وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوا۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر میاں عبد الوحید سمیت کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، سیکرٹریز حکومت نے شرکت کی۔ کابینہ اجلاس میں شہدائے افواج پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں دفاع وطن کیلئے قربانیوں پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتازراٹھورنے چییرمین بلاول بھٹو زرداری کی مظفرابادآمد کا خیر مقدم کیا،انہوں نے صدر پاکستان اصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کے اعتماد پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے ازاد کشمیر میں دانش سکولوں کے سنگ بنیاد اور مزید دودانش سکولوں کے اعلانات کا خیر مقدم کرتا ہوں، ہماری کوشش ہے کہ ایک لمحہ ضائع کیے بغیر جلد از جلد درست سمت میں آگے بڑھیں اپنی گڈ گورننس کو عوام کے سامنے رکھیں گے،جو چیزیں گزشتہ حکومت میں التوا کا شکار رہیں انکو فاسٹ ٹریک کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے راستے کا تعین کرنا ہے جو سب کے لیے بہتر ہو، ہمارے اسلاف نے جو نظام ہمیں دیا ہے اسی پر چل کر ہی مسائل کو حل کیاجاسکتا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ عوام سے disconnect رہنے کیوجہ سے عوام ہم سے دور ہوئے،عوام کا اعتماد بحال کرنا ایک چیلنج ہے،یقین ہے کہ کابینہ اراکین کے تعاون سے چیزوں کو مثبت سمت لیکر آگے بڑھیں گے، گزشتہ حکومت کے اچھے کاموں کو بھی جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ وزراء کو محکمہ الاٹ کر دیے تاکہ ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہو۔ انہوں نیکہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،تحریک ازادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

٭٭٭٭٭٭

مظفرآباد(پی آئی ڈی)21نومبر 2025

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی جس میں کہاگیاکہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مظفرآباد کے دورے کا خیر مقدم کرتا ہے۔چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی حکومت بننے پر نومنتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرتے ہوے پروقار تقریب سے خطاب میں جس طرح بھارت کو للکارا اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا اس سے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی یاد تازہ ہو گئی۔ اجلاس آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ خوارج کے خلاف جس دلیری سے آپریشن کئے ہیں اس پر وہ خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ ہندوستان 10مئی کو شکست فاش کے بعد اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور پس پردہ پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے مگر قوم کی مدد سے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے ضلع باغ کے علاقہ ہاڑی گہل میں دانش سکول کے سنگ بنیاد اور نیلم اور بھمبر میں بھی دانش سکول کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے اور وزیراعظم آزادکشمیر کی تحریک پر حویلی اور لیپہ جیسے پسماندہ علاقوں میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دانش سکولوں کے اعلان پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف کارروائیوں کی شدید مذ مت کرتا ہے۔ اجلاس بہادر کشمیریوں کی ہندوستان کی جارح فوج کے خلاف سینہ سپر ہو کر جدوجہد آذادی جاری رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔اجلاس بھارتی جیلوں میں قید مسرت عالم بٹ، سید شبیر شاہ، یٰسین ملک، فریدہ بہن جی سمیت دیگر حریت پسندوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہے اور بھارت کی جانب سے عظیم حریت لیڈر یسین ملک کو پھانسی کی سزا دلوانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوے عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائے۔قرار داد میں کہا گیا کہ اجلاس وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔نومنتخب وزیراعظم کی قیادت میں نہ صرف آزادکشمیر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا بلکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے افکار کے مطابق عام آدمی کی خدمت اور عوامی طرز حکومت کو یقینی بنایا جائے گا۔

Share This Post

More To Explore