آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات مولانا پیر محمدمظہر سعید شاہ نے تمام اہل ایمان، علمائے کرام، دینی اداروں، سیاسی و سماجی شخصیات، طلبہ اور عوام سے اپیل کی کہ 27 اپریل کو ہٹیاں بالا میں ہونے والی ختم نبوت ﷺ کانفرنس میں بھرپور شرکت یقنی بنائیں

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات مولانا پیر محمدمظہر سعید شاہ نے تمام اہل ایمان، علمائے کرام، دینی اداروں، سیاسی و سماجی شخصیات، طلبہ اور عوام سے اپیل کی کہ 27 اپریل کو ہٹیاں بالا میں ہونے والی ختم نبوت ﷺ کانفرنس میں بھرپور شرکت یقنی بنائیں۔27 اپریل کو کالج گراؤنڈ ہٹیاں بالا میں ہونے والی عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس محض ایک دینی تقریب نہیں بلکہ ملتِ اسلامیہ کے ایمان، شعور اور غیرت کا جرات مندانہ اظہار ہے۔ اس پیغام کو عام کرنے اور کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے ہر طبقۂ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ عقیدۂ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ گزشتہ سال ہٹیاں بالا میں منعقدہ کانفرنس نے ریاست گیر سطح پر مثبت دینی شعور اجاگر کیا، جس کے اثرات آزاد کشمیر اسمبلی کی قرارداد کی صورت میں سامنے آئی۔ قرارداد کے مطابق ووٹر لسٹوں میں مسلم اور غیر مسلم ووٹرز کی الگ شناخت کو لازم قرار دیا گیا اور اس پر عملدرآمد کی جانب پیش رفت جاری ہے۔ 27 اپریل کو ہونے والی ختم نبوت کانفرنس میں بھرپور شرکت کر کے اسے ایک تاریخی اجتماع میں تبدیل کریں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ اجتماع ریاستی ہی نہیں بلکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اثرات مرتب کرے گا، اور عقیدۂ ختم نبوت ﷺ کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچائے گا۔ مدینہ منورہ کی مقدس فضاؤں سے اٹھنے والی آواز اس حقیقت کی گواہی ہے کہ عقیدۂ ختم نبوت ﷺ پوری امتِ مسلمہ کے ایمان کا مرکز ہے۔عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری اس کے ایمان کا تقاضہ، آخرت میں حصول جنت اور شفاعتِ رسول ؐ کا ذریعہ ہے۔ مدینہ منورہ میں تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کے قائدین نے وزیر اطلاعات سے ملاقات کی ۔وفد میں مولانا عبدالرشید اور مولانا عثمان مدنی ودیگر شامل تھے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ ختم نبوت کا عقیدہ اسلام کا وہ بنیادی عقیدہ ہے یہ محفوظ ہے تو پورا دین محفوظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انیسویں صدی کے آخر میں بے شمار فتنوں کے ساتھ ایک بہت بڑا فتنہ قادیانیت کی شکل میں ظاہر ہوا، علماء کرام نے اس کے کفر کو امت مسلمہ پر بے نقاب کیا اور اس کا علمی تعاقب کرتے ہوئے اس کے مقابلہ میں میدان عمل میں نکلے ۔ اس فتنے سے نمٹنے کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر جو کوششیں کی گئیں ان میں بڑا اہم کردار علما کا ہے ، بالخصوص حضرت علامہ انور شاہ کشمیری اور امیر شریعت سید عطا اللہ شاہ بخاری اس فتنہ کے خاتمہ کے لئے مامور رہے۔انہوں نے کہاکہ حضرت علامہ انور شاہ کشمیری نے اس کام کو باقاعدہ منظم کرنے کے لئے تحریک آزادی کے عظیم مجاہد عطاء اللہ شاہ بخاری کو امیر شریعت مقرر کیا۔ وزیراطلاعات آزادکشمیر نے کہاکہ صحابہ کرام ؓ نے آپ ؐ کی جسم و جاں کی حفاظت کی، آپ کے دین کو محفوظ رکھا اسی طرح آپ ؐ کی ختم نبوت کے تحفظ میں جان کی بازیاں لگائیں اور جھوٹے مدعیان نبوت کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ عقیدۂ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 27اپریل کو ہٹیاں بالا میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس میں تمام اہل ایمان شرکت کریں۔

Share This Post

More To Explore