نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے 8 فیکلٹی ممبران سمیت وار کورس کے 47 شرکاء پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایوانِ صدر مظفر آباد کا دورہ کیا اور قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے ملاقات کی۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے 8 فیکلٹی ممبران سمیت وار کورس کے 47 شرکاء پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایوانِ صدر مظفر آباد کا دورہ کیا اور قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے ملاقات کی۔ وفد کے ایوانِ صدر پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، تقریب میں موسٹ سینئر وزیر /وزیر قانون میاں عبدالوحید، وزیر خزانہ قاسم مجید، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ظہیر قریشی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ظفر خان، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری امتیاز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل ہے، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ و دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔ بھارت 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بدترین مظالم ڈھا رہا ہے، بھارت کی جارحیت خطے کو عدم استحکام کی طرف لے جارہی ہے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سماجی اور مذہبی آزادیوں کو بھی سلب کیے جا رہا ہے۔ بھارت کا یہ توسیعی پسندانہ اقدام جنوبی ایشیا کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے، ایل او سی کے پار بسنے والے کشمیریوں پر بدترین مظالم کا دنیا نوٹس لے، انہوں نے کہا کہ بھاری مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنی جائز جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام مسئلہ کشمیر کے پرامن، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے قومی اداروں کے مابین روابط کے فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے وفد کو ریاست کے انتظامی و آئینی ڈھانچے، حکومتی نظام، ترقیاتی منصوبہ جات، مالی نظم و نسق، امن و امان کی صورتحال اور لائن آف کنٹرول کی تازہ صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر کا آئینی سیٹ اپ ایک منظم پارلیمانی نظام پر مشتمل ہے جس کے تحت ریاستی ادارے شفافیت اور جمہوری اصولوں کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ حکومت آزاد کشمیر محدود وسائل کے باوجود تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، صاف پانی کی فراہمی، بجلی کے منصوبوں اور سیاحت کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ ریاست قدرتی حسن اور آبی وسائل سے مالا مال ہے اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، چیف سیکرٹری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں شہریوں کو جمہوری آزادیاں دستیاب میں ہیں، عوام اپنے نظام سے والہانہ محبت رکھتے ہیں، ریاست کی ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے، انصاف کا بہترین نظام موجود ہے، ریاست کے وسائل عوام پر خرچ ہو رہے ہیں، حکومت صحت و تعلیم کے فروغ کے لیے ہمہ تن کوشاں ہے، بعد ازاں چیف انسٹرکٹر الائیڈ آفیسرز ڈویژن نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی اسلام آباد، ایئر وائس مارشل عامر منیر نے وفد کی جانب سے حکومت آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے انتظامی ڈھانچے، ترقیاتی اقدامات اور گورننس کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر یادگاری شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا۔

Share This Post

More To Explore