وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانے کیلئے وفاق کی جانب سے ”خواتین کے چھوٹے اوردرمیانے کاروبار کیلئے فائنانسنگ سکیم” کا آزاد کشمیر میں آغاز ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز کے زیر اہتمام سمال میڈیم انٹرپرائزنگ ڈویلپمنٹ اتھاٹی (SMEDA) کے تعاون سے خواتین کیلئے چھوٹے اور درمیانے کاروبار شروع کرنے کیلئے فائنانسنگ سکیموں کی آگاہی کے حوالے سے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر سمال انڈسٹریز پروفیسر تقدیس گیلانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل محترمہ مدحت شہزاد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تربیتی سیشن کے آغاز میں سمال میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ریجنل منیجر چوہدری رخسار نے وفاقی پروگرام کی غرض و غایت پر بات کرتے ہوئے وفاقی پروگرام کا تعارف، فائنانسنگ سکیموں، بزنس پلان، بین الاقوامی سطح پر امپورٹ ایکسپورٹ کیلئے درکار معلومات اور تکنیکی معاونت کی فراہمی سمیت قرضے کی فراہمی کیلئے سٹیٹ بینک کی فائنانسنگ سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر سمال انڈسٹریز پروفیسر ڈاکٹر تقدیس گیلانی نے وزیراعظم پاکستان کا خواتین کے چھوٹے اور درمیانے کاروبار کیلئے وفاقی پروگرام فائنانسنگ سکیم کا دائرہ کار آزاد کشمیر تک بڑھانے پرشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی خواتین میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے وفاقی پروگرام خواتین کو بااختیار بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ حکومت نہ صرف کاروباری خواتین کی حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ خواتین کو باوقار کاروبار شروع کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ خواتین کو خود کفیل اور با اختیار بنانے کیلئے حوصلہ افزائی کریں گے۔ اخوت فاونڈیشن سمیت دیگر فائنانسنگ کارپوریشن مستحق خواتین کو بلا امتیاز قرضہ جات فراہم کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔میں خود بزنس ویمن رہی ہوں نوجوان خواتین کو کاروبار کی طرف لانے کی ضرورت ہے۔خواتین کے کاروبار کی ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ موثر رابطہ کاری کے ذریعے آزاد کشمیر میں ساز گار ماحول فراہم کریں گے تا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔ لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر آسان شرائط پر قرضہ جات فراہم کریں گے۔ معاشرے کی ترقی اورخواتین کو با اختیار بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کاروبار کے سیکٹر میں خواتین کی بھرپور نمائندگی میرے لئے قابل فخر ہے۔ معاشرے کی ترقی کیلئے خواتین کو بااختیاربنانا انتہائی ضروری ہے۔ خواتین کو باوقار اور با اختیار بنانے کیلئے ہمیشہ اپنی بساط سے بڑھ کر کام کیا ہے۔ خواتین معاشرے کی ترقی کیلئے خواتین اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ میں نے اخوت فاونڈیشن کے تعاون سے بطور سیکرٹری محکمہ سیاحت نیلم ویلی کے علاقے شاردہ میں 19 خواتین کے کامیاب ہوم گیسٹ ہاؤسز کے بعد تہجیاں میں بھی 10 خواتین کیلئے ہوم گیسٹ ہاوس کے کاروبار کیلئے کام کیا۔ موجودہ ڈیجیٹل دور میں ای کامرس کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ خواتین ماحولیات کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا کاروبار شروع کریں۔ سیکرٹری سمال انڈسٹریز خالد محمود مرزا نے آزاد کشمیر میں وفاقی پروگرام کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے SMEDA، تربیتی سیشن کے منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر تقدیس گیلانی نے ہمیشہ خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے کام کیا۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ وزیر سمال انڈسٹریز پروفیسر تقدیس گیلانی کو اس محکمے کا قلمدان ملا ہے۔ SMEDA اور اخوت فاونڈیشن کے تعاون سے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ تربیتی سیشن سے مینجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ذیشان عارف نے بھی خطاب کیا۔ چیف مینیجر سٹیٹ بینک عرفان رشید نے وفاقی سکیم کے تحت فائنانسنگ سکیمز پر تفصیلی بات کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ بینک وفاقی پروگرام کے تحت بزنس ویمن کیلئے بینکوں کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر قرضہ دے رہا ہے۔ کسی بھی سکیم کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے اپنے کاروبار کو رجسٹر کروائیں۔ سٹیٹ بینک مخصوص افراد کیلئے 15 لاکھ تک قرضہ فراہم کر رہا ہے۔ یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچرل لون سکیم کے تحت بھی تین کیٹیگریز میں قرضہ جات فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پراخوت فاونڈیشن ایریا مینیجر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ اخوت فاونڈیشن آزاد کشمیر میں 2013 سے بلا سود قرضہ جات فراہم کر رہا ہے۔ اخوت فاونڈیشن کے زیر اہتمام 1 لاکھ 20 ہزار خاندان میں بلا سود 40 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ اخوت فاونڈیشن خواتین کو بھی کاروبار کیلئے قرضہ فراہم کرے گا۔ تربیتی سیشن میں آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز اور اخوت فاونڈیشن کے تعاون سے شروع کرنے والی بزنس ویمن نے اپنے کامیاب کاروبارکے بارے تفصیلی بات کی۔تربیتی سیشن میں بزنس ویمن نے اپنے تاثرات، کاروبار میں درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز بھی دیں۔ اس موقع پر آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز، سمال میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سٹیٹ بینک، اخوت فاونڈیشن کے نمائندوں نے چھوٹے، درمیانے اور بڑے کاروبار کو شروع کرنے کے حوالے سے تربیتی سیشن میں شریک خواتین کے سوالات کے تفصیلی جواب بھی دئے۔ صدر چیمبر آف کامرس خواجہ احتشام نے وزیر سمال انڈسٹریز اور SMEDA کا آزاد کشمیر میں پروگرام کے آغاز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد چیمبر آف کامرس میں خواتین کی بھرپور نمائندگی موجود ہے۔ ہم خواتین کو معاشی طور پربا اختیار بنانے کیلئے آزاد کشمیر سمال انڈسٹریز، سمال میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی و دیگر کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ ڈاکٹر زاہدنیآزاد کشمیر میں وفاق کی طرز پر سمال میڈیم انٹرپرائزز اور ٹیکس وصولی کے نظام کی پالیسی اپنانے کی ضرورت پر توجہ مبذول کروائی جس سے بیش تر کاروبار رجسٹر ہو جائیں گے۔ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز وحید مغل نے تربیتی سیشن کی نظامت کے فرائض سر انجام دئے۔ تربیتی سیشن میں آزاد کشمیر بھر سے کاروبار سے منسلک خواتین کی کثیر تعداد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانو ن ساز اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیرا عظم و ممبر اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور،اپوزیشن لیڈر و ممبر اسمبلی چوہدری محمد یاسین،ممبر اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل،ممبر اسمبلی سید بازل علی نقوی،ممبر اسمبلی محترمہ سحرش قمر،ممبر اسمبلی چوہدری محمد رخسار،ممبر اسمبلی محترمہ فرزانہ یعقوب کی جانب سے قراردادیں پیش کیں گئیں۔جنہیں متفقہ طور منظور کر لیا گیا۔
سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانو ن ساز اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیرا عظم و ممبر اسمبلی
