سابق وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی جانب سے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیش کردہ قراردادکو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔

سابق وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی جانب سے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پیش کردہ قراردادکو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔ راجہ محمد فاروق حیدرخان نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کا یہ اجلاس امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کے میزائل پروگرام کے حوالے سے ہندوستانی لابی کے زیر اثر غیر منصفانہ اور یکطرفہ اقدامات اٹھا کر برصغیر کے اندر طاقت کے توازن کو ایک بار پھر سے ہندوستان کے حق میں تبدیل کرنے کی کوشش قراردیتا ہے۔ پاکستان کا یہ پروگرام صرف اپنے دفاع اور ہندوستان کے مذموم مقاصد کو روکنے پر منحصر ہے۔ جس حوالے سے دنیا کو پاکستان کی ان مشکلات کا ادراک بھی ہے لیکن بدقسمتی کے ساتھ امریکی حکومت پاکستان کی اس دفاعی حکمت عملی کو جارحانہ حکمت عملی قرار دیتے ہوئے اپنے لئے بھی خطرہ قرار دے رہی ہے جو کہ سراسر غلط فہمی اور ہندوستانی لابی کے زیر اثر رہ کر اس قسم کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کا یہ اجلاس کشمیری عوام کی جانب سے پاکستان کے عوام اور حکومت کو یقین دلاتا ہے کہ وہ ہندوستان کے کسی بھی جارحانہ عزائم کے خلاف کشمیری عوام کو اپنے شانہ بشانہ پائیں گے اور یہ توقع رکھتا ہے کہ پاکستان کی حکومت اس حوالے سے وہ تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی جس سے امریکہ کی غلط فہمی دور ہوسکے اور اپنے دفاع کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ خطے میں ہندوستان کو تھانیدار بنانا چاہتا ہے صرف پاکستان راستے کی رکاوٹ ہے ۔پاکستان کے اندر تخریب کاری میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے

مظفرآباد( پی آئی ڈی)26دسمبر2024

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جمون وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی ۔ وزیر اطلاعات نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ مولانا عمر فاروق کو مسلسل کئی ہفتوں سے نظربند رکھنے اور نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس کو دینی معاملات میں صریح مداخلت قرار دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ ہندوستان کی ا ن مکروہ حرکتوں کی وجہ سے کشمیر کی مظلوم عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اب عوام کو شہداء کے گھر تعزیت کے لئے جانے پر سے روکا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ایوان انسانی حقوق کے اداروں کے ضمیر کو جھنجوڑنے کے ساتھ ساتھ مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے معاملات سے مودی سرکار کو روکے اور اگر بھارت اقلیتوں پر ظلم سے باز نہیں آتا تو یہ ایوان عالمی دنیا سے بالخصوص مسلم ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہندوستان کا ہر سطح پر معاشی بائیکاٹ کیا جائے۔

مظفرآباد( پی آئی ڈی)26دسمبر2024

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفقہ سوالات کے دوران قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کے سوال پر وزیر صحت نثار انصرابدالی نے ایوان کو بتایاکہ اس وقت آزادکشمیر کے کسی بھی ہسپتال میں پلاسٹک سرجن کی آسامی منظورشدہ نہ ہے۔آزادکشمیر کے بذیل ٹیچنگ ہسپتال ھاء وDHQہسپتال کے لئے پلاسٹک سرجن کی آسامیوں کی تخلیق کے لئے تجویز جنرل ہیلتھ پیکج میں شامل ہے اور محکمہ مالیات نے آسامیوں کی تخلیق کے لئے مالیاتی رضامندی دے دی ہے جس کے مطابق آسامیوں کی باقاعدہ تخلیق عمل میں لائی جاکر کر پلاسٹک سرجن کی آسامیوں کے خلاف تقرری کی کارروائی کی جائے گی۔ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور۔عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز مظفرآباد۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان (سی ایم ایچ ) مظفرآباد۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان (سی ایم ایچ ) راولاکوٹ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال( Burnسینٹر)کوٹلی شامل ہیں ۔ قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کے ایک اور سوال پر وزیر صحت عامہ نثارانصرابدالی نے کہاکہ سی ایم ایچ مظفر آباد میں قبل از زلزلہ 08اکتوبر2005ء سے قبل شعبہ خواتین محترمہ فاطمہ جناح کے نام سے منسوب تھا جس کا نام فاطمہ جناح فیملی وارڈ تھا اس شعبہ میں گائنی وارڈ ،چلڈرن وارڈ ،فیملی میڈیکل اور فیملی سرجیکل وارڈ شامل تھے۔08اکتوبر 2005ء کے ہولناک زلزلہ کے باعث سی ایم ایچ مظفر آباد کا جملہ infrastrucureبشمول فاطمہ جناح فیملی وارڈ مکمل طو ر پر تباہ ہو گئے تھے ۔ وارڈ کے لیے اخراجات کی تفصیل کا کوئی ریکارڈ ادارہ ہذا میں موجود نہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت UAEکے مالی تعاون سے زلزلہ کے بعد CMHمظفر آباد کی تعمیر نو کی گئی اور ادارہ کا نام SKBZ Hospitalسی ایم ایچ مظفر آباد رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت وقت اگر مناسب سمجھے تو شعبہ گائنی اطفال کو حسب سابق محترمہ فاطمہ جناح کے نام سے منسوب کرنے کا حکومتی فرمان جاری کیئے جانے کی منظوری صادر فرما سکتی ہے ۔

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے دارلحکومت مظفرآباد میں ہسپتال کے لیے اسوقت تین لاکھ روپے دیے تھے اور ان کے نام سے زلزلہ سے قبل سی ایم ایچ کے ساتھ علیحدہ ہسپتال قائم تھاجو زلزلہ میں تباہ ہوگیا ۔ انہوں نے کہاکہ میں اپنی کوتاہی سمجھتا ہوں کہ وزیراعظم رہا لیکن اس ہسپتال کو دوبارہ بحال نہ کر سکتا ۔ حکومت اس ہسپتال کو دوبارہ بنا کر کریڈٹ لے سکتی ہے ۔ جس پر موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے کہاکہ ہم اس حوالے سے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے ۔

مظفرآباد( پی آئی ڈی)26دسمبر2024

وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا میزائل پروگرام پوری امت مسلمہ کا اعزاز ہے ۔ میزائل پرگرام کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ وزیراطلاعات نے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کا شکرگزارہوں کہ انہوں نے اس اہم ترین معاملے پر قرار داد لائی ۔ ہر شخص کو اپنی جان مال عزت و آبرو کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے ۔قرآن کریم اور نبی رحمت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے بھی اپنے دفاع کیلئے تیاری کا حکم دیا ہے ۔وزیرقانون ، انصاف و پارلیمانی امور میاں عبدالوحیدنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹونے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی جبکہ میزائل ٹیکنالوجی کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شروع کیا۔وزیر حکومت پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ۔ قرارداد پر بحث میں قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد ،سابق وزیراعظم سردارعبدالقیوم نیازی ، سردارحسن ابراہیم نے بھی حصہ لیا اور کی حمایت کی ۔

مظفرآباد( پی آئی ڈی)26دسمبر2024

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے ممبر اسمبلی چوہدری محمد رفیق نیئر نے قائد ایوان کی توجہ یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے آزادکشمیر کے شہریون کو معاوضہ جات کی ادائیگی کے معاملے کی جانب مبذو ل کروائی جس پرقائد ایوان چوہدری انوارالحق نے کہاکہ اس حوالے سے تاخیر ہوئی ہے لیکن حکومت اپنی کمٹمنٹ پوری کریگی اور معاوضہ جات دیے جائیں گے ۔

Share This Post

More To Explore