آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات، اوقاف و مذہبی امور چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا ہے

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات، اوقاف و مذہبی امور چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے محرومیوں اور مسائل کا ادراک کرتے ہوئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔آزاد کشمیر میں مثالی مسلکی ہم آہنگی موجود ہے جس کا کریڈٹ تمام مکاتبِ فکر کے علما اور مذہبی رہنماؤں کو جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ برداشت، رواداری اور اتحاد کے جذبات کو فروغ دیا۔حکومت آزاد کشمیر وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر قیادت عوامی ریلیف اور عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے دن رات روبہ عمل ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت کو اقتدار سنبھالے محض چند ماہ ہوئے ہیں مگر اس قلیل عرصے میں بھی کارکردگی اور عملی اقدامات عوام کے سامنے ہیں، جو مستقبل میں مزید مثبت تبدیلیوں کی بنیاد ثابت ہوں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز اپنے آفس چیمبر میں مختلف عوامی وفود ، علما کرام ، میڈیاسے وابستہ افراد ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے علماء کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر نے ہمیشہ حکومت کے ساتھ تعاون کیا اور امن کے قیام، مذہبی رواداری اور سماجی ہم آہنگی میں بنیادی اور مرکزی کردار ادا کیا۔چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہاکہ حکومت نہ صرف عام شہریوں کے مسائل کم کرنے کے لیے کوشاں ہے بلکہ معاشرتی و مذہبی طبقات کو بھی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ قراء اور ائمہ کے مسائل کے حل کو حکومت نے اپنی ترجیحات میں رکھاہے۔چوہدری محمد رفیق نئیر نے دربار سائیں سہیلی سرکار کے سالانہ عرس کے انتظامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرس میں شرکت کرنے والے زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہے اور آنے والے دنوں میں عوام کو مزید مثبت نتائج اور عملی ریلیف ملے گا۔ چوہدری رفیق نئیر نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت خطے کے اندر ترقی، فلاح اور شفاف طرزِ حکمرانی کی نئی مثال قائم کرے گی۔

Share This Post

More To Explore