سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ممبران اسمبلی سردار میراکبرخان، نثار انصر ابدالی، احمد رضا قادری، سردار حسن ابراہیم اور سردار عامر الطاف کی جانب سے ترلائی امام بارگاہ پر خود کوش حملے اور کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمتی قراردادیں پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ قراردادوں میں وفاقی حکومت سے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ممبران اسمبلی سردار میراکبر، احمد رضاقادری، نثار انصر ابدالی کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس حال ہی میں ترلائی اسلام آباد میں امام بارگاہ پر حملے، جس کے نتیجے میں تیس سے زائد لوگ شہید ہوئے اور درجنوں زخمی ہیں، کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔یہ ایوان اس سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کی مغفر ت فرمائے اور زخمی ہونے والے افراد کو جلد صحت یاب فرمائے۔آمین۔اس معزز ایوان کی رائے میں معصوم شہری، جو کہ نماز جمعہ کے لیئے امام بارگاہ میں آئے تھے، پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ اور معصوم شہریوں کی شہادت ایک عظیم المیہ ہے۔جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔اس معزز ایوان کی رائے میں مسجدوں اور عبادت گاہوں پر دہشت گردانہ حملے کی کوئی بھی مذہب اجازت نہیں دیتا۔دہشت گر د تنظیموں کی جانب سے عبادت گاہوں پر حملے دین اسلام جوکہ مذہبی رواداری اور انسانیت کے احترام کرنے کا مذہب ہے، کو بدنام کرنے کی سنگین سازش ہے۔ یہ ایوان سمجھتا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی ہمسایہ ممالک ہندوہستان اور افغانستان کی مشترکہ منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔جس کی یہ ایوان بھرپور الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔اس موقع پر یہ ایوان، حکومت پاکستان، سیکیورٹی فورسز اور مسلح افواج پاکستان بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوبھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے کہ ان کی قیادت میں مسلح افواج پاکستان نے نہ صرف ہندوستان کی جانب سے جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا ہے اور ہندوستان کو معرکہ حق میں شکست سے دو چار کیا بلکہ پاکستان میں دہشت گردی کا بھی بھرپور مقابلہ کیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ہے۔یہ ایوان افواج پاکستان کو یہ یقین دلاتا ہے کہ پوری کشمیری قوم دہشت گردی کے مقابلے میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اورملکی دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کر ے گی۔
ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم کی جانب سے پیش کر دہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ معزز ایوان اسلام آباد میں مسجد امام بارگاہ کے اندر نمازیوں پر کیے گئے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اسے انسانی اقدار، مذہبی آزادی پر براہِ راست حملہ قرار دیتا ہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں عبادت کے لیے جمع بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت اورظلم ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ایوان شہدار کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ یہ ایوان حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام عناصر اور سہولت کاروں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے اور ملک بھر میں عبادت گاہوں کی مؤثر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ یہ ایوان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتا ہے۔
ممبر اسمبلی سردار عامر الطاف کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ معزز ایوان بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی، مسلح حملوں اور تخریبی کارروائیوں کی نہایت سخت اور شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، جن میں معصوم شہریوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور عوامی و ریاستی تنصیبات کو بزدلانہ انداز میں نشانہ بنایا گیا اور صوبے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔یہ ایوان شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ یہ ایوان واضح کرتا ہے کہ ایسی کارروائیاں کھلی دہشت گردی، ریاست دشمنی اور انسانیت سوز جرائم ہیں۔ جن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ایوان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے لیے ان کی غیر متزلزل خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، جن کی مؤثر حکمت عملی سے ملک میں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن پیش رفت ممکن ہوئی۔یہ ایوان دہشت گردی کے خلاف ریاستی اداروں اور افواج مسلح پاکستان کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی) مورخہ 17 فروری2026
سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منگل کے روز آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اجلاس میں ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان نے وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبے کی معطلی پر توجہ دلاو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی زرعی زمینیں واٹر چینلز پر چل رہی ہیں۔ زرعی زمینوں کو باقاعدگی کے ساتھ سیراب کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر آبپاشی کا محکمہ قائم کرنے کی ضرورت ہے جس سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان کی سربراہی میں وزراء حکومت چوہدری رشید، سردار جاوید ایوب، سید باذل علی نقوی اور ممبران اسمبلی راجہ فاروق حیدر خان، خواجہ فاروق احمد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی دیتے ہوئے سفارشات ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی) 17فروری2026
وزیر جنگلات وائلڈلائف و فشریز سردار جاوید ایوب نے ممبر اسمبلی خواجہ فاروق احمد کی جانب سے ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے ملازمین کی تنخواہوں /پنشن کی عدم ادائیگی کے حوالے سے توجہ دلاو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ترقیاتی اداروں کو خودکفیل بنانے کیلئے کام کر رہی ہے۔ بدقسمتی سیترقیاتی ادارہ مظفرآباد اپنی مدد آپ کے تحت وسائل پیدا نہیں کر سکا جن سے ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہو سکے۔ ترقیاتی اداروں کے مسائل حل کرنے کے لئے ایوان کی مشاورت سے ایک مستقل پالیسی بنائیں گے۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی) 17فروری2026
سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال نے ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان کے قلیل المہلت سوال کے جواب میں کہا کہ آزاد کشمیر تعلیمی پالیسی کے تحت کسی بھی ہائی سکول کی براہ راست بطور ڈگری کالج اپگریڈیشن عمل میں نہیں لائی جا سکتی۔ ماضی میں بغیر کسی پالیسی کے محض پسند و ناپسند کی بنیاد پر چند اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا مگر درکار سہولیات نہیں دی گئی۔ حکومت تعلیمی پالیسی کے تحت ضرورت کی بنیاد پر مکمل سہولیات کے ساتھ تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لا رہی ہے۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی) 17فروری2026
وزیر صحت عامہ سید باذل علی نقوی نے ممبر اسمبلی چوہدری اظہر صادق کی جانب سے ڈڈیال کے طبی مراکز سے ڈاکٹر ز کے تبادلوں پر توجہ دلاو نوٹس کے جواب میں کہا کہ آزاد کشمیر کے مختلف ہسپتالوں کے علاوہ 45 طبی مراکز میں بھی ڈاکٹرز کی اسامیاں خالی ہیں جن پر اگلے 12 دنوں میں ایڈہاک بنیادوں پر ڈاکٹرز کی تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کے زیر اہتمام اشتہار جاری کر دیا گیا ہے جلد تحت قواعد ڈاکٹرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی) مورخہ 17فروری2026
سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزراء حکومت/سیکرٹریز حکومت کی غیر حاضری کی نسبت ممبر اسمبلی سردار میر اکبر خان کی قرارداد پر حزب اختلاف کو قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزرائحکومت/ سیکرٹریز حکومت کی حاضری کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
مظفرآباد (پی آئی ڈی)17فروری 2026
سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ممبر اسمبلی خواجہ فاروق احمد کی جانب سے محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ اشتہارات کے حوالے سے قلیل المہلت سوال کے جواب میں وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے کہا کہ اشتہارات کے بلات کی ادائیگیاں مد اشتہارات نارمل میزانیہ سے کی گئی ہیں جبکہ ترقیاتی میزانیہ کے اشتہارات کے بلات کی ادئیگی متعلقہ محکمہ جات بذریعہ محکمہ اطلاعات عمل میں لائی جاتی ہیں۔ وزیر حکومت نے یکم جنوری 2024ء تا مئی 2025ء تک اخبارات کو دیئے گئے اشتہارات کی تفصیل ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات کے علاوہ محکمہ کے پاس سے کوئی سپیشل مد موجود نہ ہے۔محکمہ اطلاعات میں کوئی بھی سیکرٹ فنڈ بحوالہ اشتہارات قائم نہ ہے ترقیاتی میزانیہ کے بلات اشتہارات کی ادائیگی متعلقہ محکمہ سے بذریعہ محکمہ اطلاعات عمل میں لائی جاتی ہے اور کوئی مد موجود نہ ہے۔
مظفرآباد(پی آئی ڈی) مورخہ 17 فروری2026
سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔

