مظفرآباد شہر کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار،نیشنل ھائی وے اتھارٹی، ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد،، محکمہ شاہرات اور میونسپل کارپوریشن مل کر آئندہ چند روز میں مہم شروع کرینگے

مظفرآباد شہر کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار،نیشنل ھائی وے اتھارٹی، ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد،، محکمہ شاہرات اور میونسپل کارپوریشن مل کر آئندہ چند روز میں مہم شروع کرینگے۔تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری آزادکشمیر خوشحال خان کی ہدایت پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی شاہد ایوب نے بلدیہ کے دفتر میں مئیر میونسپل کارپوریشن سید سکندر گیلانی سمیت دیگر منتخب وارڈ کونسلرز اور محکمہ لوکل گورنمنٹ اور میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ آفیسران اور اہلکاران سے میٹنگ کرتے ہوئے دارلحکومت کی صفائی کے عمل کو بہتر اور تیز کرنے کے لیے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کی اس مہم میں دیگر محکمہ جات کے علاوہ، مظفراباد شہر کی کمیونیٹیز، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کیا جائیگا تاکہ گھر کی سطح پر آگاہی پہنچ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے شہر کے سالڈ ویسٹ کے لیے چھتیس کروڑ مالیت کا پراجیکٹ منظور کیا ہے، جس سے حکومتی ترجیحات واضح ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ چند روز میں شہرسے غیر ضروری بینرز اور پوسٹرز ہٹا دئیے جائیں۔ اور تمام دوکاندار حضرات کو بھی اپنی اپنی دوکانوں کی تزہین و آرائش کے لیے ضروری گائیڈ لائنز فراہم کی جائیں۔مئیر میونسپل کارپوریشن سکندر گیلانی نے کہا کہ مظفرآباد شہر کی صفائی بلدیہ کے علاوہ تمام شہریوں کی بھی زمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ ہم پلاسٹک بیگز کے بجائے کپڑے کے بیگ کے کلچر کو فروغ دینگے تاکہ مستقبل میں بھی اس پلاسٹک کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کونسلرز اپنی اپنی وارڈز میں اس مہم کو لیڈ کرینگے۔

Share This Post

More To Explore