وزیر توانائی، آبی وسائل و چیئرمین قومی تقریبات کمیٹی ثاقب مجیدراجہ نے کہا ہے کہ تحریکِ آزادی کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے تمام مؤثر ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔

وزیر توانائی، آبی وسائل و چیئرمین قومی تقریبات کمیٹی ثاقب مجیدراجہ نے کہا ہے کہ تحریکِ آزادی کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے تمام مؤثر ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی قومی تقریبات کی بھرپور تشہیر اور ان میں عوامی شرکت کو یقینی بنایا جائے، تاکہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، حقِ خودارادیت کے مؤقف اور مسئلہ کشمیر کے تاریخی و انسانی پہلوؤں کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی تقریبات کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن عمیر نعیم، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری امتیاز احمد سمیت مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز، سربراہان اور نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اکتوبر اور نومبر کے دوران منعقد ہونے والی قومی تقریبات کے انتظامات، تیاریوں اور انہیں مؤثر و شایانِ شان انداز میں منعقد کرنے کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ثاقب مجید راجہ نے کہا کہ قومی ایام کی تقریبات محض رسمی سرگرمیاں نہیں بلکہ قومی شعور و آگاہی کے فروغ، تحریکِ آزادی کشمیر کے پیغام کو عام کرنے اور نئی نسل کو اپنے تاریخی ورثے سے روشناس کروانے کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایام کی تقریبات کا انعقاد اور انہیں کامیاب بنانا صرف جموں و کشمیر لبریشن سیل کی ذمہ داری نہیں بلکہ بیس کیمپ کے تمام سرکاری اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام محکمہ جات باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت قومی تقریبات میں سرکاری ملازمین اور عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ چیئرمین قومی تقریبات کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ تمام سرکاری محکمہ جات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے قومی ایام کی اہمیت، تاریخی پس منظر اور تحریکِ آزادی کشمیر سے متعلق سرگرمیوں کی مؤثر تشہیر کریں۔ اخبارات، ٹیلی ویژن چینلز اور ڈیجیٹل میڈیا کے ساتھ رابطہ کاری کو فروغ دیا جائے تاکہ قومی تقریبات کی مناسب کوریج کے ساتھ تحریکِ آزادی کشمیر کا پیغام قومی و بین الاقوامی سطح پر وسیع پیمانے پر پہنچایا جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن، محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، جامعات اور دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے مذاکروں، مباحثوں، خصوصی لیکچرز، بریفنگز، کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے، تاکہ نوجوان نسل کو تحریکِ آزادی کشمیر کی تاریخ، کشمیری عوام کی جدوجہد اور اسلاف کی لازوال قربانیوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون، مؤثر میڈیا حکمت عملی اور عوامی شمولیت کے ذریعے قومی تقریبات کو بامقصد بنایا جائے گا اور تحریکِ آزادی کشمیر کے مؤقف کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مربوط کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

Share This Post

More To Explore