وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مظفرآباد شہر کی محبت کا قرض ادا کرینگے۔عوامی حقوق کے معاہدے پر عملدرآمد سب سے پہلی ترجیح ہے۔ پاکستان سے محبت ہمارے دلوں میں ہے، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ۔سی ایم ایچ مظفرآباد کی مزید توسیع / اپ گریڈیشن ، مظفرآباد شہر میں بجلی کے نظام کی اپ گریڈیشن ،لوہار گلی بائی پاس وٹنل، دومیل سیداں مانک پیئاں روڈ کی تعمیر، رشید آباد امبور بائی پاس، چہلہ بائی پاس، گوجرہ درہ بٹنگی برارکوٹ واٹر سپلائی سکیم ، برار کوٹ میں ٹاون کمیٹی ، بی ایچ یو برارکوٹ ، گرلز ڈگری کالج برارکوٹ ، چہلہ پل کی مرمت یا نئے چہلہ پل کی تعمیر، سنڈگلی قبرستان کیلئے جگہ کی فراہمی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے پر فوری عملدرآمد، پلیٹ تا علامہ اقبال برج تک واک وے کی تعمیر، کارڈیک ہسپتال کی ضروریات کو پورا ، گوجرہ ویسٹرن بائی پاس کے ساتھ پانی کی نکاسی ، نلوچھی گراونڈ کی اپ گریڈیشن، واٹر سپلائی سکیم دولت کالونی،تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، چھترسمیت مہاجرین کو قبرستان کیلئے جگہ فراہم کرینگے۔ سی ایم ایچ فلائی اوور جلد مکمل مکمل ہوگا، دارلحکومت کی خوبصورتی کے حوالے سے آئندہ دو روز میں تمام متعلقہ محکمہ جات کی میٹنگ بلائیں گے ۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے جونہی ملاقات ہوگی پہلا مطالبہ دانش سکول مظفرآبادکے قیام کاہوگا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی سردارمختاراحمد عباسی کی جانب سے دیے گئے عظیم الشان استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استقبالیہ تقریب میں موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزرا حکومت سردار جاوید ایوب ، سید بازل علی نقوی، چوہدری قاسم مجید، سردار ضیاقمر، چوہدری محمد رشید، ممبر قانون ساز اسمبلی محترمہ تقدیس گیلانی، مشیر حکومت احمد صغیر ، پی پی رہنما مبشر منیر اعوان سمیت پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیداران نے نے شرکت کی ۔ استقبالیہ تقریب آمد پر وزیراعظم کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم کو گھڑی پن چوک سے بڑی ریلی کی صورت میں استقبالیہ تقریب لے جایاگیا۔ استقبالیہ تقریب وزیراعظم کی آمد پر بڑے جلسہ کی صورت اختیار کر گئی۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ مظفرآباد سے تعلق وراثت میں ملا ہے ، میرے والد جب حویلی اور مظفرآباد دونوں حلقوں سے الیکشن جیتے تو انہوں نے حویلی کی سیٹ چھوڑی لیکن مظفرآبادکو نہیں چھوڑااسی وجہ سے لوگ آج پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ آج پھر جب پیپلزپارٹی کو خدمت کا موقع ملا ہے تو مظفرآباد کی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ پاکستان پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کے بہترین استقبالیہ پر مختار احمد عباسی اور پی پی مظفرآباد کے کارکنا ن کو مبارکباد پیش کرتاہوں ۔ آج کا یہ یہ استقبالیہ شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا استقبالیہ ہے، ثابت ہو گیا کہ مظفرآباد کا پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت اور مختار عباسی پر اعتماد ہے- جب سے آزادکشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہوئی ہے ، ریاست کے عوام نے اسکی اونر شپ لی ہے ، ریاست کا ماحول تبدیل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ریاستی عوام کا دیرینہ مضبوط رشتہ اور اس رشتے کا اظہار بارہا بلاول بھٹوزرداری نے کیا ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری کا نعرہ “ہمارا نعرہ سب پہ بھاری ‘رائے شماری رائے شماری” کشمیریو ں کا مقبول نعرہ ہے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت سات ماہ کی نہیں بلکہ 2026 دوبارہ عوامی قوت سے پھر آئے گی اورعوام کی خدمت کریگی۔وزیراعظم نے کہاکہ نیلم پارک کے حوالے ڈویلمپنٹ اتھارٹی کو ہدایت کرتاہوں کہ وہ اس حوالے سے جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں حکومت سنبھالنا بہت بڑی ذمہ داری ہے، جو ذمہ داری ہم نے لی یہ آسان نہیں ہے لیکن” شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سو سالہ زندگی سے بہتر ہے”، میرے والد محترم ممتازحسین راٹھور کی حکومت کو آج تین دھائیوں بعد بھی لوگ یاد کررہے ہیں کیونکہ وہ عوامی حکومت تھی،میرے اوپر دوگنا ذمہ داری ہے ایک بطور وزیراعظم اور دوسرا ممتاز حسین راٹھور کا بیٹا ہونے کیوجہ سے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ 2026 میں یہاں سے بھی پیپلزپارٹی تاریخی کامیابی حاصل کریگی۔ آج کا جم غفیر 2026 کے الیکشن کا فیصلہ ہے
انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت بنتے ہی لوگوں کا اعتماد بحال ہوا ہے ، عوامی حقوق کے معاہدے پر عملدرآمد ہماری اولین ترجیح ہے ، میں نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں ، حلف اٹھانے کے بعد اور وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں بھی اس معاہدے کی ہی بات کی ۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے مجھے کہاکہ عوامی حقوق کا جو معاہدہ ہے اس میں جومعاملات آزادکشمیر سے متعلق ہے انکو حل کرنے میں لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور جو معاملات وفاقی حکومت سے متعلقہ ہیں ان پر بلاول بھٹو زرداری خودوفاقی حکومت سے بات کرینگے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پاکستان سے محبت ہمارے دلوں میں ہے ، یقین ہے کہ ریاست کے عوام کوشکوہ توہو سکتا ہے لیکن ہمارے دل میں پاکستان بستا ہے۔پاکستان کلمہ کی بنیاد پر بنا ہے۔عوامی حقوق کی جنگ عوام کے سنگ لڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ جن مسائل کا ذکر مختار عباسی نے کیا ہے انکو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کا یہ اجتماع دیکھ کر لگ رہا ہے کہ آنے والاوقت بھی پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے ۔

