وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ میں صاف نیت، امید، اعتماد اور اللہ کی ذات پر مکمل بھروسے کے ساتھ کام کروں گا۔

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ میں صاف نیت، امید، اعتماد اور اللہ کی ذات پر مکمل بھروسے کے ساتھ کام کروں گا۔ اگر نیت درست ہو تو 6 ماہ میں بھی ریاست میں بہت کچھ بدلا جا سکتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت ریاست کا وقار بحال کرے گی۔ اگر آج میں سیاست میں موجود ہوں تو یہ میرے والدِ مرحوم کی نیک نامی اور عوامی اعتماد کا نتیجہ ہے۔ ہمیں ریاست میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کرنا ہوگا اور سیاست پر عوام کے اعتماد کو دوبارہ بحال کرنا ہوگا۔Kort کی جانب سے پیش کی گئی ڈاکومنٹری اس بات کا ثبوت ہے کہ آزاد کشمیر یا ملک کے کسی حصے میں قدرتی آفت آئی تو آفت زدہ ماحول میں کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (Kort) نے عملی کردار ادا کیا۔ سماجی ذمہ داریوں کو بانٹنے کی ضرورت ہے اور جب کورٹ جیسے ادارے حکومت کے ساتھ ہوں تو عوام کا اعتماد مزید بڑھتا ہے۔ بے گھر مستحقین کو نئے گھروں کی چابیاں دینا بڑا کارِ خیر ہے اس حوالے سے کورٹ کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ دارالحکومت میں کورٹ کے لیے مستقل دفتر قائم کیا جائے گا اور حکومت ہمیشہ اس ادارے کی معاونت میں پیش پیش رہے گی۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے Kort Housing Project for Widows in AJK – Phase 2کے تحت نو تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں مستحق بیواؤں اور حق داروں میں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزیر صحت عامہ سید بازل علی نقوی، وزیر کشمیر کاز، آرٹس و لٹریچر محترمہ نبیلہ ایوب، بریگیڈیئر پاک آرمی ، چیرمین کشمیر آرفن ویلفیئر ٹرسٹ چوہدری اختر، میئر مظفر آباد سید سکندر گیلانی، ذوالقرنین نقوی ایڈووکیٹ، سیکرٹری ریڈ کریسنٹ محترمہ گلزار فاطمہ، کورٹ کی ٹیم، سول سوسائٹی، عوام، زیرِ کفالت بیواؤں اور یتیم بچوں نے شرکت کی۔وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ چوہدری اختر سے ان کا تعلق 2021 سے ہے۔ انہوں نے میرپور میں یتیم بچوں کی کفالت کے لیے شاندار خدمات سرانجام دیں۔ ادارہ دیکھ کر دل کو خوشی ہوئی کہ وہاں یتیم بچوں اور چوہدری اختر کے درمیان کس قدر شفقت اور محبت کا تعلق قائم ہے۔ زلزلے اور سیلاب کے دوران بھی چوہدری اختر نے خدمتِ خلق میں نمایاں کردار ادا کیا۔ جو لوگ اللہ کی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں، وہ اللہ کے دوست ہوتے ہیں۔ ہم چوہدری اختر کو ان خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ موجودہ دور میں وسائل محدود جبکہ مسائل لامحدود ہیں، انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت کورٹ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ کورٹ کا کام اس بات کا ثبوت ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ ہم بلا تفریق سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ، عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے۔ یقین دلاتا ہوں کہ حکومت کورٹ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میری دعا ہے کہ میں عوام کی امیدوں پر پورا اتر سکوں۔ عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور ریاست و عوام کے درمیان مضبوط رشتے قائم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔تقریب کے اختتام پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور، موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزرائے حکومت سید بازل نقوی، محترمہ نبیلہ ایوب، چیئرمین کورٹ چوہدری اختر اور بریگیڈیئر ارشد (پرنسپل کیڈٹ کالج) نے مستحق بیواؤں میں نئے تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں تقسیم کیں۔ یاد رہے کہ کورٹ کے زیرِ اہتمام اب تک 195 نئے تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں مستحق بیواؤں اور حق داروں کے حوالے کی جا چکی ہیں۔

مظفر آباد (پی آئی ڈی) 24 نومبر 2025

موسٹ سینئر وزیر آزاد کشمیر میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ حکومت کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (Kort) کی ہر ممکن مدد کرے گی اور خدمتِ خلق کے منصوبوں میں بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ کورٹ کی کارکردگی دیکھ کر دلی اطمینان ہوا ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو خلوصِ نیت سے اللہ کی مخلوق کی خدمت کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 2005 کے زلزلے کے بعد کورٹ کا قائم ہونا اللہ تعالیٰ کی خاص مہربانی ہے۔ چوہدری اختر اور ان کی ٹیم کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورٹ کے زیرِ اہتمام اب تک 195 گھروں کی تعمیر مکمل کر کے چابیاں مستحق بیواؤں اور حق داروں کے حوالے کی جا چکی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے Kort Housing Project for Widows in AJK – Phase 2کے تحت نو تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں مستحق بیواؤں اور حق داروں میں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے اعلیٰ عمل ہے، اور حکومت اس مقصد کے لیے کورٹ کی بھرپور معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ محدود وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کیا جائے۔ جس طرح پیپلز پارٹی نے ماضی میں تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی، اسی طرح اب روڈز، ہیلتھ اور دیگر شعبوں میں عوام کو نمایاں بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا فلسفہ روٹی، کپڑا اور مکان مہیا کرنا ہے، جو ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔وزیر کشمیر کاز، آرٹس و لٹریچر محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ وہ خود کو بھی کورٹ کا حصہ تصور کرتی ہیں،چوہدری اختر نے عزم اور خلوص کے ساتھ بیواؤں اور یتیم بچوں کی کفالت کا مشن جاری رکھا، چوہدری اختر نے ایدھی ویلفیئر ٹرسٹ کی طرح بہترین خدمات انجام دیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ، چوہدری محمد اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورٹ حکومت کا دست و بازو ہے۔ کورٹ کے زیرِ اہتمام 100 گھر مکمل کر کے میرٹ پر مستحقین کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورٹ کی ٹیم نے دور افتادہ علاقوں میں جا کر بھی اپنی خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ کوٹلی ڈی ایچ کیو میں کورٹ کی جانب سے قائم کیا جانے والا برن سینٹر چند ماہ میں کام شروع کر دے گا، جبکہ میرپور میں تعمیر ہونے والا ہسپتال 3 سال میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا، جہاں مستحقین کو مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم ایچ مظفر آباد میں بھی ایک نیا برن سینٹر قائم کیا جائے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بھی متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔

مظفرآباد ( پی آئی ڈی ) 24 نومبر 2025

کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) کی جانب سے آزاد کشمیر میں بیواہ خواتین کے لیے گھروں کی تعمیر کے منصوبے “کورٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ فار ویڈوز” کے تحت مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع میں تعمیر کیے گئے مزید 30 گھروں کی چابیاں مستحق بیواہ خواتین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔اس حوالے سے مظفرآباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ پروقار تقریب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر، فیصل ممتاز راٹھور اور چیئرمین کورٹ، چودھری محمد اختر نے 30 بیواہ خواتین کو ان کے نئے گھروں کی چابیاں دیں ۔ تقریب میں موسٹ سینیئر وزیر میاں عبدالوحید، وزراء بازل نقوی اور محترمہ نبیلہ ایوب، کمانڈر پاک آرمی، سیکرٹری ریڈ کریسنٹ محترمہ گلزار فاطمہ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔کورٹ کے تحت اب تک کل 130 گھر مستحق بیواہ خواتین کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔ منصوبے کے پہلے فیز میں آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں 195 ملین روپے کی لاگت سے 100 گھر تعمیر کیے گئے تھے۔منصوبے کے دوسرے فیز پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس میں 250 ملین روپے کی لاگت سے آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں مزید 100 گھر مرحلہ وار تعمیر کیے جائیں گے۔ فیز کے پہلے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع میں ہر ضلع میں 10، کل 30 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔منصوبے سے مستفید ہونے والی بیواہ خواتین میں وہ شامل ہیں جن کے بچوں کی عمریں 18 سال سے کم ہیں اور خاندان میں ان کی کفالت کرنے والا کوئی شخص موجود نہیں۔ تعمیراتی مواد کو آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں تک دشوار گزار راستوں سے پہنچا کر گھروں کی تعمیر مکمل کی گئں جبکہ دوسری طرف کورٹ کے مطابق، اس وقت مزید 70 گھروں کی تعمیر جاری ہے اور آنے والے چند ماہ میں یہ بھی مستحق بیواہ خواتین کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

Share This Post

More To Explore