جہلم ویلی (پی آئی ڈی) مورخہ 27 مئی 2023,
پاک فوج اور سول انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے جہلم ویلی میں سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے علاوہ مقامی آرٹس و کلچر کو پروموٹ کیا گیا۔ اس فیسٹیول میں مقامی لوگوں کے علاوہ سول و عسکری عہدیداران اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر عثمان چاچڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیف سیکرٹری کا فیسٹیول کی اختتامی تقریب آ مد پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور بچوں نے گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری اور بریگیڈ کمانڈر جہلم ویلی نے بچوں کے ہمراہ ہوا میں غبارے اڑا کر اختتامی تقریب کا آغاز کیا۔ سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کی اختتامی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت خوانی سے کیا گیا۔ بعد میں قومی ترانہ اور آزاد کشمیر کا ترانہ بجایا گیا۔ فیسٹیول میں مختلف کھیلوں اور کلچرل شو کا انعقاد کیا گیا جس میں کرکٹ، والی بال، بیڈمنٹن، ٹگ آف وار، ایتھلیٹکس، 400 میٹر ریس، ڈاگ اینڈ کیٹل شو، فوڈ کلچرل اینڈ ہینڈی کرافٹس سٹالز، میراتھن ریس، رسہ کشی، اور میوزیکل چیئر کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف قسم کے سٹالز کے ذریعے کشمیری ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری عثمان چاچڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بہت بڑا پوٹینشل موجود ہے یہاں کے سٹوڈنٹس بچوں اور نوجوانوں میں جس چیز کی ضرورت ہے وہ میرٹ ہے اور یہ میرٹ ذات برادری سے ہٹ کر ہونا چاہیے جس میں جتنا پوٹینشل اور جو کسی چیز کا مستحق ہو اس حساب سے اسے ملنا چاہیے۔ میرٹ کو پروموٹ کرنے سے ہی یہ خطہ ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حقوق اور فرائض لازم و ملزوم ہیں اور کسی کو اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے میں کوتاہی نہیں برتی چاہیے۔ سرکاری ملازمین خواہ جس بھی ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھتے ہوں انہیں اپنے کام کی انجام دہی میں دیانتداری اور خلوص کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا میں اس موقع کی مناسبت سے سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ اپنی ڈیوٹی اور کام میں جزبہ، ایمانداری اور دیانت داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کامیاب فیسٹول کے انعقاد پر پاک فوج اور سول انتظامیہ اور دیگر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جہنوں نے اس طرح کی ایکٹویٹی کا انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا میں پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں فوج ہماری ہے اور ہم فوج کے ہیں ہمارا مقصد ایک ہی ہے کہ ہم آ زادی سے زندگی گزار سکیں انہوں نے مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ آخر میں سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کے تمام سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سمال انڈسٹری وجاہت رشیدبیگ، سیکرٹری ٹیوٹا رزاق ندیم خان بریگیڈ کمانڈر جہلم ویلی ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید فدا حسین کاظمی اور دیگر فوجی آ فیسران کے علاوہ ضلعی انتظامیہ ضلعی آ فیسران پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ مختلف سکولوں کے طلباء وطالبات اور عوام علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
٭٭٭٭٭٭

