کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ممتاز کشمیری رہنماء میرواعظ محمد فاروق اور خواجہ عبد الغنی لون کے یوم شہادت پر جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ممتاز کشمیری رہنماء میرواعظ محمد فاروق اور خواجہ عبد الغنی لون کے یوم شہادت پر جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کی مہمان خصوصی آزادکشمیر کی وزیر سمال انڈسٹریز محترمہ تقدیس گیلانی تھیں ۔اس موقع پر حریت کانفرنس کے کنونئیر غلام محمد صفی ،حریت قائدین،محمود احمد ساغر سید یوسف نسیم ،سید فیض نقشبندی ،سابق سپیکر شاہین کوثر ڈار ،شیخ عبدالمتین ،مشتاق بٹ ،الطاف وانی ،الطاف بٹ ،امتیاز وانی ،راجہ بشیر عثمانی ،غلام نبی بٹ ،سردار عاصم عباسی ،کشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹرز راجہ اسلم خان ،راجہ خان افسر خان،سردار ساجد محمود ، سردار نجیب الغفور خان،راجہ راشد رضا ،سید ضمیر الحسن نقوی ،خواجہ عمران الحق اور دیگر موجود تھے اس موقع پر وزیر سمال انڈسٹریز محترمہ تقدیس گیلانی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے تجدید عہد ہے کہ کشمیری عوام اپنی تحریک آزادی کے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ،انہوں نے کشمیری عوام کی جانب سے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر مبارکباد دی ۔انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ انہوں نے اس کشیدگی میں ایمرجینسی ریسپانس سیل قائم کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں خود بلال مسجد گئی اور بھارتی جارحیتکے نتیجے میں ہونے والے نقصان کو دیکھا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے جذبوں کو شکست دینا آسان نہیں ہے ایل او سی پر بسنے والے دلیر لوگ ہیں وہ اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ رہے جب پاک فوج نے جنگ جیت لی تو ان پر پھول نچھاور کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اسوقت ہمارے پاس جذبہ بھی ہے اور ٹیکنالوجی بھی اللہ پاک نے یہ وقت دکھایا ہمارے بہادر سپہ سالار نے بھارت کی رعونت کو خاک میں ملا دیا ،یہ پاکستان اور چین کیلیے ایک نئی شروعات ہے ،چین کی مدد سے پاکستان نے وہ کامیابی حاصل کی جس کی نظیر نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ چین نے خم ٹھونک کر پاکستان کا ساتھ دیا جس پر ہم چین کے بھی مشکور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چین کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کی طرف جانا چاہیے ،پاکستان فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں جیتا ہوا پاکستان ہے ہم نے اپنی پاور دکھا دی ہے اب جب بھی مذاکرات ہوں ہمیں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنا ہو گا ،حال ہی میں میں گیمبیا گئی غلام محمد صفی بھی ہمراہ تھے ہم نے وہاں کامیابی حاصل کی ۔انہوں نے کہا کہ چین نے جس طرح غزہ میں انسانی امداد شروع کی ہے یہ اسلامی ملکوں کو کرنا چاہیے تھا ۔انہوں نے کہا کہ offence is the best defence ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسوقت اتحاد ویکجہتی کا جو ماحول ہے اسے جاری رہنا چاہیے ،آزادکشمیر کے لوگ اور کل جماعتی حریت کانفرنس ایک ہیں ،محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیری مر رہے ہیں میں انہیں کہنا چاہتی ہوں کہ آپ پرو انڈیا ہیں توبہ کریں شہداء کی صفوں میں شامل ہوں پاکستان کے ساتھ شامل ہوں عمر عبداللہ کو بھی چاہیے کہ وہ کل جماعتی حریت کانفرنس میں شامل ہوں اور شہداء کی صفوں میں آئیں توبہ کا وقت ہے توبہ کریں اب بھی وقت نہیں گیا ،پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں یک جان دو قالب ہیں انشاءاللہ ہم الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو بہترین نکتہ نظر پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ کو بھی مبارکباد پیش کی کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنونئیر غلام محمد صفی نے کہا کہ شہداء حول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں دونوں قائدین میر واعظ محمد فاروق اور خواجہ عبد الغنی لون عظیم۔قائدین تھے جنہوں نے تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کیا ،بھارت نے ہمارے کئی قائدین سید علی گیلانی ،شیخ عبدالعزیز اور اشرف صحرائی سمیت کئی کو منظر سے ہٹا دیا ہندوستان یہ سب اس لئے کر رہا ہے کہ جب بھی کشمیر پر سہہ فریقی مذاکرات ہوں تو جو لوگ بھارت کے مکر وفریب سے واقف ہیں وہ موجود نہ ہوں ۔بھارت کی کوشش یہ ہے کہ ہماری جدوجہد آزادی کو عسکری طور پر پیش کرے حالانکہ جموں وکشمیر میں جو جدوجہد ہے خواہ وہ عسکری ہو ،سفارتی ہو ،میڈیا کے محاذ پر ہو یا سیاسی ہو یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے شہیدوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اس سے روشنی پھوٹے گی جموں وکشمیر آزاد ہو گا اور پاکستان مضبوط و توانا ہو گا ۔انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے پاک بحریہ ،فضاییہ کے سربراہ اور وفاقی حکومت کو مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ٹھوس موقف اپنایا ہے کہ بات اگر ہوگی تو کشمیر پر ہو گی ،بھارت کی آبی جارحیت پر ہوگی اور اس دہشت گردی پر ہوگی جو بھارت پاکستان میں کروا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ نے واضح کر دیا کشمیر پاکستان کی شہہ رگ تھا ،ہے اور رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے جس سے خطے میں طاقت کا توازن تبدیل ہو چکا ہے ،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت بڑی کامیابی سے نوازا ہے جس کے نتیجے میں کشمیر پوری ہیئت سے پوری دنیا میں اجاگر ہوا ہے وزیراعظم آزادکشمیر اور ان کی کابینہ کا شکریہ انہوں نے جنگ سے پہلے اور جنگ کے بعد بہت سے اقدامات کئے اب ہمیں اپناہوم ورک مکمل کرنا ہو گا ۔انشاءاللہ مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا۔چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر مشعال حسین ملک نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے جبر اور استبداد سے آزاد کرائیں گے ،آج ہم ان ماؤں ،بہنوں ،بیٹیوں اور نوجوانوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے خود کو تحریک آزادی کیلیے وقف کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ محمد فاروق اور خواجہ عبد الغنی لون کو سلام عقیدت پیش کرتی ہوں ،حریت کانفرنس بنانے میں ان کا اہم کردار تھا ،انہوں نے برہان وانی شہید کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ، تحریک آزادی کو دنیا بھر میں اجاگر کرتی رہوں گی ،پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں جو ہوا اور اسکے بعد بھارت نے جس رعونت کا مظاہرہ کیا اور جو جھوٹ بولا ۔ہماری پاک فوج نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ،ہماری بری ،بحری ،فضائیہ نے اپنی دھاک بٹھائی عوام اور میڈیا نے بھی زبردست کردار ادا کیا ، کشمیریوں کا ساتھ دینے پر پاکستان کا امیج بلند ہوا ۔صدر ٹرمپ نے مداخلت کی اور مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں اجاگر ہوا ،اس وقت یسین ملک جیل میں ہیں ،مسرت عالم بٹ جیل میں ہیں ،آسیہ اندرابی جیل میں ہیں سید شبیر شاہ جیل میں ہیں مگر ان کی conviction کو کم نہیں کیا جا سکا ہے۔محمود احمد ساغر ،سید یوسف نسیم ،سید فیض نقشبندی ،سابق سپیکر شاہین کوثر ڈار،الطاف بٹ ،الطاف وانی ،غلام نبی بٹ ،عاصم عباسی اور ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ اسلم نے اس موقع پر کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عظیم فتح دی ہے ،ہمیں تحریک آزادی کو مزید تیز کرنا ہو گا پاکستان کی برتری ہماری برتری ہے سیاسی ،سفارتی و عسکری فتح اور میڈیائی برتری نے بھارت کے جھوٹ کا قلع قمع کر دیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔اس فتح کو زیادہ سے زیادہ ہائی لائٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت مزید پیچھے جائے۔ میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کشمیریوں کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپنے مادروطن پر غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پر بھارت کشمیری حریت رہنمائوں کو نشانہ بناتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جموں و کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے تک اپنے شہدا ء کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام جدوجہد آزادی، ترقی اور محفوظ مستقبل کے لیے میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ مقررین نے پاک فوج کی جانب سے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران بھارت کو عبرتناک شکست دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے بے مثال کردار کو سراہا ۔مقررین نے کہا کہ فیلڈ مارشل ج تک سید عاصم منیر کی کشمیر سے کمٹمنٹ بے مثال ہے ۔انہوں نے شہید حریت رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہاکہ دونوں حریت رہنمائوں نے بھارت کی تمام سازشوں، جبر اور استبداد کے باوجود کشمیر کی آزادی کے لیے انتھک جدوجہد کی۔ مقررین نے کہا کہ میر واعظ مولوی محمد فاروق نے اسلام کی تبلیغ کے لیے بہت محنت کی اور ان کی تعلیمات کشمیری عوام کی مذہبی، فکری اور نظریاتی تربیت کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ عبدالغنی ایک چمکتا ہوا ستارہ تھے جو بھارت کے خلاف آزادی کی ایک موثر آواز اور سیاسی و سماجی میدان میں کشمیری عوام کے حقیقی رہنما بن کر ابھرے۔ مقررین نے جموں و کشمیر لبریشن سیل کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ادارہ تحریک آزادی کو اجاگر کرنے کیلیے فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی ایجنٹوں نے میر واعظ مولوی محمد فاروق کو شہید کیا جبکہ 21مئی 1990کو سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے میں شریک ہزاروں افراد پر بھارتی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں70سے زائد افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسی تاریخ کو 2002میں خواجہ عبدالغنی لون کو بھی بھارتی ایجنسیوں کے ایجنٹوں نے شہید کردیا۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی فورسز کی دہشت گردی کے وہ دلخراش مناظر آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں نقش ہیں۔ اس موقع پر شرکا ء نے کہا کہ شہید میر واعظ ایک عظیم مبلغ اور عالم دین تھے اور کشمیری عوام کی تعلیمی اور سماجی بہتری کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید عبدالغنی لون ایک دانشمند اور نڈر رہنما تھے جنہوں نے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی تشکیل میں خواجہ عبدالغنی لون کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جو قومیں اپنے نصب العین پر ثابت قدم رہیں انہوں نے ظالموں کو شکست دے کراپنا نصب العین حاصل کرلیا۔ تقریب کے شرکاء نے جدوجہدآزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا اور کشمیری عوام خصوصا نوجوانوں کی استقامت اور ثابت قدمی کو سراہا جو بھارتی ناجائز قبضے سے آزادی کے عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔اس موقع پر پاکستان ژندہ باد ،تحریک آزادی کشمیر زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ۔اس موقع پر شہداء کشمیر ،کنٹرول لائن پر شہید ہونے والے افراد اور پاک فوج کے شہداء کیلیے خصوصی دعا کی گئی ۔تقریب کی نظامت کے فرائض انچارج سوشل میڈیا سردار نجیب الغفور نے ادا کئے

Share This Post

More To Explore