آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ اسلام زندگی کے تمام پہلووں کا احاطہ کرتا ہے، اسلام نے تعلیم پر بہت زور دیا ہے۔

آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ اسلام زندگی کے تمام پہلووں کا احاطہ کرتا ہے، اسلام نے تعلیم پر بہت زور دیا ہے۔ نوجوانوں کیلئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام لارہے ہیں جس کے تحت نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیے جائیں گے معاشرتی ترقی کے لیے تنظیموں اور مخیر حضرات کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں لوکل ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات آزادکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہاکہ قرآن بنیادی طور پر دو موضوعات پر بات کرتا جن میں پہلا اللہ رب العزت کی عظمت جبکہ دوسرا موضوع مخلوق پر رحم کرنا ہے۔ جس کے دل میں اللہ کی جتنی عظمت ہوتی ہے وہ مخلوق پر اتنا ہی مہربان ہوتا ہے۔ ایسے لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جو معاشرتی ترقی کیلئے کرداراداکررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر نے پسے ہوئے طبقے کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے سوشل پروٹیکشن ویلفیئر پروگرام لایا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر لوکل ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کے ساتھ مکمل تعاون کریگی۔

مظفرآباد( پی آئی ڈی)23جنوری 2025

پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) نے آزاد جموں و کشمیر میں لوکل ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کا آغاز کردیا جو خطے میں غربت کے خاتمے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔ یہ پروگرام آزاد جموں وکشمیر کے تین اضلاع جہلم ویلی، حویلی اور نیلم میں شروع کیا جائے گا اور اسے پی پی اے ایف کے شراکتی اداروں، حمزہ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور بیسک ایجوکیشن ریفارم اینڈ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (BERD) کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد کمیونٹیز کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے حکمت عملی میں شامل کرتے ہوئےبااختیار بنانا ہے، تاکہ خطے میں ایک پائیدار اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔

رانا مشہود احمد خان چئیرمن وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں وزیر اطلاعات آزادکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ ، وزیرخوراک چوہدری اکبر ابراہیم، وزیر صنعت و حرفت محترمہ تقدیس گیلانی،سرکاری حکام، کمیونٹی رہنما، میڈیا نمائندے اور دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ یہ پروگرام پی پی اے ایف کے عزم کا ثبوت ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی پسماندہ کمیونٹیز کی بہتری کے لئے انہیں جدید، پائیدار طریقوں سے ترقی کی جانب گامزن کیا جائے گا۔ آزاد جموں و کشمیر لوکل ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام صرف غربت کے خاتمے کی ایک کوشش نہیں بلکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگی پیدا کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک بنیاد ہے۔ ایسے اقدامات میں سرمایہ کاری کرکے، ہم اس خطے کے لیے ایک روشن اور پائیدار مستقبل تخلیق کر رہے ہیں۔انہوں نے حکومت پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے مزید کہاکہ ملک بھر میں نوجوانوں اور پسماندہ طبقات کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ پاکستان نے آزاد کشمیر کے لوگوں کو دانش سکول کا تحفہ دیا۔ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے یوتھ پروگرام کا آغاز کیا۔ آج بچوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر یوتھ ایڈوائزری بنائی جا رہی ہے جس میں نوجوانوں کے لئے مختلف پروگراموں کا آغاز کیا جائے گا۔وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید، وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم، وزیر صنعت و حرفت محترمہ تقدیس گیلانی نے پروگرام کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کیں۔ یہ پروگرام غربت، ماحولیاتی مسائل اور بے روزگاری جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انتہائی مؤثر ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ریاست کے پسماندہ طبقے کو معاشی طور پر خودکفیل بنایا جائے گا۔تقریب میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے سی ای او نادر گل بریچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی پی اے ایف نے 2012 سے اب تک اٹلی، جرمنی اور ورلڈ بینک کے تعاون سے خطے میں 954 ملین روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔ آٹھ اکتوبر2005 کو ریاست میں آنے والے ہولناک زلزلہ میں ایک لاکھ بائیس ہزار (122000) گھر بھی تعمیر کئے گئے۔ آزادکشمیر میں موجودہ 170 ملین روپے کا پروگرام خطے کے اہم چیلنجز کے حل پر مرکوز ہے جس کے ذریعے، ہم ماحول دوست زراعت، نوجوانوں اور کمیونٹی کی صلاحیتوں میں اضافہ، ثقافتی ورثے کی بحالی، آفات کے خطرات میں کمی اور قابل تجدید توانائی کے فروغ جیسے اقدامات کریں گے۔تقریب میں PPAF کی مینیجر عظمیٰ نعمانی، حمزہ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے سی ای او اُلفت بنگش، اور BERD کی ڈائریکٹر پروگرامز فائزہ میر نے پروگرام کے مقاصد اور مختلف اقدامات کی تفصیلات پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر BERD کے سی ای او طارق محمود راجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی پر مبنی ترقی طویل المدتی سماجی و اقتصادی خوشحالی کے لئے ایک اہم قدم ہے جو غربت کے خاتمے میں ممدو معاون ثابت ہو گا۔

Share This Post

More To Explore