آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال نے ملاقات کی۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعات کے معیار، طلبہ کو درپیش مسائل اور تعلیمی اصلاحات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی جامعات اور تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم، تحقیق اور جدت کو فروغ دیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو باصلاحیت، بااعتماد اور عملی میدان کے لیے تیار کیا جا سکے۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہائر ایجوکیشن کے اساتذہ کی تربیت، نصاب کی بہتری اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ طلبہ کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی، اسکالرشپس اور میرٹ کے فروغ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور حکومت انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے ریاست کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے وزیر ہائر ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ تعلیمی شعبے میں جاری منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور تعلیمی اداروں میں شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ اعلیٰ تعلیم کے نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

Share This Post

More To Explore