صدرریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے مقصد کے لیے جدوجہد کی جہاں انہیں مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ معاشی و سماجی ترقی کے گرانقدر مواقع ملیں۔ قائد اعظم نے علامہ اقبال کے خواب کی تعبیرمسلمانوں کو دی اور انہیں ایک ایسا آزاد ملک دیا جہاں اُن کے آنے والی نسلیں آزاد فضاؤں میں سانس لے سکیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح مسلمانوں کے عالمی رہنماء، عظیم قانون دان اور تاریخ ساز شخصیت تھے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے بر صغیر کے مسلمانوں کو دو قومی نظریے سے روشناس کرایا اور 23مارچ1940ء کوقرارداد پاکستان منظور کروا کر برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لئے بھرپور جدوجہد شروع کر دی۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کشمیر کو پاکستان کے لئے انتہائی ناگزیر سمجھتے تھے اس لئے انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔ انہوں نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کھلے لفظوں میں حمایت کی اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی یہ دلی خواہش تھی کہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزادہو کر پاکستان کا حصہ بنے۔
نیوز:02
اسلام آباد( )25دسمبر 2024ء
صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کرسمس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کرسمس کے موقع پر میں پاکستان اور آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں بسنے والی مسیح برادری کو کرسمس کی خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کرسمس کا تہوار دنیا بھر میں امن، محبت، اخوت، برداشت اور ایثار کا نام ہے۔ ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے انہی اقدار کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ ہمارے معاشرے میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو ہر طرح کے حقوق حاصل ہیں۔ یہاں ہر شخص کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ آئین پاکستان اقلیتوں کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ہمارے معاشرے میں مسیح برادری نے ملک و قوم کی اقتصادی و سماجی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہماری حکومت مسیح برادری سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں مسیح برادری سمیت دیگر تمام اقلیتوں کے ساتھ انتہائی متعصبانہ اور ظالمانہ سلوک کیا جاتا ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں اقلیتوں پر کیے جانے والے مظالم آئے روز ہمارے سامنے آتے ہیں۔ مودی حکومت کے دور اقتدار میں یہ مظالم تمام حدیں پار کر چکے ہیں۔ مودی حکومت ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے تو دوسری طرف بھارت کے اندر اقلیتوں کو ظلم و جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے خاص کر بھارتی ریاست منی پور میں گزشتہ سال مسیح برادری پر بہت مظالم ڈھائے گئے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ کرسمس کے موقع پر ہم اس عہد کی ایک مرتبہ پھر تجدید کرتے ہیں کہ ہم مسیح برادری سمیت دیگر تمام اقلیتوں کے تمام حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

