صدر آزاد جموں و کشمیر، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں آج یوم حق خودارادیت کے موقع پر واضح اور دو ٹوک الفا ظ میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ کشمیری کسی صورت تقسیم کشمیر قبول نہیں کریں گے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں آج یوم حق خودارادیت کے موقع پر واضح اور دو ٹوک الفا ظ میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ کشمیری کسی صورت تقسیم کشمیر قبول نہیں کریں گے۔ اقوام متحدہ نے 5جنوری 1949ء کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا تھا اور کشمیری عوام کو یہ حق دیا تھا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔اقوام متحدہ کی اس قرارداد میں کشمیریوں کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ بھارت یا پاکستان کے ساتھ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں اور انشاء اللہ جلد ہی پورے کا پورا کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق کرے گا۔ لہذا عالمی برادری کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور پوری دنیا میں کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے آواز بلند کریں۔ میری مسئلہ کشمیر پر کمٹمنٹ بہت واضع ہے اور میں دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کرتا رہوں گا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے کشمیر ایشو کے حوالے سے بہت قربانیاں دی ہیں۔ آزاد کشمیر کے بھی چپے چپے پر قربانیوں کی داستان رقم ہے سبز علی خان اور ملی خان نے اپنی کھالیں کھچوا کر اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر کو سینچا ہے۔ ہم آج مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ملٹی پرپز ہال کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں 5جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پر کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیمینار سے سابق صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان، چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون، ممتاز کشمیری رہنماء ڈاکٹر غلام نبی فائی، برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین،،صدارتی مشیر سردار امتیاز خان، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماء شیخ متین،سردار ذوالفقارروشن، مرزا وجاہت رشید بیگ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے اپنی آزادی کی تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں اور آج جبکہ ہم یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں تو ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی تحریک میں ہم اُن کے شانہ بشانہ ہیں اور ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی بھارت کے غاصبانہ اور جابرانہ تسلط سے آزادی تک جاری و ساری رہے گی۔ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑے گی اور تحریک آزادی کشمیر انشاء اللہ جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت اب دنیا بھر میں بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے کیونکہ بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے جس کی مثال کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کا قتل ہے جس میں بھارت کے ملوث ہونے واضح اور ناقابل تردید شواہد کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کیے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیریوں کی مرضی کے مطابق کشمیرکا فیصلہ ہو نا چاہیے،مقبوضہ کشمیر کی عوام آج بھی قربانیاں دے رہے ہیں۔ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہمیں بین الاقوامی برادری اوراقوام متحدہ کو بھی یہ یاد دلانے کی ضرورت ہے،مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی ریاستی دہشت گردی کا مظلوم کشمیری مقابلہ کر رہے ہیں اورہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Share This Post

More To Explore