وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا ناقابلِ تنسیخ حق حاصل ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارت ہے۔ یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت منظم منصوبہ بندی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے غیر ریاستی افراد کو لا کر آباد کر رہا ہے، جبکہ حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے کشمیریوں کو شدید ریاستی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کئی دہائیوں سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے، لیکن عالمی برادری کی خاموشی بھارت کو اپنے توسیع پسندانہ عزائم آگے بڑھانے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔ اس کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے پیدائشی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق سے کسی صورت دستبردار ہونے کو تیار نہیں اور اپنی جدوجہد اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔

