سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے ممبران اسمبلی شاہ غلام قادر، سردار محمد یعقوب خان اور چوہدری رفیق نیئر پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا۔ایوان نے ممبران اسمبلی عبدالماجد خان اور پیر محمد مظہر سعید شاہ کی رخصت کی درخواستیں منظور کر لیں۔ ایوان میں جملہ فوت شدگان اور بلوچستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے
آفیسروں وجوانوں کے لیے وزیر مذہبی امور احمد رضا قادری نے فاتحہ خوانی کروائی۔
مظفرآبا د(پی آئی ڈی)4فروری 2025
آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کے روز سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرقانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے مسودہ قانون
The Azad Jammu and Kashmir Finance (Amendment) Ordinance, 2024.
ایوان میں پیش کیا جسے ممبران اسمبلی نبیلہ ایوب، سردار جاوید ایوب،محترمہ نثارہ عباسی اور چوہدری رفیق نیئر پر مشتمل مجلس منتخبہ کے سپر د کردیا۔ وزیرقانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے مسودہ قانون
The Criminal Law (1st Amendment) Act, 2024.
،مسودہ قانون
The Azad Jammu and Kashmir Building Control Act, 2024.
اور مسود ہ قانون
The Azad Jammu and Kashmir Investment Fund Act, 2024.
کوایوان میں پیش کیاجسے سٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ وزیرقانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے مسودہ قانون
The Superior Courts (Court Dress and Mode of Address) (Amendment) Act, 2022
ایوان میں پیش کیا جسے متعلقہ مجلس قائمہ کے سپرد کر دیا گیا۔
مظفرآبا د(پی آئی ڈی)4فروری 2025
سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے سوال کے جواب میں وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید نے کہا کہ لوکل پاور ہاؤسز کی پیداوار اور اس سے مستفید ہونے والے علاقوں کی تفصیل مہیا کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ واپڈا اور پرائیویٹ سپانسرز کے پراجیکٹس سے پیداہونے والی بجلی نیشنل گرڈ میں سپلائی ہورہی ہے۔شاردہ پاور ہاؤس سے سردیوں (دسمبر اور جنوری) میں جنریشن 1.6 میگاواٹ ہوتی ہے اور Peak Hours میں لوڈ 1.6 میگاواٹ ہوتا ہے۔ البتہ گرمیوں میں Generation زیادہ ہوتی ہے اور لوڈ کم ہوتا ہے تاہم محکمہ برقیات ایک فیڈر کیل تک بنارہا ہے، تا کہ اضافی بجلی کی ترسیل شیخ بیلا، کیل مارگلہ اور دیگر علاقہ جات کو ممکن ہو سکے گی۔محکمہ برقیات لائن نیٹ ورک Extend کر رہا ہے جسکی وجہ سے Generation Loss گرمیوں میں کمی واقع ہوجائے گی اور گورنمنٹ کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔
سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شدید سردموسم والے علاقوں میں بجلی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے۔موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے وقفہ سوالات کے دوران بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ جاگراں پاور پراجیکٹ ڈیڈ پراجیکٹ تھا اس کو موجودہ حکومت نے دوبارہ سے چلایا ہے۔یہاں کیپسٹی سے زیادہ پیداوار ہے ،ترقی کے لیے ریسورسز چاہیے۔ رٹھوعہ ہریام سترہ سال سے بند تھا اس پر موجود ہ حکومت نے کام شروع کروایا۔ یہاں سب بات نکلو نکالو کے ارد گرد گھومتی ہے۔ 48ووٹ دے کر قائد ایوان منتخب کیے گئے تھے۔ہم سب کو ترقی کی طرف چلنا ہے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے۔ ہمیں کہا جاتا ہے کہ نظام کوئی اور چلا رہا ہے۔ ہمارے پاس اکیس مہینے گزر چکے ہیں۔ ہمیں باتیں کرنے کے بجائے مشاورت سے آگے بڑھنا چاہیے۔ عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اگر وزیر اعظم سے اختلاف ہے تو آئیں 27بندے پورے کریں بات ختم ہو جائے گی۔
ممبر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ بجلی کی ٹرانسمیشن منصفانہ نہیں ہے،پلاننگ کا فالٹ ہے۔اس حوالہ سے منظم منصوبہ بندی کی جائے اور مزید بہتری لائی جائے۔
وزیر قانون میاں عبدالوحید نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے دورہ نیلم کے دوران جاگراں پاور پراجیکٹ کا معائنہ کیا یہ منصوبہ بجلی کی ضرورت کو پوری کرنے کے لیے ہے۔ باقی ماندہ ایریاز کو بجلی کی ضرورت اس پراجیکٹ سے پوری کی جائے گی۔گرڈ اسٹیشن کے قیام کے لیے معاملہ حکومت پاکستان کے سامنے اٹھانا چاہیے۔
ممبر اسمبلی سردار محمد یعقوب خان نے وقفہ سوالات کے دوران بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ 100ملین ڈالر کے پروجیکٹ اپروڈ ہیں اس مقصد کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو بلانا چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ زیادہ ہے جس میں کمی جائے۔سپیکر قانون ساز اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ بجلی کا اسراف زیادہ ہے، اس حوالہ سے لوگوں کو آگاہی کی ضرورت ہے۔ ممبر اسمبلی راجہ محمد فاروق حید ر خان نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کا معاملہ تکنیکی مسئلہ ہے بجلی کی جو پیداوار ہو رہی ہے اسے مین گرڈ سے ملانا چاہیے۔ نیز بجلی کے آلات کو بھی اپر گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں پاور پرچیز اگریمنٹ پر بھی بات ہونی چاہیے۔ ممبر اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ پرائیویٹ انویسٹمنٹ کے لیے انوسٹمنٹ پالیسی کو وزٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں فارن انوسٹمنٹ اور پاکستان سے انوسٹمنٹ کے لیے ہاؤس کی کمیٹی بننی چاہیے۔ اس حوالہ سے ادارہ بورڈ آف انوسٹمنٹ سے رائے لینی چاہیے۔
اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد کے سوال کے جواب میں وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات سے متعلق نہ ہے اور نہ ہی واک وے کی تعمیر/مرمتی سے متعلق کوئی سکیم سالانہ ترقیاتی پروگرام2024-25میں شامل ہے۔ تا ہم واک وے کی تعمیر/نگرانی ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفر آباد کی جانب سے عمل میں لائی جا رہی ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات سے متعلق نہ ہے۔
مظفرآبا د(پی آئی ڈی)4فروری 2025
سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کا اجلاس 5فروری بروز بدھ صبح نو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

