آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کے وزیرِ صحت عامہ و بہبود آبادی سید بازل علی نقوی کی زیر صدارت محکمہ صحت عامہ کا ایک اہم اور جامع اجلاس منعقد ہوا

آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کے وزیرِ صحت عامہ و بہبود آبادی سید بازل علی نقوی کی زیر صدارت محکمہ صحت عامہ کا ایک اہم اور جامع اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاست کے شعبہ صحت کو درپیش مسائل، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیل سے غور کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ صحت کے سیکرٹری برگیڈئیر عامر رضا ٹیپو، ڈی جی فاروق اعوان سمیت تمام اعلی حکام نے وزیرِ صحت کو صحت عامہ کے تمام شعبوں پر مکمل بریفنگ دی۔ بریفنگ میں علاج معالجے کی موجودہ صورتحال، بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی، دستیاب وسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔وزیرِ صحت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایمز (AIMS) کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں جدید طبی سہولیات، آلات اور عملے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ ساتھ ہی کارڈیک ہسپتال کی اپگریڈیشن اور امراضِ قلب کے مریضوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔مزید برآں، وزیرِ صحت نے اعلان کیا کہ عوام کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مزید ایمبولینسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور مکمل لیس ایمبولینسز کی دستیابی سے ایمرجنسے رسپانس کا وقت کم ہوگا اور دور دراز علاقوں تک مریضوں کی فوری منتقلی ممکن ہو سکے گی۔اجلاس میں ایمرجنسے سروسز کی بہتری پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔ وزیرِ صحت نے ہنگامی طبی مراکز کو جدید آلات سے لیس کرنے، ٹراما اور ایمرجنسے یونٹس کی استعداد بڑھانے اور عملے کی خصوصی تربیت کے لیے جامع منصوبہ ترتیب دینے کی ہدایت کی۔اجلاس میں صحت کے دیگر اہم منصوبوں، وسائل کی فراہمی، ضلعی سطح پر سہولیات میں اضافے اور عوام تک معیاری علاج کی آسان رسائی یقینی بنانے کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔وزیرِ صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت میں اصلاحات اور بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو بروقت، معیاری اور قابلِ اعتماد طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Share This Post

More To Explore