سفیر کشمیر آزاد کشمیر کے وزیراطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ کی ترکیہ میں کشمیر مہم جاری۔استنبول میں علماء فلسطین کے صدر ڈاکٹر شیخ نواف تکروری اور ڈائریکٹر برج آف سویلائزیشن ڈاکٹر احمد خالد سے ملاقات۔ مسئلہ کشمیر اورمسئلہ فلسطین کو ایک ساتھ دنیا کے سامنے لانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر اور غزہ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیر اطلاعات نے دونوں رہنماؤں کو کشمیر، پاکستان اور فلسطین کے پرچم بھی پہنائے۔
فلسطین کے صدر ڈاکٹر شیخ نواف تکروری اور ڈائریکٹر برج آف سویلائزیشن ڈاکٹر احمد خالد نے کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔ وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہرسعید شاہ نے ھئیہ علماء فلسطین کے صدر ڈاکٹر شیخ نواف تکروری اور ڈائریکٹر برج آف سویلائزیشن ڈاکٹر احمد خالد کو کشمیر کے دورے کی دعوت دی جس کو انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ جلد وہ بین الاقوامی وفد کے ساتھ کشمیر کا دورہِ کریں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علماء فلسطین کے صدر ڈاکٹر شیخ نواف تکروری اور ڈائریکٹر برج آف سویلائزیشن ڈاکٹر احمد خالدکا کہنا تھا کہ اہل فلسطین کا ذکر ہو یا کشمیر کا شہداء اور غازیوں کی طویل تعداد آنکھوں کے سامنے آ جاتی ہے۔ اہل پاکستان اور کشمیریوں نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی حمایت کی ہے۔ کشمیر ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے۔ کشمیر اور فلسطین کے عوام کا دکھ ایک جیسا ہے۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ مسلمانوں کی فلسطین سے عقیدت بہت زیادہ ہے۔ ایک ناجائز ریاست اسرائیل نے فلسطینیوں کے تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ انشاء اللہ مل کر فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ اجاگر کریں گے۔

