وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا، جو لوگ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا موازنہ کرتے ہیں انکو آزادی کی قدر نہیں ۔

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا، جو لوگ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا موازنہ کرتے ہیں انکو آزادی کی قدر نہیں ۔ جو لو گ مقبوضہ کشمیر سے مواز نہ کر رہے ہیں وہ دیکھیں کہ وہاں نہ عزت محفوظ ہے نہ جان نہ مال محفوظ ہے ۔ آزادکشمیر کا نظام ہمارے اسلاف اور شہیدوں کی خون کی وجہ سے ہے ۔ بیس کیمپ کی جوازیت تحریک آزادی کشمیر ہے ۔ انفرادی طور پر سب کو سستی بجلی اور آٹے کا فائدہ پہنچا ہے. کسی کو بھی مملکت پاکستان اور کشمیر کا رشتہ کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ مکمل اتفاق و اتحاد سے تحریک آزاد ی کشمیر اور اللہ کی حکمرانی کا تصور لے کر چلیں گے ۔منافقانہ رویوں کی حوصلہ شکنی سے ہی ریاست کا نظام بہتر ہو سکتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے چھتر کلاس بروڑہ میں گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سپیکر چوہدری لطیف اکبر اور وزیرتوانائی چوہدری ارشد حسین نے بھی خطاب کیا۔ سیکرٹری توانائی ارشاد احمد قریشی نے وزیراعظؐ کوبریفنگ دی ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ عوام کے ٹیکس کا ایک ایک پیسہ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ ہوگا۔ ریاست کے شہری مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کی قدر دیکھنی ہے تو سرحد پار جاکر دیکھیں ، فلسطین کو دیکھیں کہ وہاں کتنی تباہی ہوئی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ محکمہ جات کو وسائل فراہم کررہے ہیں ۔ بجلی چوروں کے خلاف قانون سازی کرکے گرینڈ آپریشن کریں گے ۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔ بھتہ لینے والے افراد کیلئے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ڈویژنل آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ سستی بجلی اور سستے آٹے کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ مملکت پاکستان اور ریاست عوام کا رشتہ مضبوط کریں گے اسکو کمزور کرنے والوں کو ناکام بنائیں گے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مارچ سے تمام اضلاع میں بجلی کے بلات ادا کرنے کے لئے مہم شروع کریں گے ۔ وسائل بڑھائیں گے اور اخراجات کم کریں گے تا کہ ریاست کی عوام کو سستے آٹےاور سستی بجلی کی سہولت فراہم کر سکیں ۔اس کے علاوہ محکمہ برقیات کو ہدایت کی ہے کہ آئیسکو سے مل کر لوگوں کو تربیت دیں تا کہ یہ لوگ انہی گرڈ سٹیشن پر کام کر سکیں ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ کوئی بھی منصوبہ عوام کے تعاون کے بغیر نہیں چل سکتا ، عوام کے پیسے کی تحفظ کی ذمہ داری ہماری ہے ۔چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ یہ منصوبہ عوام کی ملکیت ہے ۔ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے یہ منصوبے تیار ہوتے ہیں اور ان کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔ اب بجلی تین روپے فی یونٹ ہے ، لوگوں کو بجلی کے بل ادا کرنے چاہیے ۔ بل دے کر ہی تو یہ نظام چلے گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین نے کہا کہ یہ گرڈ اسٹیشن عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ حکومت آزادکشمیر عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ وسائل کی کمی کے باوجود بجلی صارفین کو سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

Share This Post

More To Explore