آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تاریخی “زرعی کانفرنس” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی

آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تاریخی “زرعی کانفرنس” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، جس میں ملک و بیرونِ ملک سے آئے ماہرین، محققین اور کسانوں نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد، کشمیری نژاد فرانسیسی بزنس مین امجد عزیز مالوی، وزیرزراعت، لائیو سٹاک، آبپاشی و اسماء علی شان سونی،وزیر صحت عامہ سید بازل علی نقوی ، وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب ، وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی ،مشیر حکومت سردار صغیر احمد چغتائی،اعلیٰ سرکاری افسران سمیت دنیا بھر سے زرعی ماہرین، لائیو اسٹاک کے شعبے سے وابستہ افراد، مویشی پال حضرات اور کسانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ کانفرنس کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں زراعت اور لائیو اسٹاک کے فروغ کے لیے جامع سیشنز اور پریزنٹیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ ماہرین نے جدید زرعی ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، بہتر بیجوں کے استعمال، پانی کے مؤثر استعمال، اور مویشی پالنے کے جدید طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔تقریب کے موقع پر مختلف سرکاری و نجی محکمہ جات کی جانب سے معلوماتی اور نمائشی سٹالز بھی لگائے گئے۔ ان سٹالز پر جدید زرعی آلات، بیج، کھادیں، پھل و سبزیاں، شہد، دودھ اور گوشت سے تیار مصنوعات جبکہ مویشی پال حضرات نے اعلیٰ نسل کے جانوروں کی نمائش پیش کی۔ ان سٹالز پر کسانوں کو عملی رہنمائی اور تکنیکی مشاورت بھی فراہم کی گئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا، مختلف مصنوعات میں دلچسپی لی اور کسانوں و مویشی پال افراد سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ کسانوں کی آمدن میں اضافہ اور خطے کی معیشت مضبوط ہو۔کانفرنس کے دوران پاک آرمی کی جانب سے منعقدہ ہارس شو بھی توجہ کا مرکز رہا، جسے وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر شرکاء نے سراہا۔ اختتامی سیشن میں شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، کسانوں کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو مزید ترقی دے کر خطے میں خوشحالی کو فروغ دیا جائے گا۔

Share This Post

More To Explore