آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس عبدالرشید سلہریا کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس عبدالرشید سلہریا کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے ہمیشہ ریاست کے مفاد میں کام کیا اور ساتھیوں کے تعاون سے آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن کی بنیاد رکھی۔ساتھیوں، آفیسران اور الیکشن کمیشن کی پوری ٹیم کے بھرپور تعاون سے 2021 کے انتخابات اور پھر آزاد کشمیر میں 31 سال کے بعد کامیاب انتخابات کا انعقاد کرایا۔ مجھے فخر ہے کہ انتخابات کے دوران کسی آفیسر پر بددیانتی اور بدعنوانی کی کوئی شکایت نہیں آئی۔ ہمیشہ الیکشن کمیشن کے مسائل نیک نیتی سے حل کئے۔ الیکشن کمیشن کے آفیسران اور ٹیم نے دلجمعی کے ساتھ کام کیا جس پر میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔آفیسران لگن اور نیک نیتی کے ساتھ الیکشن کمیشن کی بہتری کیلئے کام کریں۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے سابق سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج مظفرآباد سردار محمد غضنفر خان، سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان، الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود، الیکشن کمشنرز، الیکشن آفیسران، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسران اوراسسٹنٹ الیکشن آفیسران سمیت دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فعال بنانے میں ان سب کا کردار انتہائی شاندار رہا ہے۔ انہوں نے سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان اور ان کی ٹیم کا ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ ہمیشہ اپنی ٹیم پر اعتماد کیا اور ٹیم نے بھی کبھی مایوس نہیں کیا۔ تقریب سے سابق سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ فاروق نیاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ہمیں اپنی جمعیت میں یاد رکھا۔ 13 ویں ترمیم کے بعد جب آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا اس وقت موصوف سے شناسائی ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر کی جرات مندی اور اللہ پر پختہ یقین کی بدولت آزاد کشمیر میں سکیورٹی خدشات اور مالی بحران کے باوجود2021 کے انتخابات سمیت 31 سال بعد کامیاب بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن ہوا۔ الیکشن کمیشن کے آفیسران انتہائی باصلاحیت ہیں اور کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انتہائی دیانت، محنت اور ایمانداری سے بہترین کام کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریاست کی بہتری کیلئے عاجزی، دلیری اور جانفشانی سے اپنی خدمات سرانجام دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سردار محمد غضنفر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور سیکرٹری الیکشن کمیشن چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کا بھرپور تعاون اور اعتماد حاصل رہا جس کی بدولت کامیاب انتخابات کا انعقاد ممکن ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر انتہائی باہمت، باجرات اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ یہ ان کا ہم پر اعتماد تھا کہ 31 سال بعد کامیاب بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر ہم سرخرو ہوئے۔جس طرح آپ نے لگن، محنت اور نیک نیتی سے ریاست کے لئے اپنی خدمات دی اسی طرح اللہ آپ کی ماندہ زندگی میں کامیابی اور صحت عطا فرمائے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کو سابق سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سردار محمد غضنفر خان، سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان نے کامیاب سروس پر مبارکباد دیتے ہوئے شیلڈ پیش کی اور باقی ماندہ زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے آفیسران و ملازمین نے موصوف کو تحائف دے کر الوداع کیا۔ اس سے پہلے سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان نے تقریب کی نظامت کے فرائض سر انجام دئے اور تمام شرکاء کا تقریب آمد پر شکریہ ادا کیا۔ چیف الیکشن کمشنر کی بائیوگرافی اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موصوف نے قانون اور ضوابط کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے خدمات سر انجام دی۔الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریاکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام جسٹس ریٹائرڈ عبد الرشید سلہریا کے اعزاز میں الوداعی تقریب میں سابق سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج مظفرآباد سردار محمد غضنفر خان، سیکرٹری آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان، الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود، الیکشن کمشنرز، الیکشن آفیسران، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسران اور اسسٹنٹ الیکشن آفیسران، الیکشن کمیشن کے ملازمین و دیگر نے شرکت کی۔

Share This Post

More To Explore