اسلام آباد (پی آئی ڈی ) 6 ستمبر 2023
آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان ہماری فتح کا دن ہے جس کو جوش و جذبے سے منا کر پوری قوم وطن عزیز کے دفاع کا عزم کرنے کے ساتھ ساتھ ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے مادر وطن پر اپنی جان نچھاور کر کے اس کا حق ادا کیا۔آج ہم ان تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے میدان جنگ سے لیکر گلی کوچوں تک اپنے وطن کا دفاع کیا۔پاکستان وہ پودا ہے جسے شہیدوں نے اپنے خون سے سینچا ہے ۔تاریخ عالم میں کچھ قربانیاں ایسی ہیں جن کی کسی پیمانے سے پیمائش نہیں کی جا سکتی اور ایسی ہی قربانیاں کشمیری سبز ہلالی پرچم کی محبت میں مسلسل دے رہے ہیں سلام ہے ان ماوں پر جنہوں نے دھرتی کو ایسے بیٹے دئیے،ان بہنوں کو جنہوں نے اس دھرتی کو اپنے بھائی دئیے،ایسے بھائیوں کو جن کے بھائی اس پاک وطن پر قربان ہو گئیے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار یوم دفاع کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے کیا ۔انہوں نے کہا کہ نشان حیدر کے حامل پاک فوج کے عظیم شہداء ہمارا فخر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ایثار و قربانی کی ایسی لازوال داستانوں کو جنم دیا جو ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہیں۔انہوں نے کہا کہ جذبہ ایمانی وہ طاقت ہے جو ہر مرتبہ ہماری افواج کو مشکل اور پریشانی کے سامنے چٹان کی طرح کھڑا کر دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس مرتبہ یوم۔دفاع و شہداء کو بھرپور جوش و جذبے سے منانے کی ہدایت کی اور بیرون ملک کشمیریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پورے اہتمام سے اس دن کو منائیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ تبارک و تعالی کا بہت بڑا انعام ہے اس ملک کی قدر اور اس کی قیمت ان سے جانیں جو ابھی تک آزادی سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کے خلاف بھارت کی سازشیں اب عیاں ہیں بھارت نے پہلے دن سے ہی ہمیں تسلیم نہیں کیا اور آئے روز ہمارے خلاف سازشوں میں مصروف ہے ،کبھی آبی جارحیت کی صورت،کبھی سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں کے ذریعے ۔انہوں نے کہا پاکستانی قوم،مسلح افواج پاکستان نے ہر موقع پر ایک ہو کر پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنایا اور دشمنوں کو شکست فاش دی ۔انہوں نے کہا کہ لانس نائیک سیف علی جنجوعہ سے لیکر سپاہی مقبول حسین تک پاکستان کے دفاع میں کشمیری پہلی صف میں کھڑے رہے اور انشاءاللہ ہمیشہ پہلی صف میں ہی ملیں گے ۔انہوں نے کہا سبز ہلالی پرچم ہمیں اپنی جان سے پیارا ہے یہ جب لہراتا ہے اور اپنی پوری آب و تاب سے جگمگاتا ہے تو کشمیریوں کے چہرے جگمگاتے ہیں۔وزیراعظم نے یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا تقاضا ہے کہ ہم ایک ہو کر آگے بڑھیں اور وسیع تر مفاد میں چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظرانداز کر دیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں یوم۔دفاع جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے جس کا مقصد نئی نسل کو وطن عزیز کیلیے دی جانی والی قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے ۔انہوں نے اس موقع پر شہداء پاک فوج ،شہداء پاکستان اور شہداء کشمیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا

