صدر آزاد جموں و کشمیر،چانسلر آزادجموں و کشمیر یونیورسٹیز ڈاکٹر محمد نجیب خان کی زیر صدارت یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کا 34واں سینٹ اجلاس منعقد ہوا۔

صدر آزاد جموں و کشمیر،چانسلر آزادجموں و کشمیر یونیورسٹیز ڈاکٹر محمد نجیب خان کی زیر صدارت یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ کا 34واں سینٹ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے انتظامی، تعلیمی، مالیاتی اور ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی، اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جامعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے تحقیق، معیاری تعلیم اور علمی سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات نوجوان نسل کی علمی، فکری اور پیشہ ورانہ تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے ان اداروں میں تعلیمی ماحول کی بہتری، نظم و ضبط اور میرٹ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔صدر آزادجموں و کشمیر چانسلر یونیورسٹی نے ہدایت کی کہ جامعہ تعلیمی اور تحقیقی معیار کو مزید بلند کرنے پر توجہ دے اور ایسے نئے تعلیمی پروگرام متعارف کرائے جو علاقائی اور صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں، تاکہ طلبہ عملی میدان میں کامیابی کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ ہو کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف پونچھ ایک معتبر تعلیمی ادارہ ہے اور پونچھ سمیت پورے آزاد کشمیر کی ترقی میں اس کا کردار نہایت اہم ہے۔اجلاس کے آغاز میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ کیو ایس ایشین یونیورسٹی رینکنگ میں یونیورسٹی آف پونچھ نے آزاد کشمیر میں پہلی اور ملک بھر میں 35ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ صدر آزادجموں و کشمیر ،چانسلر یونیورسٹی نے اس کامیابی پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ مشکل حالات کے باوجود جامعہ کی یہ کامیابی قابلِ تحسین ہے اور اس کے پیچھے اساتذہ و انتظامیہ کی مسلسل محنت کارفرما ہے۔ٹریژر جامعہ پونچھ عدنان جاوید نے بجٹ کے حوالے سے ایوان کو بریفنگ دی۔ سینیٹ نے مالی سال 2026-27 کے لیے جامعہ کے 1.8 ارب روپے کے بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر زکریا ذاکر کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تعلیمی، انتظامی اور ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسائل مختص کیے گئے ہیں، تاکہ تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کو تقویت ملے، ادارہ جاتی نظم و نسق مزید مستحکم ہو اور جامعہ کے ترقیاتی اہداف کی تکمیل کی راہ ہموار ہو سکے۔سینیٹ نے آزاد جموں و کشمیر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز ایکٹ 2026 کی روشنی میں سنڈیکیٹ، سینیٹ، اکیڈمک کونسل اور سلیکشن بورڈ سمیت جامعہ کے مختلف اعلیٰ فورمز کیلئے ممبران کی نامزدگیوں کی توثیق کرتے ہوئے منظوری دی۔ صدر ریاست و چانسلر کو بتایا گیا کہ جامعہ میں انتظامی امور بدستور جاری ہیں اور تدریسی و تحقیقی سرگرمیاں بہت جلد مکمل طور پر بحال کر دی جائیں گی۔ اجلاس کے اختتام پر سینیٹ ممبران کی جانب سے تعلیمی معیار، مؤثر نظم و نسق، تحقیق کے فروغ اور جامعہ کی مسلسل ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سینیٹ اجلاس میں رکن آزاد جمّوں کشمیر قانون ساز اسمبلی محترمہ فرزانہ یعقوب، سیکریٹری صدارتی اُمور سردار ظفر خان،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ظفر محمود خان ، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر امتیاز حسین، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر (ر) ڈاکٹر غلام غوث، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر غلام نبی، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے نامزد نمائندے ڈائریکٹر جنرل پی اینڈ ڈی ہدایت اللہ خان، نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر سائر سرور، ڈائریکٹر جنرل آڈٹ حکومت آزاد جموں و کشمیر محمد سعید اللہ خان نیازی، صدر سدھن ایجوکیشن کانفرنس سردار شاہزیب شبیر خان، نمائندہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری فنانس حکومت آزاد جموں و کشمیر حسن مسعود، کے نمائندگان، رجسٹرار جامعہ پونچھ و سیکرٹری سینیٹ پروفیسر ڈاکٹر عبد الخالق، ڈاکٹر ماجد محمود، ڈاکٹر جنید رحیم اور محترمہ کنول محمود نے شرکت کی۔

Share This Post

More To Explore

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی سابق صدر ریاست راجہ ذوالقرنین خان کے گھر کسگمہ دھماوا آمد۔وزیر اعظم افتخار گیلانی نے سابق صدر راجہ ذوالقرنین خان مرحوم کے گھر دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی سابق صدر ریاست راجہ ذوالقرنین خان کے گھر کسگمہ دھماوا آمد۔وزیر اعظم افتخار گیلانی نے سابق صدر راجہ ذوالقرنین