رمضان المبارک کے پیش نظر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی جانب سے مضرِ صحت اور بدوں لیبارٹری رپورٹس اشیائے خوردونوش کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ۔

رمضان المبارک کے پیش نظر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی جانب سے مضرِ صحت اور بدوں لیبارٹری رپورٹس اشیائے خوردونوش کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ۔ پنجگراں، دھنی اور دیولیاں بازار میں قائم فوڈ پوائنٹس اور فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کی جامع جانچ پڑتال کی گئی تاکہ عوام کو ماہِ صیام میں معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔کارروائی کے دوران اشیائے خوردونوش کے معیار، صفائی و ستھرائی، ایکسپائری تاریخوں، فوڈ اتھارٹی سے جاری کردہ اجازت نامہ اور لیبارٹری تجزیاتی رپورٹس کو باریک بینی سے چیک کیا گیا۔ متعدد فوڈ پوائنٹس پر بغیر لیبارٹری رپورٹس اشیائے خوردونوش کی فروخت اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر بعض اشیائے خوردونوش کو موقع پر ضبط کیا گیا جبکہ متعلقہ فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے و اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کی جانچ پڑتال کے دوران خوراک کی محفوظ ترسیل،لیبلنگ،ایکسپائری ڈیٹ کاجائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز چوہدری کبیر احمد اور صاحبزادہ عبدالباسط نے معاون عملہ کے ہمراہ کارروائی کی۔جنہوں نے فیلڈ میں فوڈ پوائنٹس اور ڈیلیوری گاڑیوں کی چیکنگ کو یقینی بنایا۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر / فوڈ سیفٹی آفیسر ابرار احمد میر نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کے استعمال میں اضافہ ہو جاتا ہے، فوڈ اتھارٹی نے خصوصی مانیٹرنگ کا آغاز کر رکھا ہے۔ مضر صحت، غیر رجسٹرڈ اور بدوں لیبارٹری رپورٹس اشیائے خوردونوش کی تیاری، ترسیل اور فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ فوڈ اتھارٹی سے رجسٹریشن مکمل کریں، صرف لیبارٹری سے پاس شدہ اشیاء فروخت کریں اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے دوران کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ عوام غیر معیاری یا مضر صحت خوراک سے متعلق شکایات فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر درج کروائیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

Share This Post

More To Explore