وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ انتہا پسند مودی نے اپنے اندرونی خلفشار پر قابو پانے کیلئے پہلگام فالس فلیگ آپریشن رچایا۔ پاک فوج کی جانب سے بھارت کو ایسا زخم دیا گیا ہے جو کبھی نہیں بھر سکتا ۔رافیل کی بربادی نے مودی کے ہوش اڑادیے ہیں۔ ہم نے ایک قوم بن کر جس طرح گودی میڈیا کے جھوٹ کو بے نقاب کیا اس پر قومی میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔ پاکستانی و کشمیری عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ‘ بنیان المرصوص ‘بن کر سامنے آئی۔بھارت کے جنون اور تکبر کو خاک میں ملانے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتاہوں ۔کشمیری قوم سات دھائیوں سے ہندوستان کے ظلم و جبر کے ساتھ ساتھ اس کے دجل اور مکر و فریب کا سامناکررہی ہے ۔ منی پور میں فسادات ، خالصتان کی تحریک کے عروج سمیت وقف بل کے ذریعے مسلم املاک پر قبضے کے بعد مسلمانوں کے ردعمل اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو چھپانے کیلئے مودی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کروایا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکرٹری سہیل افضل خان ،جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف ،گورننگ باڈی کے ارکان مونا صدیقی ،عبدالحفیظ بلوچ ،منظور احمد شیخ ،سینئر صحافی احتشام مفتی سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعدا د نے ان کا استقبال کیا ۔وزیراطلاعات نے کہاکہ گجرات کے مسلم کش فسادات سے لیکر سمجھوتہ ایکسپریس اور راجوری سے لیکر پلوامہ اور پھرپلہلگام فالس فلیگ آپریشن تک ہندوستان کے مکر و فریب اور جھوٹ کی ایک تاریخ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پہلگام سیز فائرلائن سےاڑھائی سوکلو میٹردور ہے ، پہلگام سیاحت کا مرکز ہے جس کے قریب بھارتی فوجی یونٹ اور پولیس چیک پوسٹ ہے اس سے اندازہ لگائیں کہ وہاں سیکورٹی کا کیالیول ہے ، ہم متعدد بار کہہ چکے ہیں اتنا بڑا واقعہ ہوگیا ہندوستان کی سیکورٹی فورسز کہاں تھیں ؟وہ جو لوگ موجود تھے وہ کہہ رہے ہیں کہ وہاں سیکورٹی فورسز کئی گھنٹوں بعد پہنچی ، سات لاکھ سے زائد قابض آرمی کے ہوتے ہوئے یہ واقعہ کیسے ہوگیا؟۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران آزادکشمیر کے عوام کا جذبہ اس قدر تھاکہ ہمارے ایک گاوں کے لوگوں نے یہ کہہ کر اپنا گاوں خالی کرنے سے انکار کردیا کہ وہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن سے لڑیں گے ۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان کی افواج آزادکشمیر میں ہماری حفاظت کیلئے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فورسز نے کشمیریوں کو محصور کر کے ان پر قابض ہے اور کشمیریوں پر انسانی تاریخ کے بدترین ظلم ڈھارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جنرل عاصم منیر اور افواج پاکستان کے ترجمان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی جس کمٹمنٹ کا اظہار کیا اس پر انکا شکریہ ادا کرتاہوں ۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کشمیر پر اپنی بھرپور کمٹمنٹ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پر مزید سات جنگیں لڑنے کیلئے تیارہیں ، جس پر پوری کشمیری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہاکہ کشمیریوں کو پاکستان سے اس قدر محبت اور عقیدت ہے کہ وہ اپنے شہیدوں کو پاکستانی پرچم میں دفناتے ہیں ۔ کشمیری لیڈر سید علی گیلانی کا مقبول نعرہ ‘ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے’ نے پوری دنیامیں مقبولیت حاصل کی ۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان کی حکومتوں ، قوم اور قیادت کا شکرگزارہوں کہ انہوں نے کبھی بھی مسئلہ کشمیر کی وکالت نہیں چھوڑی ۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ مودی جنگی جنون میں مبتلا ہے ۔ مودی کسی مہذب سوسائٹی میں رہنے کے قابل تک نہیں لیکن ڈیڑھ ارب والی آبادی کے ملک کا وزیراعظم ہے ۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ذہنی مریض اور ان کے تین بڑے وزیر تھری ایڈیٹس ہیں ۔ مودی سرکار خطے کو جنگ کی جانب دھکیل رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر حکومت نے جنگ کے متاثرین کی فوری امداد کے لیے ایک ارب روپے کا ہنگامی پیکیج بنایا ہے، لوگوں کے مزید نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری اور پاکستانی قوم نہ صرف ایمانی جذبات بلکہ جدید ٹیکنالوجی سے لبریز ہے ۔پاکستان سے ہمارا رشتہ روح اور ایمان کاہے ، کشمیری پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں ۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ آزادکشمیر میں بھارتی جارحیت سے 32 نہتے شہری شہید ہوئے جن میں معصوم و شیر خوار بچے اور خواتین شامل ہیں ۔ مظہر سعید شاہ نے کہا کہ کراچی والے بالخصوص کشمیریوں سے محبت کرتے ہیں۔ جب کشمیر میں زلزلہ آیا تھا تو کراچی سے امداد گئی ۔کراچی سے کنٹینر میں صاف پانی کشمیر بھیجا گیا ۔ کراچی والوں کے بہت مشکور ہیں ۔ بھارتی پروپیگنڈا کیا گیا کہ کراچی کو تباہی کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی انتخابات سے قبل پہلگام جیسے واقعات کا سہارا لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی سرکار جنگی جنون میں مبتلا ہے۔تصاویر کے ذریعے دکھانا چاہتا ہوں معصوم بچے، بزرگ، خواتین کو بھارت دہشت گرد قرار دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہیے اور عالمی برادری کو کشمیریوں کی آواز سننی چاہیے۔

