آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے صدارتی مشیران اوورسیز چوہدری دلپذیر، چوہدری خادم حسین اور اسلم مغل نے ملاقات کی۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے صدارتی مشیران اوورسیز چوہدری دلپذیر، چوہدری خادم حسین اور اسلم مغل نے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گلدستے پیش کیے۔ ملاقات کے دوران اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل، ان کی فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی میں ان کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ اوورسیز کشمیری آزاد جموں و کشمیر کا قیمتی سرمایہ ہیں جو بیرون ملک رہتے ہوئے بھی ریاست کی ترقی، معیشت اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل، سہولیات کی فراہمی اور ان کے ساتھ مؤثر رابطے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان کا اعتماد مزید مضبوط ہو اور وہ ریاست کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔دریں اثناء آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے ایف پی سی سی آئی کے کنونئیر راجہ رؤف اور لیک شور (Lake Sure) کے سی ای او سید سعادت حسین شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ نجی شعبہ اور کاروباری برادری ریاست کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت کاروباری طبقے کے مسائل کے حل اور شراکت داری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ادھر پاکستان پیپلز پارٹی اوورسیز کے رہنماء اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے پولیٹیکل سیکرٹری شیخ ارشد برکی نے بیرسٹر ذیشان شیخ کے ہمراہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے ملاقات کی۔انہوں نے وزیراعظم کو میرپور میں ظہرانے کی دعوت دی۔وزیراعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ محترمہ شہید کے ساتھ کام کر چکے ہیں جن کے نظریات پیپلز پارٹی کیلیے سرمایہ افتخار ہیں۔دریں اثناء آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پی ایس ایف کے چیئرمین سردار فوزیب خان، پیپلز پارٹی اسٹڈی سرکل کے چیئرمین سردار شکور صدیق اور خواتین ونگ کی رہنماء زوبیہہ خورشید نے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے جس کی بنیاد عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور سماجی انصاف پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانا پارٹی اور حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور پیپلز پارٹی کے تمام ذیلی ونگز کو ریاست کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے اور پارٹی کارکنان کی مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے۔

Share This Post

More To Explore