صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف کوٹلی کے پانچویں کانووکیشن کی بحیثیت چانسلر صدارت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور میں آج کی اس پروقار تقریب میں تمام گریجویٹس کو اُن کے تعلیمی کیرئیر میں ایک اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ گولڈ میڈل جیتنے والے طلباء و طالبات کو بھی مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے ایک نمایاں مقام حاصل کیا اور یقینا آپ نے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ اس موقع پر میں اُن قابل فخر والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے آپ کو مالی طور پر سپورٹ کیا اور آپ آج اس مقام تک پہنچے۔تمام فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات کے لئے یہ ایک ایسا موقع ہے کہ اب آپ اپنے متعلقہ شعبہ میں ماہر ہیں اور اپنا پیشہ وارانہ سفر شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔ میں اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی اور اساتذہ کو بھی خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ ان کی محنت، لگن اور عزم کے بغیر آپ لوگوں کی کامیابی ممکن نہ تھی۔ آپ جب اپنی زندگی کا پیشہ وارانہ سفر شروع کریں گے تو آپ کو بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن مجھے یقین ہے کہ یونیورسٹی آف کوٹلی نے آپ کو بہترین لچک، عزم اور عمدگی کے ساتھ ان تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کیا ہے۔ آپ کی قابلیت اور خود اعتمادی ہی آپ کی زندگی میں مزید کامیابی کی بنیاد بنے گی۔ اس کانووکیشن کے شاندار موقع پرہمیں 31گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو گولڈ میڈل دینے اور 1463نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباوطالبات کو ڈگریاں دینے پر بے حد خوشی اور فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کوٹلی یونیورسٹی کے پانچویں کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے آزادکشمیر بھر میں اساتذہ کی بھرتی میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے۔آزادکشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے ہم بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہیں کیونکہ بھارت نے کشمیریوں کا بنیادی حق خودارادیت زور بازو دبایا ہوا ہے اور بھارت کشمیریوں کو اُن کا حق دینے سے گزشتہ 77سالوں سے انکاری ہے۔میں اس موقع پر کشمیر کے اُن شہداء اور آزادی کی جنگ لڑنے والے نوجوانوں کا ذکر کروں گا جنہوں نے بھارت کے ظلم و جبر کے باوجود آزادی کی جدوجہد کو جاری و ساری رکھا ہوا ہے اور ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر کے بھارتی تسلط سے آزادی تک جاری رہے گی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ یونیورسٹی آف کوٹلی میں قبلہ حضرت صاحب گلہار شریف طلباء و ملازمین کے روحانی فائدے کے لئے 5کنال کے رقبہ پر مسجد کی تعمیر کر رہے ہیں اور مسجد کی تعمیر پر اٹھنے والے تمام اخراجات آستانہ عالیہ گلہار شریف برداشت کرے گا جس پر ہم قبلہ حضرت صاحب گلہار شریف کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن میں غربت، دہشت گردی، توانائی کی قلت، صاف پانی اور ناخواندگی جیسے مسائل شامل ہیں۔ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کا سنگ بنیاد ہے آزادکشمیر حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے لئے پر عزم ہے اور معیار تعلیم کو بہتر کرنے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں جامعہ کوٹلی، گریجویٹس اور اُن کے والدین اور معزز اساتذہ اور انتظامیہ کو کامیاب کانووکیشن منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں آخر میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان اور یونیورسٹی انتظامیہ کو کانووکیشن کے کامیاب انعقاد کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہاتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان کی قابل قیادت میں جامعہ کوٹلی آنے والے سالوں میں مزید ترقی کی منازل طے کرے گی۔


