وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید کا پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا دورہ۔

وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید کا پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا دورہ۔سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رقیب نے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کو محکمہ کے تنظیمی ڈھانچے، جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، سالانہ ترقیاتی پروگرام، مالی نظم و نسق، منصوبہ جات کی منظوری کے طریقہ کار، مانیٹرنگ و ایویلیوایشن سسٹم اور ترجیحی شعبہ جات سے متعلق جامع بریفنگ دی۔اس موقع پر محکمانہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید نے کہا کہ ریاست کی پائیدار ترقی، وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، عملدرآمد اور تکمیل کے تمام مراحل میں سخت چیک اینڈ بیلنس، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ترقی کے ثمرات منتقل ہو سکیں۔وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات ریاست کی ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور یہی ادارہ ریاست کے ترقیاتی ویژن کو عملی شکل دینے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی منظوری مکمل تکنیکی، مالی اور انتظامی جانچ پڑتال کے بعد دی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ہر منصوبہ عوامی ضروریات اور ریاستی ترجیحات سے ہم آہنگ ہو۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر، غفلت یا غیر ذمہ داری کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ، فیلڈ وزٹس اور پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے تاکہ منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں شفافیت، احتساب اور مالی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ قومی وسائل کا درست اور مؤثر استعمال ممکن ہو سکے۔پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی جو عوامی زندگی میں مثبت اور دیرپا اثرات مرتب کریں۔ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبہ بندی کے ذریعے آزاد کشمیر کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ایک فعال، مؤثر اور نتیجہ خیز ادارہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں شفافیت، میرٹ، احتساب اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ذریعے ریاست کی ہمہ جہت ترقی اور عوامی خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو دیانتداری، لگن اور قومی جذبے کے ساتھ انجام دیں تاکہ ریاست کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جا سکے۔

سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رقیب نے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کو بریفنگ دیتے ہوئے انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، توانائی، مواصلات، سیاحت اور دیگر سماجی شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، مالی اخراجات، فنڈز کے استعمال، درپیش چیلنجز اور منصوبوں کی تکمیل کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر منصوبہ بندی اور بروقت تکمیل کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے تاکہ ریاست کے تمام اضلاع میں متوازن اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ متعدد اہم منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ بعض منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے خصوصی نگرانی اور انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔دوران اجلاس محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے چیف مرحوم مطلوب رضا، جو گزشتہ دنوں انتقال کر گئے تھے کی یاد میں ایک پروقار تعزیتی ریفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس سے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رقیب اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی گرانقدر خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، دیانتداری اور محکمہ کی ترقی کے لیے ان کے اہم کردار کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرحوم مطلوب رضا ایک نہایت قابل، فرض شناس اور باصلاحیت آفیسر تھے جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو خلوص نیت اور ایمانداری کے ساتھ انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے لیے ایک بڑا نقصان ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رقیب نے کہا کہ مرحوم مطلوب رضا ایک اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل آفیسر تھے جنہوں نے محکمہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی خدمات محکمہ کے لیے ایک قیمتی اثاثہ تھیں اور ان کی پیشہ ورانہ دیانتداری اور محنت محکمہ کے افسران کے لیے مشعل راہ ہے۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔

Share This Post

More To Explore