صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے اپنا رول ادا کریں کیونکہ امریکہ ایک اہم ملک ہے

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے اپنا رول ادا کریں کیونکہ امریکہ ایک اہم ملک ہے اور امریکہ میں اقوام متحدہ سمیت دیگر اہم ادارے بھی ہیں لہذا امریکہ میں مقیم اوورسیز کشمیری، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے ہر فورم پر اقوام عالم کی توجہ مبذول کروانے کے لیے آواز بلند کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہاء کر دی ہے اور کشمیری عوام کو ایک سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔ لہذا عالمی برادری بالخصوص امریکہ بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں بند کروانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ کشمیری عوام گزشتہ 77سال سے اپنے حق خود ارادیت کے لیے دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن ابھی تک مسئلہ کشمیر حل طلب ہے لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم بند کرانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا رول ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں نیویارک میں چوہدری مدثر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کشمیری تارکین وطن بالخصوص امریکہ میں مقیم اوورسیز کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کو بے نقاب کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے چاہے وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بھارتی وزیراعظم کے خطاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے مظاہرے ہوں یا دیگر فورمز۔ امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کیا ہے لہذا ضرروت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور نازک موڑ پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے عالمی ضمیر کو پورے شد و مد سے جھنجوڑا جائے۔

Share This Post

More To Explore