آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر خواجہ مختار احمد کی رہائش گاہ پر گئے۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر خواجہ مختار احمد کی رہائش گاہ پر گئے۔ سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر خواجہ مختار احمد نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کر کے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ان کی خیریت دریافت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے بطور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے لیے ڈاکٹر خواجہ مختار احمد کی خدمات کو سراہا اور بالخصوص حویلی یونیورسٹی کے قیام اور اس کی تعلیمی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر خواجہ مختار احمد نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعات کے معیار کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے ماضی میں کی گئی مثبت کاوشوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعات اور تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور تحقیق کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیکل کے شعبے میں بہترین فیکلٹی کے انتخاب پر توجہ دے رہی ہے جبکہ سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے خاص کر میڈیکل سیاحت پر بھی حکومت کی خاص توجہ مرکوز ہے ۔

ڈاکٹر خواجہ مختار احمد نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے وہ ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Share This Post

More To Explore