آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں وزیر قانون و پارلیمانی امور میاں عبد الوحید ایڈووکیٹ نے راولاکوٹ میں دہشتگروں کے ساتھ مقابلے میں شہید پولیس اہلکاران، تولی پیرحادثہ میں شہید ہونے والے پولیس کے افسران و جوانوں، بلگراں کلاؤڈ برسٹ اور حالیہ بارشوں میں جاں بحق افراد ، سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے بھائی و دیگروفات پاجانے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے ایوان میں فاتحہ خوانی کی۔ایوان نے وزراء حکومت پیر مظہر سعید شاہ، محمد اکبر ابراہیم اور عامر غفار لون کی رخصت کی درخواستیں متفقہ طور پر منظور کر لیں۔اجلاس میں سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران مظفرآباد میڈیکل کالج کے طلبہ کی خصوصی شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے طلبا کو خوش آمدید کہا۔ قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ مظفرآباد میڈیکل کالج کے طلبا کی شرکت انتہائی خوش آئند ہے، طلبہ کی شرکت سے ان کو قانون ساز اسمبلی کی کاروائی براہ راست مشاہدہ کرنے سے ان کو منتخب نمائندوں کی کارکردگی اور قانون سازی کے عمل سے آگاہی حاصل ہو گی۔

مظفرآباد(پی آئی ڈی) مورخہ 29 مئی 2025

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کی جانب سے نیلم جہلم ہائیڈل پاور پراجیکٹ میں گریڈ 01 تا 16 کی اسامیوں کے خلاف مقامی افراد کیلئے کوٹہ مختص کرنے کی نسبت توجہ دلاو نوٹس کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی جانب سے متفقہ طور پر قرارداد کی شکل میں وفاقی حکومت اور چئیرمین واپڈا کو ارسال کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر قانون، انصاف وپارلیمانی امور نے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کی جانب سے قلیل المہلت سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تاریخی پیکج دیا ہے۔ صحت پیکج کے تحت دی گئی اسامیوں کو معزز عدالت العظمی کے فیصلے کے بعد مشتہر کیا جا رہا ہے جس کے بعد ان پر تحت ضابطہ تقرریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں تا کہ عوام کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس کے دوران ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر نے کہاکہ حکومت چیف الیکشن کمشنر کا تقررکرنے کیلئے مشاورتی عمل مکمل کر کے پینل چیئرمین کشمیر کونسل کو بھیجے تاکہ بروقت چیف الیکشن کمشنر کا تقرر ہو سکے۔قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے اس حوالے سے قائد ایوان کے ساتھ میٹنگز بھی ہو چکی ہیں ۔ وزیرقانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے آئین کے مطابق مشاورت کا عمل جاری ہے ۔ جلد اس حوالے سے پینل فائنل کر کے چئیرمین کشمیر کونسل کو بھجوا دیے جائیں گے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی بروقت تقرری ہونا ضروری ہے اس کے بعد ووٹر لسٹوں کا کام بھی ہونا ہے ۔

سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کےلیے ملتوی کردیا۔

مظفرآباد (پی آئی ڈی)29مئی 2025

سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں وزرا حکومت چوہدری عامر یاسین اور محترمہ امتیاز نسیم کی جانب سے پیش کردہ قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں ۔وزیر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سول ڈیفنس و ریسکیو 1122 چوہدری عامر یاسین کی جانب سے پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان 06 اور 07 مئی 2025 کی درمیانی شب ہندوستان کی طرف سے آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان میں مساجد اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی پر زور مذمت کرتا ہے۔ مساجد پر حملہ مودی حکومت کی ہندو تو اسوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ جس میں اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں اور ان کے مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ہندوستان کی یہ جارحیت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور دہشت گردی ہے۔ہندوستان کی طرف سے رات کے اندھیرے میں بزدلا نہ جارحیت کے نتیجے میں 06 مقامات پر 26 عام شہریوں جن میں کمسن بچے، خواتین اور عمر رسیدہ اشخاص بھی شامل ہیں۔ کو شہید کیا گیا جبکہ 46 افر اور زخمی ہوئے۔ یہ ایوان ان شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے اور ان متاثرہ خاندانوں کو یقین دلاتا ہے کہ ان کی ہر ممکن مدد اور دیکھ بھال کی جائے گی۔یہ ایوان ہندوستان کی طرف سے سیز فائر لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ، سویلین آبادی اور املاک کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتا ہے۔ ہندوستان کی بلا اشتعال فائرنگ سے پانچ شہری شہید ہوئے۔ جن میں ایک پانچ سال کا بچہ بھی شامل ہے۔ہندوستان کا یہ اقدام سیز فائر معاہدہ کی خلاف ورزی ہے۔یہ ایوان ہندوستان کی افواج کی طرف سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نشانہ بنانے اور نوسیری ڈیم کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتا ہے۔ جنگ میں بھی پانی کے ذخیروں اور ڈیمز کو نشانہ بنانے کی عالمی قوانین اجازت نہیں دیتے۔ ہندوستان کا یہ اقدام نہ صرف عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ آبی جارحیت بھی ہے۔یہ ایوان افواج پاکستان کی طرف سے ہندوستان کو موثر اور بر وقت جواب دینے، ہندوستان کے پانچ جہازوں اور ایک جنگی ڈرون کو مار گرانے، ہندوستان کی پوسٹوں اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو تباہ کرنے پر ان کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جموں و کشمیر کی عوام پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیں گے اور اس ملک کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔یہ ایوان اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہندوستان کی جارحیت کا نوٹس لے اور اس خطہ میں دیرپا اور پائیدار امن کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کوقراردادوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

وزیر جموں وکشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قانون سازاسمبلی آزادجموں وکشمیر کا یہ اجلاس حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن” بنیان مرصوص “کی شاندار کامیابی پر پور ی قوم اور افواج پاکستان کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں افواج پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ افواج پاکستان کی موجودگی میں دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔یہ اجلاس سپہ سالا مسلح افواج پاکستان سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقیاب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور حکومت پاکستان کے اس فیصلہ کو سراہتا ہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک سچے، راسخ العقیدہ اور محبت وطن پاکستانی ہیں، ان کی نڈر اور بیباک قیادت میں جس طرح مسلح افواج پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کیئے اور بھارتی عزائم کو خاک میں ملایا، یہ ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور وطن عزیز کے ساتھ گہری محبت کا مظہر ہے۔ جس پر پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔یہ ایوان پاکستان کی بری، فضائی اور بحری افواج کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔بالخصوص یہ ایوان پاکستا ن کے شاہینوں اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائر مارشل ظہیر احمد بابر کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے کہ جس طرح پاک فضائیہ نے اپنی ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور ہندوستان کی مختلف ائر بیسز اورفوجی تنصیبات پر حملہ کرکے ان کو مکمل طور پر تباہ کردیا،جس پر پوری پاکستانی قوم کو اپنے شاہینوں پر فخر ہے۔ یہ ایوان سپہ سالار افواج پاکستان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دوٹوک موقف اپنانے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنے پر، ان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔سپہ سالار افواج پاکستان کے اس واضح اور دوٹوک موقف کی وجہ سے کشمیریوں کے حوصلے یقینا بلند ہوئے ہیں۔اس معزز ایوان کی رائے میں حالیہ پاک بھارت جنگ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان ایک فلش پوائنٹ ہے اور جب تک مسئلہ کشمیر، کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا،جنوبی ایشیاء میں پائیدا ر امن کا قیام ناممکن ہے۔ یہ ایوان پہلگام واقع کی آڑ میں کشمیریوں کے مکانات کو مسمار کرنے اور گھر گھر تلاشی کے دوران سینکڑوں کی تعداد میں کشمیریوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور یہ ایوان اقوام متحدہ، عالمی برادری، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، او آئی سی، یورپی یونین اور دنیا کی تمام مہذب اقوام سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی غاصب افواج کی جانب سے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Share This Post

More To Explore