وزیر خزانہ و انلینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید کی زیر صدارت کابینہ کی سب کمیٹی برائے متاثرین منگلا ڈیم آبادکاری کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

وزیر خزانہ و انلینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید کی زیر صدارت کابینہ کی سب کمیٹی برائے متاثرین منگلا ڈیم آبادکاری کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر فزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار ظفر، کمشنر میرپور اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں متاثرین منگلا ڈیم کے اضافی کنبہ جات کو پلاٹس کی فراہمی کے لیے پہلے مرحلے میں استحقاق چٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین سب کمیٹی چوہدری قاسم مجید نے ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ ڈیپارٹمنٹ اور سنٹرل ڈیزائن آفس کو ہدایت کی کہ سروے کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ آبادکاری کے عملی کام کا فوری آغاز ممکن بنایا جا سکے۔ چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم کی مکمل آبادکاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں قائم پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت منگلا ڈیم کی متاثرین کے مسائل کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ، متحرک اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرپور کے ذیلی کنبہ جات کی آبادکاری کا معاملہ عرصہ دراز سے زیر التواء تھا تاہم موجودہ حکومت نے اس دیرینہ مسئلے کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر ایجنڈے میں شامل کر کے پیش رفت کو یقینی بنایا ہے۔واضح رہے کہ میرپور کے ذیلی کنبہ جات کی آبادکاری جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کا بھی تھی۔

Share This Post

More To Explore