یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یادگار شہداء کشمیر کے مقام پر پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔9:45پر سائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیر حکومت پنجاب بلال یاسین، ممبر بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر اشوک کمار نے قومی و ریاستی پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر قومی وریاستی ترانے پیش کئے گئے۔پاک فوج کے جوانوں اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور پائپ بینڈ سے ملی نغموں کی دھن بجائی۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر حکومت پنجاب بلال یاسین، ممبر بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر اشوک کمار، کشمیری سیاسی قیادت اور پاکستانی عوام نے کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ وادی کے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف، کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی۔ شرکاء بلند آواز میں ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔ کشمیر بنے گا پاکستان۔پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ۔ کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے لگا رہے تھے۔ شرکاء نے ہم کیا چاہتے آزادی، مودی سے لیں گے آزادی کے فلک شگاف نعرے بازی کی۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کا مسلمہ حق خود ارادیت کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ شرکاء نے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کو تحریک تکمیل پاکستان قرار دیتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
کوہالہ(پی آئی ڈی)05 فروری 2025
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر انٹری پوائنٹ کوہالہ کے مقام پر مقبوضہ وادی کے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر حکومت پنجاب بلال یاسین اور ممبر صوبائی اسمبلی بلوچستان ڈاکٹر اشوک کمار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت، پاکستانی اور کشمیری عوام، صحافی، وکلاء اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر حکومت پنجاب بلال یاسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کوہالہ کے مقام پرجو جذبات کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے محسوس کئے وہ پاکستان میں بیٹھ کر نہیں ہو سکتے تھے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بھارت کو اس پر قبضہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ امیر جماعت اسلامی (مرحوم) قاضی حسین کی تجویز پر کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بے نظیر بھٹو کی حمایت کے بعد 1990 میں سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے لاہور میں بھرپور انداز میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کشمیری عوام کے لیے پیغام لے کر آیا ہوں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستانی 25 کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج ہم دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کے ساتھ اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔ تقریب سے ممبر اسمبلی بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر اشوک کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہا ہوں پاکستان کی اقلیتی برادری کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ مودی کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستانی افواج اور عوام پاکستان کی پشت پر کھڑے ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم اور سیاسی قیادت متفق ہے۔مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم اور سیاسی قیادت متفق ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔پاکستان کی اقلیتی برادریاں بھی کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔مودی سن لے کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ تقریب سے سابق امیدوار اسمبلی راجہ ثاقب مجید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری کا دن اہل پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہے۔ آرمی چیف کی مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ یہ حمایت جاری رکھیں گے۔کشمیر اور پاکستان کے لازوال رشتے کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پر پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں۔ تقریب سے صدر مسلم کانفرنس غربی باغ (ر) میجر نصراللہ، پی ایم ایس پشاور اکیڈمی سے ڈاکٹر گوہر سعید،، امیر جماعت اسلامی ایبٹ آباد، صدر بار دھیرکوٹ، صدر پریس کلب دھیرکوٹ، راہنماجمعیت علماء اسلام و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امیر جماعت اسلامی مرحوم قاضی حسین کی تجویز پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا آغاز 1989 سے ہوا جس کی حکومت پاکستان نے توثیق کی۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر کا پاکستان سے جغرافیائی، ثقافتی، مذہبی اور سیاسی لازوال رشتہ ہے جو کسی صورت ختم نہیں ہو سکتا۔
کوہالہ(پی آئی ڈی) مورخہ 05 فروری 2025
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوہالہ کے مقام پر منعقدہ جلسے میں متعدد قراردادیں پیش کی گئی جن میں کہا گیا کہ آج 05 فروری 2025 ء یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی عوام، تمام سیاسی جماعتیں اور حکومت پاکستان، حکومت آزاد کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اس عزم، جوش اور ولولہ سے یک جہتی کا اظہار کر رہے ہیں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی جد و جہد آزادی میں وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ آج کا یہ نمائندہ اجتماع مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے جابرانہ قبضہ کی بھر پور مذمت کرتا ہے اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور تسلیم شدہ حق ” حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ یہ اجتماع ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کالے قوانین پر امن شہریوں پر تشدد، گرفتاریوں اور پیلٹ گن کے ذریعے پر امن مظاہرین کو بصارت سے محروم اور بنیادی انسانی حقوق سے متعلقہ پابندیوں و انسانیت سوز مظالم کی بھر پور مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہندوستان کو ان جابرانہ ہتھکنڈوں سے روکیں۔ یہ اجتماع ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمان آبادی کے تناسب کو بدلنے کیلئے غیر ریاستی افراد کی آبادکاری کے منصوبے کی پرزورمذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے اس پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔یہ اجتماع بھارتی افواج کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں، آزاد کشمیر کے سرحدی علاقہ جات میں بلا اشتعال فائرنگ کی بھر پور مذمت کرتا ہے اور بھارت کے بار بار اس اقدام کو خطہ کا امن خراب کرنے کی سازش قرار دیتا ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ آج کا یہ اجتماع حکومت پاکستان، تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں اور تمام مکاتب فکر کے عوام کا شکر یہ ادا کرتا ہے کہ انہوں نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کا بھر پور ساتھ دیا۔ قرار داد مین وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب ہ سے اقوام متحدد اور دیگر قومی اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق موقف پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔قرارداد میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاری کی مذمت کی گئی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی گئی کہ وہ ان رہنماؤں اور مظلوم کشمیریوں کی رہائی کیلئے اقدام کریں۔ قرارداد میں اجتماع ملک پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے کردار کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور شہدا ء وطن کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔قرارداد میں عظیم حریت پسند رہنما سید علی گیلانی (مرحوم) کوان کی طویل اور عظیم جدو جہد پر خراج عقیدت پیش کیا گیا اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اور اقوام عالم سے مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل کی فلسطینی بچوں، خواتین اور عمر افراد کے خلاف درندگی کا فوری نوٹس لے اور فلسطین کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ قرارداد میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی طرف سے مسئلہ کشمیر کوحکومت کی اولین ترجیح مقرر کرنے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کاؤشوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔قرارداد میں پاکستان کی تمام سیاسی، سماجی تنظیموں اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کروانے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا جاندار اور بھر پور کردار ادا کریں۔قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا

