صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جہاں دنیا بھر کے مختلف حصوں میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی کو اُجاگر کیا جائے گا

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جہاں دنیا بھر کے مختلف حصوں میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی کو اُجاگر کیا جائے گا میں اس موقع پر دنیا کی تمام انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں سے یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ کیا آج جتنی انسانی حقوق کی پامالی مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہے اتنی شاید ہی دنیا کے کسی حصے میں ہو رہی ہو۔ لیکن عالمی سطح پر اس کے خلاف اُس طرح سے آواز نہیں اُٹھائی جا رہی ہے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت دیگر انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے اداروں سے کہوں گا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں معروف مفکر و مصنفہ ندا جمال سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر مزید کہا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریشہ دوانیوں میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی اس کا نوٹس لے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے باز رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور بھارت پر اقتصادی پابندیاں لگائی جائیں تاکہ بھارت جو مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ظلم و بربریت جاری رکھے ہوئے ہے اُسے رکوانے میں مدد مل سکے۔ مودی سرکار نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ خود بھارت میں بھی اقلیتوں پر انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیوں میں ملوث ہے جس طرح پچھلے دنوں بھارتی ریاست منی پور اور دیگر حصوں میں مسلمانوں، عیسائیوں، سکھوں، دلت اور دیگر اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اُس سے بھارت کوخود کو دنیا کی سب سے بڑی سیکولر اسٹیٹ کہتے ہوئے شرم تو آتی ہو گی۔لہذا عالمی برادری بھارت کو اُس کے مکروہ عزائم سے باز رکھنے کے لئے اپنا رول ادا کرے اور مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔

Share This Post

More To Explore