آزاد کشمیر کی وزیر کشمیر کاز، آرٹس، لینگویجز و ماحولیات محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا ہے کہ 22 اپریل 2025 کے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات عائد کرنا دراصل ایک منظم سازش کا حصہ تھا

آزاد کشمیر کی وزیر کشمیر کاز، آرٹس، لینگویجز و ماحولیات محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا ہے کہ 22 اپریل 2025 کے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات عائد کرنا دراصل ایک منظم سازش کا حصہ تھا، جس کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ آزادی کو بدنام کرنا ہے۔ پانچ اگست 2019 کے بعد سے بھارتی حکومت مسلسل مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت کو تبدیل کرنے کے ناپاک عزائم پر کاربند ہے، جس کے تحت لاکھوں غیر مقامی افراد کو وہاں آباد کیا جا رہا ہے۔ جنگوں میں استعمال ہونے والے مہلک بارودی مواد اور درختوں کی بے دریغ کٹائی ماحولیاتی تبدیلیوں کا بڑا ذریعہ بن رہی ہیں جو انسانی زندگی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں۔ عالمی اداروں کو کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے مؤثر پالیسیاں مرتب کرنی ہونگی تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلگام واقعے کو ایک سال پورا ہونے پر اور ارتھ ڈے کے موقع پر مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیر حکومت نے کہا کہ پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان اور کشمیریوں پر الزامات عائد کرنا ایک سوچی سمجھی بھارت کی حکمت عملی ہے، تاہم دنیا اب ان ہتھکنڈوں کو بخوبی سمجھ چکی ہے۔وزیر حکومت نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ریاست ہے اور اس کی مسلح افواج ملک کی سرحدوں کی حفاظت میں ہر لمحہ مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے، جو سرحدوں پر جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عوام کو امن کی نیند سونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے عالمی یومِ ارض (Earth Day) کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں، درختوں کی بے دریغ کٹائی، اور جنگوں میں استعمال ہونے والے مہلک ہتھیار انسانی زندگی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے مؤثر پالیسیاں مرتب کریں تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔نبیلہ ایوب نے کہا کہ پاکستان کی متوازن اور مؤثر خارجہ پالیسی کے باعث آج عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور دنیا اس کی کاوشوں کو سراہ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر دنیا بھارت کی بربریت کا مشاہدہ کرنا چاہتی ہے تو اسے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار اور بہتے ہوئے خون کی داستانوں کا جائزہ لینا ہوگا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عملی کردار ادا کیا جائے، بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے پر مجبور کیا جائے اور کشمیری قیدیوں، بالخصوص خواتین کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت اور جبر کے ذریعے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت کے مطالبے سے ہرگز دستبردار نہیں کیا جا سکتا۔پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیر حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے اور دنیا کے ہر فورم پر اپنے حق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

Share This Post

More To Explore