وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ستھرا کشمیر پروگرام کو جلد تمام اضلاع میں شروع کریں گے

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ستھرا کشمیر پروگرام کو جلد تمام اضلاع میں شروع کریں گے، محکمہ لوکل گورنمنٹ میں خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے مستند اور اچھی شہرت کی حامل تھرڈ پارٹی کی خدمات لیکر شفاف اور میرٹ پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے۔جو بلدیاتی ادارے خسارے میں جا رہے ہیں ان میں اصلاحات لانے کیلئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں۔محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی مشاورت سے لوکل گورنمنٹ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مالیت میں اضافہ کریں گے، ترقیاتی منصوبہ جات کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ شہروں کیساتھ دیہی علاقوں میں بھی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور سروسز کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی ارشاد قریشی، ڈائریکٹر جنرل طاہر اشرف، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اشفاق نور، چیف انجینئر نیاز کیانی،چیف پلاننگ خواجہ مسعود، ڈپٹی ڈائریکٹر بابر منہاس اور ڈائریکٹر بورڈ قاضی افتخار ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کا محکمہ عوامی خدمت اور گراس روٹ لیول پر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ منتخب بلدیاتی نمائندگان بھی لوکل گورنمنٹ سسٹم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی ہر صورت معیار کے مطابق بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشاد احمد قریشی نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مالی سال کیلئے لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کا ترقیاتی بجٹ 3200.00 ملین روپے کا ہے جس میں پی سی ون منصوبہ جات کی مالیت 725 ملین روپے جبکہ نان پی سی ون منصوبہ جات کی مالیت 2474 ملین روپے ہے۔ ان منصوبہ جات میں مظفرآباد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پراجیکٹ، صاف پانی کی فراہمی بذریعہ فلٹریشن پلانٹس اور پل ہاؤ کی تعمیر شامل ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کو حکومت کے 100 دنوں کے پلان کے حوالہ سے بھی بتایا کہ ستھرا کشمیر پروگرام، ضلعی سطح پر ویسٹ مینجمنٹ، ماڈرن فلیٹ کی خریداری اور سالڈ ویسٹ ری سائیکلنگ اور سرگریشن شامل ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے وزیراعظم کو بلدیاتی ادارہ جات کا مالی سال 26-2025 کا بجٹ خلاصہ اور ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیز اور ٹاؤن کمیٹیز کی آمدن اور اخراجات پر بھی بریف کیا اور ان ادارہ جات میں اصلاحات کیلئے بھی وزیر اعظم سے گائیڈ لائنز حاصل کیں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی تجاویز دیں۔

Share This Post

More To Explore