمہ وینٹی لیٹر پر تھا آج اللہ کے فضل سے اسی محکمے کا گارڈ حاضر سروس ڈی ایس پی کو پکڑ رہا ہے ، یہ طاقت ریاست اور حکومت نے گارڈ کو دی ہے، مافیاز پر ہاتھ ڈالا ہے اور بھگت بھی رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے ٹنڈالی فاریسٹری کمپلیکس میں قومی شجرکاری مہم کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیر جنگلات اکمل حسین سرگالہ اور سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ جو حلف لیا ہوا ہے اس کی پاسداری کرنی ہے، 40 سال مخلوق کو راضی کرنے میں گزارے لیکن مخلوق کو راضی کرنے کا واحد راستہ اسکی رضا کے لیے کوشاں ہونا ہے، جب تک ہوں مجھ سے کوئی یہ توقع نہیں کرسکتا کہ میں منصب کے تقاضوں سے مغائر کوئی دستخط کروں۔ انہوں نےکہا کہ اس نظام کو قائم کرنے کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے خون سے قربانیاں دی ہیں آج ہم جو بیج بوئیں گے آنے والی نسل اسکا پھل کھائیں گی، جتنا دو سالوں میں محکمہ جنگلات نے کام کیا وہ قابل ستائش ہے ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نےکہا کہ مافیاز کا مقابلے کرتے ہوئے سمگلنگ کی روک تھام کرنا جرآت مندانہ کام ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ہمارا معاشرہ بانجھ نہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ شجرکاری میں اعداد کی جادو گری ہوتی ہے، محکمہ جنگلات کو کہا ہے کہ جتنے پودے لگانے ہیں ان کے درست اعداد و شمار دیدیں، جہاں پودے دے رہے ہیں انکا چیک اپ بھی کریں، شجرکاری اس لیے قومی مہم کے طور پر شروع کی ہے کہ اگلے 45 دن وزیراعظم کابینہ سمیت تمام مکاتب فکر اس میں حصہ لیں گے، جہاں سرکاری زمین ہے وہاں شجرکاری ہوگی، ایک پودا اپنے والدین کے نام پر اپنے پیاروں کے نام پر لگائیں یہ صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 45 ایام میں بھرپور طریقے سے شجرکاری مہم میں حصہ ڈالیں، ملازمتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ہر چیز کے آداب ہیں، مروجہ قوانین ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر جنگلات اکمل حسین سرگالہ نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے جنگلات کے تحفظ کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا رکھی ہے، جنگلات کے تحفظ کیلئے مقامی لوگوں کا تعاون قابل تعریف رہا ہے، جنگلات کا بچاؤ ہماری آئندہ نسلوں بقا ہے۔ اس حوالے سے ہر ایک کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے، اس شجرکاری مہم کو 45 دن جاری رکھیں گے، خیبرپختونخوا کی طرز پر فاریسٹ فورس بارے پالیسی بنانے کی ضرورت ہے جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب نے کہا کہ ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں کہ اگر کہیں لکڑی کی سمگلنگ ہوئی ہے تو ہم ذمہ دار ہیں، گزشتہ عرصے کے دوران 104 گاڑیاں ضبط کی ہیں۔ لکڑی کے کاروبار کے لیے لکڑی کی نیلامی کا اشتہار لازمی قرار دیدیا ہے، جو لکڑی جہاں فروخت ہوگی اسکا اشتہار لگے گا، وزیراعظم کا جنگلات پر سب سے زیادہ فوکس رہا ہے۔ 48 سالوں بعد نقشہ 25 کی فیس کو بھی ریویو کیا گیا ہے۔

Share This Post

More To Explore