وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر نیلم پریس کلب جاوید اسداللہ کی سربراہی میں نیلم پریس کلب کے ممبران سے ملاقات کی۔

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر نیلم پریس کلب جاوید اسداللہ کی سربراہی میں نیلم پریس کلب کے ممبران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے صحافیوں کے سوالات کے جواب بھی دئے اور ممبران پریس کلب کے مطالبے پر نیلم پریس کلب کے لئے دس لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحیدایڈووکیٹ، وزیر صحت عامہ و بہبود آبادی سید باذل علی نقوی بھی موجودتھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نےایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے گی اور آئندہ انتخابات وقت پر ہوں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چھوٹے ملازمین کے لئے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے ان کے مسائل حل کریں گے۔ ایڈہاک ملازمین کے مستقبل کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے جس کی سفارشات کی روشنی میں ان کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ ایل او سی کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں گے، ایس کام سروس کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ موبائل سروس کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے۔ پسماندہ اور دشوار گزار علاقوں میں ادویات کا کوٹہ بڑھانے پر غور کریں گے۔آزادکشمیر میں آئندہ سال قانون ساز اسمبلی کے الیکشن کا انعقاد بوقت کروائیں گے، ہمارے پاس وسائل اور وقت کم مسائل زیادہ ہیں، اپوزیشن کے ساتھ مشاورت سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری جلد عمل میں لائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی نے مشکل وقت میں حکومت سنبھال کرعوام کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، حکومت کے لئے ایک ایک لمحہ قیمتی،انتظار کئے بغیر عوام کے مسائل کو حل کریں گے، عوام کے مسائل کا جائزہ لینے کے لئے پہلے آفیشئل دورے کا آغاز نیلم سے کیا ہے تاکہ برف باری سے قبل مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کر سکیں، پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت وفاقی حکومت نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، تمام مکاتب فکر کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوامی حلقوں میں اعتماد کی فضاء بہتر ہو، سینئر وزیر میاں عبدلوحید خان وادی نیلم کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں، انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لئے انفراسٹرکچر میں ضروری تبدیلیاں ناگریر ہیں، ایڈہاک ملازمین کی مستقلی پیچیدہ مسئلہ ہے اس پر نئی پالیسی بنائیں گے۔ وادی نیلم کے سیاحتی ٹریکس رتی گلی جھیل ،بابوں ویلی کی سڑکوں کی تعمیر کشادگی پختگی کے منصوبے آئندہ بجٹ میں شامل کیے جا سکیں گے،ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن ،گریڈ اسٹیشن کی تعمیر مواصلات کے نظام جلد سے جلد بہتر بنائیں گے۔ موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نیلم ترقیاتی ادارہ کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لئے ادارے میں رائٹ سائزنگ پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے زیر انتظام سلائڈنگ ایریاز کے مقام پر زمینی کٹاو کو روکنے کیلئے دیوار بندی وقت کی ضرورت ہے۔

Share This Post

More To Explore