وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے کہاہے کہ ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے قیدیوں کے فرار کے معاملہ میں سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے

وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے کہاہے کہ ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے قیدیوں کے فرار کے معاملہ میں سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق اول روز سے واقعہ کو قریب سے دیکھ رہے ہیں. غاز ی شہزاد کے معاملہ کو اچھال کر وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف بے بیناد پروپیگنڈہ کرنا افسوسناک امر ہے ۔ عدالتوں میں زیر کار مقدمات پر احکامات کی اجرائیگی اور ملزمان کی منتقلی عدالتی معاملہ ہوتاہے اور غازی شہزاد کے حوالے سے معاملہ پر واضح عدالتی احکام بھی موجود ہیں۔ عدالت میں زیر کارمقدمات میں وزیر اعظم سمیت کوئی بھی ایگزیکٹو اتھارٹی حکم جاری نہیں کر سکتی۔سیکورٹی لیپس اورملزمان کے فرار کے معاملہ میں انتظامیہ کی جانب سے برتی گئی ہر طرح کی لاپرواہی کے حوالہ سے حقائق کے تعین کی غرض سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی تحریک کر دی گئی ہے۔حکومت پر مثبت تنقید ہر صحافی کا حق ہے۔پوائنٹ سکورنگ سے ہیجان پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔مخالفت برائے مخالفت کسی طور درست نہیں۔پیشہ ورانہ اور تحقیقی صحافت معاشرے میں مثبت تبدیلی لاتی ہے ۔وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ راولاکوٹ واقعہ میں فرارہونے والوں میں شامل غازی شہزاد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات عدالتوں میں زیر کار ہیں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر غازی شہزاد کی انسداد دہشت گردی عدالت راولاکوٹ سے انسداد دہشت گردی عدالت میرپور میں منتقلی کی درخواست محکمہ داخلہ کی جانب سے ہائیکورٹ میں پیش بھی کی گئی تھی ۔اس اثنا میں معزز عدالت عالیہ نے بروئے حکم مجریہ 15.06.2024 غازی شہزاد کا مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت راولاکوٹ سے انسداد دہشت گردی عدالت میرپورمنتقل کر دیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولاکوٹ میں متذکرہ مقدمہ کی تاریخ پیشی 27.06.2024مقررتھی۔ 27.06.2024کو ملزمان کی عدالت میں پیشی پر پراسیکیوٹنگ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نے درخواست پیش کی کہ ملزمان کی منتقلی کے بارے میں حکم مناسب فرمایا جائے۔ اس اثنا میں انسداد دہشت گردی عدالت راولاکوٹ نے درخواست پر حکم صادر کیا کہ ملزمان کی منتقلی کا بندوبست ہونے تک انہیں بند جوڈیشل حوالات راولاکوٹ رکھا جائے۔عدالت متذکرہ بالا نے ڈاکٹ جاری کیا کہ ملزمان کو مورخہ 10.07.2024 روبرو عدالت پیش کیا جائے۔ انھوں نے کہاکہ زیر کار مقدمات پر احکامات کی اجرائیگی اور ملزمان کی منتقلی عدالتی معاملہ ہے اور اس پر واضح عدالتی احکام موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ غازی شہزاد کے معاملہ میں 2 دیگر پٹیشنر بھی کیس میں موجود ہے اگر معاملہ میں غازی شہزاد کی طرف سے کسی منصوبہ بندی کا عنصر موجود ہوتا تو دیگر دو پٹیشنر بھی صورت حال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے اور فرار ہو جاتے۔ اسی طرح باقی 18 مفرور ملزمان کی منتقلی کا معاملہ تو زیر غور نہ تھا. بے جا پروپیگنڈہ زرد صحافت کو ظاہر کرتا ہے۔ حقائق کے برخلاف بے بنیاد بیانیہ لوگوں میں ہیجانی کیفیت پیدا کرتا ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا ہےکہ معاملہ کو وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے ساتھ جوڑنا سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے علاوہ کچھ نہیں۔ حکومت پر مثبت تنقید ہر صحافی کا حق ہے مگر قومی سلامتی اور عدالتوں میں زیر کار معاملات پر سیاسی پوائنٹس سکورنگ اور بعض صحافیوں کے بے بنیاد الزامات پیشہ ورانہ صحافت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ ذمہ داران کے خلاف تحت ضابطہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے

Share This Post

More To Explore