انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے مدینہ مارکیٹ کے اندر پارکنگ اور ٹریفک کا مسئلہ حل کرتے ہوئے مدینہ مارکیٹ میں شاپنگ کے لئے آنے والوں کے لئے ریڈیو سٹیشن کی اراضی پر پارکنگ قائم کر دی گئی ہے۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان اور مئیر میونسپل کارپوریشن سید سکندر نثار گیلانی نے پارکنگ کا افتتاح کیا۔ا س موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق، سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو طاہر چغتائی، اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد سید غلام محی الدین گیلانی، مجسٹریٹ بلدیہ سردار عمران،دیگر حکام، تاجران اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔اس پارکنگ کو شہری دفاع کے رضا کار چلائیں گے، مدینہ مارکیٹ کے اندر گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔مدینہ مارکیٹ کے اندر سی ایم ایچ روڈ سے حمام والی مسجد تک شٹل سروس شروع کر دی گئی ہے۔مدینہ مارکیٹ کے اندر مستقل طور پر رہائش پذیر افراد ہی مارکیٹ کے اندر ٹائم ٹیبل کے مطابق گاڑیاں لے جا سکیں گے۔ مدینہ مارکیٹ کے تمام رہائشیوں کو پاس جاری کئے جائیں گے جس کے پاس کارڈ ہو گا تو وہ گاڑی اندر لے جا سکے گا۔ مدینہ مارکیٹ سمیت شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے تاجران کو نوٹسز جاری کر دئے گئے ہیں۔ نوٹسز میں دی گئی معیاد کے بعد شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔سی ایم ایچ روڈ پر سڑک کے دونوں اطراف میں بھی ہر قسم کی پارکنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے خلاف ورزی پر نہ صرف گاڑی ضبط کی جائے گی بلکہ مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔ مدینہ مارکیٹ کے اندر قائم تما م پلازہ مالکان کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ نقشہ جات کے مطابق پلازوں میں پارکنگ اور پبلک واش رومز کا اہتمام کریں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی موثر کارروائی کی جائے گی اور سہولیات مہیا نہ کرنے والے پلازے سیل کر دیے جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان نے کہا کہ شہر کے اندر تبدیلیوں کا آغاز کر دیا ہے شہریوں اور تاجروں کی مشکلات کو مد نظر رکھ کر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔مدنیہ مارکیٹ کے اندر ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ہے، خریداری کے لیے آنے والوں کے لئے ریڈیو سٹیشن کالونی کی اراضی مختص کر دی گئی ہے اور یہ پارکنگ کسی ادارے کے سپرد نہیں کی گئی بلکہ اس کا انتظام و انصرام شہری دفاع کے رضا کار چلائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے ریڈیو کالونی کی جگہ پارکنگ کے لئے مختص کی گئی ہے اور باضابطہ منظوری لی گئی ہے۔ ہم ریڈیو پاکستان کے اعلیٰ حکام کے شکر گزار ہیں ان کی دلچسپی سے مظفرآباد شہر کا ایک بڑا اور دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔مسعود الرحمان کا کہنا تھا کہ شہر کے اندر تجاوزات کے خاتمے کے لیے مرحلہ وار بنیادوں پر آپریشن کیا جائے گا۔مدنیہ مارکیٹ سمیت شہر بھر میں دکانوں کے باہر جنہوں نے تجاوزات کر رکھی ہیں انھیں نوٹس جاری کئے گئے ہیں کہ وہ ازخود ہی تجاوزات کا خاتمہ کر دیں بصورت دیگر انتظامیہ پوری تیاری کے ساتھ آپریشن کرے گی۔دکان کے شٹر کے باہر کسی کو تھڑہ لگانے اور چھجہ نکالنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ مدینہ مارکیٹ سمیت شہر بھر میں قائم پلازوں کے مالکان کو متنبہ کر دیا گیا ہے کہ وہ قانون کے مطابق پلازوں میں پارکنگ اور پبلک واش رومز کا اہتمام کریں ایسا نہ کرنے والوں کے پلازے سیل کئے جائیں گے اس سلسلہ میں کسی کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔عثمان پلازہ کے باہر بھی گاڑیوں کے کھڑے ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سی ایم ایچ روڈ پر ٹریفک جام کا موجب بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔غیر قانونی پارکنگ پر نہ صرف گاڑی لفٹر کے ذریعے اٹھا لی جائے گی بلکہ ایسے افراد کے خلاف اب مقدمات بھی درج ہوں گے۔ اس سلسلہ میں موثر حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔ شہر کے اندر ٹریفک اور تجاوزات کے مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اہم مسائل کے حل کے لیے شہری اور تاجروں سے انتظامیہ اور شہری اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔

