وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کو بھی کام کےدوران بے پناہ مشکلات دیکھنا پڑتی ہیں، رنگ نسل ، علاقہ اور برادری ازم کے بت کو دفن کر کے میرٹ پر کام کیا ہے ،20 ماہ میں بہت بحران دیکھے ہیں

وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کو بھی کام کےدوران بے پناہ مشکلات دیکھنا پڑتی ہیں، رنگ نسل ، علاقہ اور برادری ازم کے بت کو دفن کر کے میرٹ پر کام کیا ہے ،20 ماہ میں بہت بحران دیکھے ہیں ، گزشتہ پندرہ دنوں میں متعدد بار سنا کہ میں آرہا ہوں ، میں جارہا ہوں ، یہ شہر اقتدار کا مزاج ہوتا ہے ، گفتگو آپ کے جانے کے بعد ہوتی ہے ، دین کہتا ہے کہ منصب کو بلائے طاق رکھ کر جرآت کے ساتھ کام کیا جائے ،سابق چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داؤد محمد بڑیچ کے دور میں ہمیں بے پناہ چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا موقع ملا ، خوشی ہے کہ جس دلیری سے داؤد محمد بڑیچ نے کام کیا اس کی مثال بہت کم ملتی ہے، ہمیں سٹیٹس کو کو رد کرنا ہوگا ، داؤد محمد بڑیچ خوبصورت یادیں چھوڑ کر جارہے ہیں ، منصب سے ہٹ کر بھی ان کے ساتھ ایک رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا ۔ ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے پندرہ ماہ کی تعیناتی میں ایک فائل پر ایک نقطہ بھی اختلاف کا نہیں ، میں نے نوٹنگ کا ریکارڈ مرتب کروا دیا ہے ، قانون کی حکمرانی کے لیے کام کیا ہے ، اعتماد کا رشتہ ہے ، نو تعینات چیف سیکرٹری ریٹائرڈ فلائیٹ لیفٹیننٹ خوشحال خان بھی اچھی شہرت کے حامل آفیسر ہیں. آمدہ انتخابات سے قبل ڈلیور کرنا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نےمظفر آباد میں سابق چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داؤد محمد بڑیچ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا ۔ تقریب میں سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ، موسٹ سنئیر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد انور ، ڈپٹی سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض ، وزراحکومت پیر محمد مظہر سعید شاہ ، چوہدری محمد ارشد ، سردار محمد حسین ، نثار انصر ابدالی ، چوہدری اظہر صادق ، جاوید بٹ ، چوہدری محمد اخلاق ، چوہدری قاسم مجید ، سردار جاوید ایوب ، چوہدری محمد اکبر ابراہیم ، ملک ظفر اقبال ، چوہدری یاسر سلطان ، محمد اکمل سرگالہ ، پروفیسر تقدیس گیلانی ، محترمہ امتیاز نسیم ، مشیر حکومت صبیحہ صدیق سابق چیف سیکرٹری داؤد محمد بڑیچ ، چیف سیکرٹری آزادکشمیر ریٹائرڈ فلائیٹ لیفٹیننٹ خوشحال خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل محترمہ مدحت شہزاد ، سیکرٹری مالیات اسلام زیب اور سیکرٹری صاحبان حکومت سمیت دیگر نے شرکت کی ۔وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ سٹیٹس کو سے ٹکرانے سے مشکلات آئی ہیں ۔ اجتماعی المیہ ہے کہ جو ہم کہتے ہیں سو فیصد اس کے مغائر کرتے ہیں ۔ بدترین بحران ہم نے دیکھے ، پریشر میں کام کرنا دنیا کا مشکل ترین کام ہے ، لیڈر شپ کو کام کی قیمت چکانا پڑتی ہے ۔ چیف سیکرٹری داؤد محمد بڑیچ خوش قسمت انسان ہیں جو یہاں سے خوبصورت یادیں لے کر جارہے ہیں ۔ اب سوشل میڈیا کا دور ہے دنیا کی کوئی چیز نہیں چھپائی نہیں جاسکتی ، اگر ہم رائٹ ٹو انفارمیشن بل پاس کررہے تو پھر انفارمیشن کو چھپایا نہیں جاسکتا ،یہاں کسی نے نہیں رہنا ، ہم سب نے چلے جانا ہے ، یہ داستان غم سب کے ساتھ گزرے گی ، قبرستان ناگزیروں سے بھرے پڑے ہیں باقی رہ جانے والی چیز کریکٹر ہوتی ہے ، جب بھی پارلیمانی تاریخ کا نام آئے گا سردار خالد ابراہیم جیسے لازوال کریکٹر کا نام سامنے آتا رہے گا ۔ایسے لوگ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داؤد محمد بڑیچ نے تقریب کے انعقاد پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا ۔ انھوں نے کہا کہ پندرہ مہینے یہاں خدمت کا موقع ملا ، مشکل گھڑی میں کابینہ ، موسٹ سنئیر وزیر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھرپور معاونت کی ۔ پبلک سرونٹ ہونا عوام کی خدمت کرنا ہے ، سیکرٹری صاحبان نے امور کی انجام دہی میں بھرپور معاونت کی ۔ تہہ دل سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ حکومت آزادکشمیر کے ساتھ زبردست ٹرسٹ کا ریلیشن رہا ہے ، وزیراعظم آزادکشمیر کی لیڈر شپ میں درینہ مسائل حل کیے ۔ کشمیر کونسل کے جملہ مسائل حل کیے ، خوشی اس بات کی ہے رٹھوعہ ہریام پر کام کو دوبارہ شروع کروایا ہے ، مشاورت سے ایف ڈبلیو او کے ساتھ کنٹریکٹ کرنا اور منصوبہ میں خطیر رقم کی بچت کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس ٹیم میں ٹرسٹ اور ریسپیکٹ ہو وہ ٹیم کام بہترین انداز میں کام کرتی ہے ۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق ، موسٹ سنئیر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل محترمہ مدحت شہزاد کی جانب سے سابق چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داؤد محمد بڑیچ کو تحائف اور شیلڈز بھی دی گئیں ۔

Share This Post

More To Explore