یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوہالہ کے مقام پر منعقدہ جلسے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، کالے قوانین کے نفاذ حریت قیادت کی گرفتاریوں، حالیہ کریک ڈاؤن، کشمیری عوام کی جائیدادوں کی ضبطی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برعکس حق خود ارادیت سے انکار کی مذمتی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوہالہ کے مقام پر منعقدہ جلسے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، کالے قوانین کے نفاذ حریت قیادت کی گرفتاریوں، حالیہ کریک ڈاؤن، کشمیری عوام کی جائیدادوں کی ضبطی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برعکس حق خود ارادیت سے انکار کی مذمتی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ سردار امان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ جلسہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، کالے قوانین کے نفاذ حریت قیادت کی گرفتاریوں، حالیہ کریک ڈاؤن، کشمیری عوام کی جائیدادوں کی ضبطی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برعکس حق خود ارادیت سے انکار کی سخت ترین الفاظ میں میں مذمت کرتا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعلان کرتا ہے۔ جلسہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ مسلسل اور بھر پور اظہار یکجہتی پر دلی شکر یہ ادا کرتا ہے اور پنجاب، سندھ، خیبر پختو نخوا، بلوچستان اور وفاقی حکومت کے معزز وزرا کی شرکت کو حکومت آزاد کشمیر اور کشمیری عوام کی طرف سے یکجہتی کے عملی مظہر کے طور پر سراہتا ہے۔جلسہ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو وطن عزیز کے دفاع، خطے کے امن اور کشمیری عوام کے حوصلے واعتماد کے لیے مضبوط اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔جلسہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حق خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کریں۔ جلسہ اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جد و جہد اس کے منطقی انجام تک جاری رکھی جائے گی اور ہر سطح پر ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت برقرار رہے گی۔

کوہالہ(پی آئی ڈی) 05فروری 2026

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر انٹری پوائنٹ کوہالہ کے مقام پر مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمن، وزیر لائیو سٹاک و فشریز سندھ محمد علی ملکانی، وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخواہ ارشد ایوب خان، پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور بلوچستان سنجے کمار اور وزیر خزانہ و منصوبہ بندی گلگت بلتستان کرنل(ر) ابرار اسماعیل نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت، پاکستانی اور کشمیری عوام، صحافی، وکلاء اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ پنجاب کی عوام اور وزیر اعلی مریم نواز کی نمائندگی کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ آج کشمیریوں کے ساتھ یوم تجدید کا دن ہے، پورا پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، اقوام عالم کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموشی افسوسناک ہے۔ آج ہم دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کے ساتھ اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔ معرکہ حق میں بے مثال کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر لائیو سٹاک و فشریز سندھ نے کہا کہ محمد علی ملکانی نے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں حکومت سندھ اور سندھ کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے آج کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آپ کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں۔ مجھے اللہ تعالی پر کامل یقین ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا جب بٹ کے رہیگا ہندوستان، کشمیر بنے گا پاکستان۔ اقوام عالم کی مسئلہ کشمیر پر خاموشی افسوسناک ہے، آج میں کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ سندھ کے عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر کی آزادی تک اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخواہ ارشد ایوب خان نے کہا کہ میں خیبر پختونخواہ کی نمائندگی کرتے ہوئے کہتا ہوں کہ کوہالہ کے مقام پر سالانہ یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب کی میزبانی خیبر پختونخواہ حکومت کیلئے باعث اعزاز ہو گا۔ آج اس موقع پر میں یہ محسوس کرتا ہوں کہ اس تقریب میں پورے پاکستان سے صوبائی حکومتوں کی نمائندگی موجود ہے وہیں پر میں سمجھتا ہوں عوام کی بھرپور شرکت بھی ہونی چاہئے۔ آج کے دن ہم یہ اعادہ کرتے ہیں کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر پاکستانی کشمیر کی آزادی تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور بلوچستان سنجے کمار نے کہا کہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہا ہوں پاکستان کی اقلیتی برادری کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ مودی کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستانی افواج اور عوام پاکستان کی پشت پر کھڑے ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم اور سیاسی قیادت متفق ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ و منصوبہ بندی گلگت بلتستان کرنل(ر) ابرار اسماعیل نے کہا کہ آج کوہالہ کے مقام پر کشمیریوں کے جذبات انتہائی خوش آئند ہیں۔پاکستان نے روز اول سے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے۔ بھارت کشمیر اور پاکستان کے لازوال رشتے کو کمزور نہیں کر سکتا۔ کمشنر پونچھ ڈویژن سردار عبدالوحید خان نے وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمن، وزیر لائیو سٹاک و فشریز سندھ محمد علی ملکانی، وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخواہ ارشد ایوب خان، سیکرٹری برائے منسٹریز افئیرز بلوچستان سنجے کمار اور وزیر خزانہ و منصوبہ بندی گلگت بلتستان کرنل(ر) ابرار اسماعیل و دیگر مہمانوں کا جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم یکجہتی تقریب میں آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے 170 اضلاع سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے جس پر میں حکومت آزاد کشمیر اور کشمیری عوام کی جانب سے پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تقریب سیرہنما پیپلز پارٹی راجہ مبشر اعجاز، امیر جماعت اسلامی دھیرکوٹ جاوید عارف، صدر مسلم کانفرنس تحصیل دھیر کوٹ سردار عرفان، رہنما تحریک انصاف توصیف عباسی، ایبٹ آباد سے غضنفر عباسی، رہنما تحریک انصاف ایبٹ آباد باسط نسیم، ممبر دھیرکوٹ بار امجد گردیزی، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا امتیاز احمد عباسی ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، قضیہ کشمیر کے حل کیلئے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ کشمیری کل بھی پاکستان کے ساتھ تھے، آج بھی پاکستان کے ساتھ ہیں اور کل بھی پاکستان کے ساتھ رہیں گے۔ مقررین نے مسلح افواج پاکستان کو معرکہ حق میں بھارت کو شکست سے دوچار کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے پاکستان کو واضح قومی کشمیر پالیسی اپنانے پر زور دیتے ہوئے انٹرنیشنل کورٹ میں حریت قیادت کا مقدمہ لے جانے کا مطالبہ کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں پر بھارتی مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی پر طالبہ نے دل موہ لینے والا اور ولولہ انگیز خطاب کیا۔ تقریب کی صدارت کمشنر پونچھ ڈویژن سردار عبدالوحید خان نے کی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر باغ، ایس پی باغ، ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ، سیاسی و سماجی رہنماؤں و دیگر بھی موجود تھے۔ آخر میں ملکی سلامتی واستحکام اور کشمیر کی آزادی کیلئے دعا کی گئی۔

کوہالہ(پی آئی ڈی)05 فروری 2026

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یادگار شہداء کشمیر کے مقام پر پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 10:00 سائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمن، وزیر لائیو سٹاک اینڈ فشریز سندھ محمد علی ملکانی، وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخواہ ارشد ایوب خان، پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور بلوچستان سنجے کمار اور وزیر خزانہ و منصوبہ بندی گلگت بلتستان کرنل(ر) ابرار اسماعیل نے قومی و ریاستی پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر قومی وریاستی ترانے پیش کئے گئے۔پاک فوج کے جوانوں اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور پائپ بینڈ سے ملی نغموں کی دھن بجائی۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمن، وزیر لائیوسٹاک۔ وفشریزسندھ محمد علی ملکانی، پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور بلوچستان سنجے کمار اور وزیر خزانہ و منصوبہ بندی گلگت بلتستان کرنل(ر) ابرار اسماعیل، کشمیری سیاسی قیادت اور پاکستانی عوام نے کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف، کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی۔ شرکاء بلند آواز میں ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے”، ” کشمیر بنے گا پاکستان”، ”پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ”، ” کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ”، کے نعرے لگا رہے تھے۔ شرکاء نے نعرہ تکبیر بلند کرتے ہوئے ”اسلام زندہ باد”، ”پاکستان زندہ باد”، ”پاک فوج زندہ باد”، ”ہم کیا چاہتے آزادی” اور ”مودی سے لیں گے آزادی” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کا مسلمہ حق خود ارادیت کے حصول تک سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ شرکاء نے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کو تحریک تکمیل پاکستان قرار دیتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

Share This Post

More To Explore