اسلام۔آباد (پی آئی ڈی) 10 جولائی 2023
آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ سابق صدر و وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان ایک زیرک اور دانشمند رہنماء تھے۔ ڈوگرہ راج کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے والوں کی قیادت کرنا ان کا بڑا کارنامہ ہے جس کی وجہ سے خطہ آزاد ہوا۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار مجاہد اول کی برسی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخصیات ہمارا اثاثہ ہیں اور نوجوان نسل کو ان شخصیات کی زندگیوں کا مطالعہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا آزادکشمیر میں رواداری اور برداشت کا جو کلچر موجود ہے اس میں کے ایچ خورشید، سردار ابراہیم خان،سردار عبدالقیوم خان،چوہدری صحبت علی،راجہ ممتاز حسین راٹھور،راجہ حیدر خان، جیسے قائدین کا بڑا کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ مجاہد اول سیاست میں ایک اکیڈمی کی حیثیت رکھتے تھے۔انہوں نے سیاست میں شائستگی،متانت اور رواداری کو متعارف کرایا۔انہوں نے سردار عبدالقیوم خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ آزادحکومت کو با اختیار بنانے میں دیگر کے علاوہ مجاہد اول کا کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے ہر شعبہ زندگی میں اہم کارنامے انجام دئیے،وہ ایسی شخصیت تھے جن سے ہم نے بہت کچھ سیکھا۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا بہت خیال رکھتے تھے ا ور وسیع البنیاد مشاورت کرتے تھے، سردار عبدالقیوم خان کی شخصیت کئی اوصاف کا نمونہ تھی، وہ ایک نظریاتی شخصیت تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا سیاسی،مذہبی اور روحانی سفر بہت متاثر کن ہے ان کا کردار قومی سیاست میں بھی انتہائی نمایاں تھا۔

