جج عدالت العالیہ جسٹس میاں عارف حسین کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر عدالت العالیہ مظفرآباد میں فل کورٹ ریفرنس منعقد ہوا۔ فل کورٹ ریفرنس کی صدارت چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس صداقت حسین راجہ نے کی ۔ فل کورٹ ریفرنس میں ججز عدالت العالیہ جسٹس سید شاہد بہار،جسٹس محمد اعجاز خان ،جسٹس خالد رشید چوہدری نے شرکت کی ۔ سینئر جج عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت حسین عمرہ کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک ہونے کیوجہ سے ریفرنس میں شریک نہ ہو سکے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ وسیشن جج مظفرآباد، ضلع قاضی مظفرآباد، ایڈووکیٹ جنرل، ممبران بار کونسل آزادجموں کشمیر، سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، صدر و جنرل سیکرٹری سینٹرل بار ایسوسی ایشن، ایڈیشنل سیکرٹری قانون، لاء آفیسران اور وکلاء کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئے۔ فل کورٹ ریفرنس سے چیف جسٹس صداقت حسین راجہ، جسٹس میاں عارف حسین، جسٹس سید شاہد بہار،رجسٹرار ہائی کورٹ چوہدری محمدفیاض، ایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود اقبال، ایڈیشنل رجسٹرار ریاض شفیع،سیکرٹری جنرل سپریم کورٹ بار سید مہر علی بخاری ایڈووکیٹ، صدر ہائی کورٹ بار خالد رشید مغل ایڈووکیٹ، صدر سینٹرل بار سید انیس الحسن گیلانی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس صداقت حسین راجہ نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس میاں عارف حسین جج عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر کو محکمہ قانون و محکمہ عدل وانصاف میں 25 سال 1 ماہ 4 دن اور عدالت عالیہ آزاد جموں و کشمیر کے جج کے طور پر 03 سال 02 ماہ 23 دن سروس کی تکمیل پر عدالتی فرائض کی انجام دہی سے علیحدہ ہونے پر الوداع کرنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ یقینا آج ہم ایک اچھے، دیانتدار محنتی جج کو طویل عرصہ تک شعبہ عدل و انصاف میں خدمات سرانجام دینے کے بعد رخصت کر رہے ہیں۔ آج کا دن جہاں ہمارے لیے کرب کا باعث ہے کہ ہم اپنے ایک قابل جج سے محروم ہور ہے ہیں وہاں اس بات کا اطمینان بھی ہے کہ میاں عارف حسین نے شعبہ عدل و انصاف میں اپنا کامیاب سفر مکمل کیا ہے۔ دراصل وہ صاحب منصب ہی کامیاب ٹھہرتا ہے جو اپنے فرائض منصبی بلا خوف و خطر، دیانت داری سے سرانجام دیتا ہے۔ ریاست کے دیگر عہدوں کے برعکس منصب عدل کی نوعیت انتہائی حساس ہے۔ عدل کی اہمیت کی بابت اللہ تعالی نے قرآن پاک میں حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 08 جنوری 2022 آزاد جموں وکشمیر کی عدلیہ کی تاریخ کا یقینا ایک اہم دن تھا جس دن جسٹس میاں عارف حسین اور دیگر پانچ جج صاحبان عدالت عالیہ میں تعینات ہوئے۔ طویل عرصہ سے ججزکی عدم تعیناتی کے باعث عدالت عالیہ میں کثیر تعداد میں مقدمات التواء کا شکار تھے۔ نئے تعینات ہونے والے حج صاحبان کے حلف اٹھانے کے بعد جب ہم نے نئے مقدمات کے ساتھ ساتھ پرانے مقدمات کو یکسو کرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ اہداف مقرر کیے۔ تمام ججز صاحبان کی طرح جناب جسٹس میاں عارف حسین نے پرانے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر یکسو کرنے کے لیے دن رات محنت کی جس کے نتیجہ میں ہم مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ میں آج بلا خوف و خطر، روورعایت اور غیر جانبدارانہ طور پر فرائض انجام دینے پر جسٹس میاں عارف حسین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک حج کو دیانتداری، راست بازی، مضبوط اعصاب، شائستگی، صبر، کھلے ذہن، بہترین سجھ، اور انسانی ہمدردی کی سوچ کا حامل ہونا چاہیے۔ مقدمات کے حقائق کا تجزیہ کرنے اور تمام قوانین کو سمجھنے اور قوانین کی اطلاق پذیری کا تعین کرنے کی صلاحیت جج کے لیے انتہائی اہم ہے۔جج کو ذاتی اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سے آگاہ ہونا چاہیے اور ان کی پیروی بھی کرنی چاہیے۔ جج میں وہ کام کرنے کی ہمت ہونی چاہیے جس کا قانون اس سے مطالبہ کرتا ہے۔ مشہور یونانی فلسفی اسقراط نے اچھے حج کی ضروری خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جج کو محبت سے سننے والا، دانشمندی سے جواب دینے والا، سنجیدگی سے غور کرنے والا، اور غیر جانبداری سے فیصلہ کرنے والا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس میاں عارف حسین کو اللہ تعالی نے حج کی خصوصیات عطاء فرما رکھی ہیں جن کو بروئے کار لاتے ہوئے جسٹس موصوف نے فراہمی انصاف میں کردار ادا کیا ہے۔ میرے نزدیک پیشہ عدل اور مقدمات کا فیصلہ ایک قومی فریضہ ہی نہیں بلکہ عبادت ہے مگر عبادت جہاں اجر و ثواب کا باعث ہوتی ہے وہاں اس کے اپنے تقاضے بھی ہوتے ہیں۔ کسی بھی کام کے صلہ میں اجر و ثواب کی کثرت کا وعدہ اس کام کے مشکل تر ہونے کی دلیل ہوتا ہے۔ آپ جس کسی فرض کی انجام دہی میں جس قدر زیادہ انعام واکرام کے حقدار گردانے جائیں گے تو سمجھ لیجیے کہ اس راہ میں پھولوں کا ہار نہیں بلکہ کانٹوں کی سیج آپ کی منتظر ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ کسی بھی مقدمہ میں درست نتیجہ پر پہنچنے کے لیے وکلاء کی معاونت انتہائی اہم ہے۔ جس معاشرہ میں قابل محنتی وکلاء ہوں گے اس معاشرہ کو اچھے جج دستیاب ہوں گے۔ اگر یہ کہا جائے کہ وکلاء ہی دراصل وہ نرسری ہیں جس سے عدلیہ کا باغ تیار ہوتا ہے تو بے جانہ ہوگا۔ جس قدر نرسری سرسبز و توانا ہوگی، باغ میں اسی قدر خوبصورت اور لازوال پھول کھلیں گے۔ بار اور بینچ ممبر کی حیثیت سے ہم مشتر کہ انصاف کی تقلید اور پابندی کے ذمہ دار ہیں۔ انصاف کی تقلیدی حکمت عملی میں شراکت داری کی بناء پر ہم ایک دوسرے کے بغیر کام نہیں کر سکتے۔ میں دوسرے منصب داروں کا کردار نہیں بھولتا جن کی مساوی اہمیت ہے مگر بالخصوص وکلاء کی بابت میں کہتا ہوں کہ وکلاء کے تعاون کے بغیر عدلیہ انصاف مہیا نہیں کر سکتی کیونکہ وکلاء نے پیشہ وارانہ طور پر عدالت کی حقائق اور قانون کے ضمن میں معاونت کرنی ہوتی ہے۔ وکلاء برادری غریب عوام کی دادرسی اور عدل و انصاف کی بار اور بینچ کا ساتھ بہت اہم ہے۔ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالا دستی کے لیے ان دونوں کے مابین مضبوط رشتے کا ہونا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ د نیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے جہاں ہر شعبہ زندگی اس سے متاثر ہوا ہے وہاں نظام عدل وانصاف پر بھی اس کے بے پناہ اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ سائبر کرائم، آئی ٹی کے ذریعے وقوع پذیر ہونے والی معاشی اور معاشرتی فراڈ، کر پٹوکرنسی جیسے عوامل اور دن بدن جدید سے جدید ہتھیاروں کے استعمال نے شعبہ عدل وانصاف اور اس سے وابستہ دیگر ادارہ جات اور افراد کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ قوانین میں ضروری تبدیلی دترمیم جدید فرانزک لیب اور آئی ٹی ماہرین کی ضرورت پہلے سے کئی گناہ زیادہ ہو چکی ہے۔اس ضمن میں بروقت اقدامات اٹھا کر ہی ہم فراہمی انصاف کے جدید تقاضوں پر پورا تر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ ریاست کے اندر قائم تمام ادارہ جات کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اُمور کی انجام دہی ایسے درست انداز میں کریں کہ کسی کو بھی عدم تحفظ کا احساس نہ ہو۔ کسی کی حق تلفی نہ ہو اور کسی کے بنیادی حقوق متاثر نہ ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ فرائض کی درست ادائیگی کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جانے چاہیے تا کہ نظام عدل پر غیر ضروری بو جھ نہ پڑے اور عوام الناس کو بے چینی اور انار کی جیسی کیفیت سے نہ گزرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک محنت کرنے والے، اُصول پسند اور آئین و قانون کی بالا دستی پر یقین رکھنے والے حج سے محروم ہورہے ہیں لیکن میں امید بھی کرتا ہوں کہ جناب جسٹس موصوف ریٹائرمنٹ کے بعد بھی قانون کی سر بلندی اور شعبہ عدل و انصاف کی بہتری کے لیے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ جسٹس میاں عارف حسین، جج عدالت عالیہ آزاد جموں و کشمیر کو اپنی جانب سے اور فاضل حجز صاحبان عدالت عالیہ کی جانب سے نیک خواہشات و تمناؤں کے ساتھ الوداع کہتا ہوں۔ ریٹائرہونے والے جج عدالت العالیہ جسٹس میاں عارف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے بطور سیکشن آفیسر قانون کم و بیش ساڑھے چار سال کا عرصہ جہاں میرے لیے رزق کے حصول کا واحد معتبر ذریعہ رہا و ہیں اس عرصہ میں دفتر ی نظم ونسق کو سمجھنے اور قانونی امور سے متعلق مختلف Assignments اور شعبہ جات میں کام کرنے کے نتیجہ میں میری خوب تربیت ہوئی۔ سول حج سے لے کر ڈسٹرکٹ و سیشن حج کے سفر تک جوڈیشل آفیسرز کو ریاست کے اندر مختلف اضلاع و تحصیل ہا میں اپنے فرائض منصبی انجام دینا ہوتے ہیں اور بظاہر ایک سٹیشن سے دوسرے اسٹیشن پر ٹرانسفر کا یہ عمل تکلیف دہ دکھائی دیتا ہے جس سے وقتی طور پر آپ کی نجی زندگی ڈسٹرب ہو جاتی ہے لیکن یقین جانیے کہ اگر ٹرانسفر کے اس عمل کو اپنے ذہن پر سوار نہ کیا جائے اور اس کو بوجھ نہ سمجھا جائے تو یہ محض شفٹنگ کے ایک دو دن کی معمولی مشقت اور تکلیف کے علاوہ زیادہ کچھ نہیں اس ضمن میں میرا کہنا یوں ہے کہ میں نے اپنی پہلی تقرری سول جج تھورا ڑضلع پونچھ لے کر آخری (تقرری) بطور ڈسٹرکٹ و سیشن جج بھمبر تک کبھی بھی ٹرانسفر کے اس عمل کو اپنے لیے روگ جاں نہیں بنایا اور جس سٹیشن پر بھی جانا ہوا اپنے ڈسپلن اور نظم کو برقرار رکھتے ہوئے دلجمعی اور پیشہ ورانہ اہلیت کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کرتا رہا۔انہوں نے کہا کہ مجھے آزاد کشمیر کے طول و عرض میں بسنے والے باشندگان سے بے پناہ محبت ملی۔ ہر ہرسٹیشن پر وکلاء کمیونٹی نے جہاں عدالتی امور میں میرے ساتھ بھر پور تعاون کیا وہاں انہوں نے مجھے بے حد احترام بھی دیا بلکہ اگر میں یہ کہوں تو بے جانہ ہوگا کہ متعدد مقامات کے لوگوں نے بالعموم اور وکلاء کمیونٹی نے با الخصوص مجھے اپنا عزیز سمجھتے ہوئے سر آنکھوں پر بٹھائے رکھا اور اس قدر عزت افزائی کی کہ بوقت رخصت ” میری آنکھیں نم ہو جایا کرتی تھیں۔ بطور جج عدالت العالیہ Elevation کے بعد بھی وکلاء کمیونٹی سے براہ راست ایک مضبوط تعلق قائم رہا اور یہ اس تعلق کا نتیجہ ہے کہ سول بیج سے لے کر جج عدالت العالیہ کے عرصہ اختتام اور آج کے دن تک ” اگر مجھے عدالتی امور نپٹانے میں کوئی کامیابی ملی ہے تو اس کا Credit زیادہ وکلاء کمیونٹی کو جاتا ہے جنہوں نے دیرینہ مقدمات کو نپٹانے میں بے پناہ تعاون کرتے ہوئے قانونی معاونت فرمائی۔ میں آزاد خطہ میں بسنے والے غیور شہریوں عوام الناس کی محبتوں اور خلوص کا بالعموم اور وکلاء کمیونی کا با الخصوص صمیم قلب سے شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ Administration of Justice اور عدل گستری کے عمل میں عدالتی کاروائی اور مقدمات کی یکسوئی قوانین وقواعد کے تابع ہوتی ہے اور بلا شبہ ایک جوڈیشل آفیسر یا ایک جج قانون سے ماورا کسی بھی فریق کو Relief فراہم کرنے کا مجاز نہیں ہوتا اور اس نے مثل میں دستیاب شہادت و شواہد اور متعلقہ قوانین وقواعد کے مطابق ہی اپنے فرائض کو ادا کرنا ہوتا ہے لیکن Presiding Officer” اہلیان مقدمہ کی مشکلات اور وکلاء کمیونٹی کی جائز مجبوریوں کے پیش نظر adjournment سے متعلقہ قانون کے تناظر میں فریقین کو آسانی بہم پہنچانے کا مجاز ہوتا ہے اور ایسا عمل میری نظر میں دور اندیشی اور دانائی و حکمت کا متقاضی ہوتا ہے۔ بلا شبہ ہمارا عدالتی نظام جہاں وکلاء سے عدالتی Decorum کو Maintain رکھنے اور بر وقت قانونی معاونت کا تقاضہ کرتا ہے وہاں قابل احترام جوڈیشل آفیسران / ججز سے اس بات کی بجاطور پر توقع بھی رکھتا ہے کہ وہ بھی عدالتی اختیار و طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے احتیاط کا دامن اپنے ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور میری ناقص رائے میں اگر بینچ و بار کے مابین احترام و وقار کا رشتہ اصولوں کی بنیاد پر قائم ہو جائے تو اس سے یقیناً عدالتی ماحول کو خوشگوار بنانے میں مدد مل سکتی ہے. جسٹس میاں عارف حسین نے کہا میرے مشاہدہ میں رہا ہے کہ اکثر فائلیں اور مقدمات وکلاء کی متعلقہ قانون کے حوالہ سے confusion کا شکار ہونے کے باعث التواء کا شکار ہوتی ہیں۔ جو ایک افسوس ناک صورتحال ہے۔ اس ضمن میں سینئر وکلاء پر لازم ہے کہ وہ اپنے جونیئر زیا ایسوسی ایٹس کی تربیت کے عمل کو ہمہ وقت جاری رکھیں اور جونیئرز کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے سینئرز سے سیکھنے کے عمل میں دلچسپی لیں اور مکمل تیاری کے ساتھ مقدمات کی پیروی کے لیے عدالتوں میں پیش ہوں۔ اس سے یقیناً ہماری عدالتوں کی کارگزاری بہتر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی ہم سب کے مشاہدہ میں ہے کہ اکثر مجالس میں معاشرتی اقدار میں تنزلی کا تذکرہ شد و مد سے ہوتا رہتا ہے۔ میری نظر میں معاشرتی رویے انسانی کردار کی نشاندہی کرتے ہیں اور بلا شبہ انسانی کردار کی تشکیل میں تحمل، برداشت، برد باری، مروت، ایثار و قربانی اور عفو درگز ر جیسے اوصاف بنیادی کردار کے حامل ہوتے ہیں لیکن کبھی بھی ہم نے ان متذکرہ اوصاف کے حوالہ سے اپنے رویوں کو جانچنے کی کوشش نہیں کی بلکہ محض خالی خولی با تیں اور دعوے کیے جاتے ہیں اور عملاً ہمارے رویوں میں نفرت، کینہ، حسد، بغض، عدم برداشت اور قول وفعل میں تضاد جیسے رزائل کی جھلک نظر آتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرہ میں افراط و تفریط کے بجائے تو ازن و اعتدال پیدا کر کے اخلاقی محاسن میں بہتری لانے کی جانب توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میری رائے میں ایک اور پہلو توجہ طلب ہے۔ سوشل میڈیا بلا شبہ معلومات تک رسائی اور آسان Communication کا بہترین ذریعہ ہے لیکن جہاں اس کے متعدد مثبت فوائد ہیں وہاں اس کا منفی استعمال بھی عروج پر دکھائی دیتا ہے۔ بدوں تصدیق سوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہونے والے میسجز اور پوسٹس کو شیئر کرنا، آگے بھیجنا، لائیک کرنا اور اس پر کمنٹ کرنا ایک عمومی مشغلہ بن گیا ہے۔ میں نے بڑے بڑے سنجیدہ فکر اور معزز لوگوں کو اس گیم میں حصہ لیتے دیکھا ہے۔ میں نے ذاتی طور پر چند ایک جاننے والوں سے یہ درخواست کی کہ ” آپ اس گناہ بے لذت میں کیوں شامل ہو رہے ہیں لیکن مجھے افسوس ہے کہ میری رائے پے کوئی توجہ نہ دی گئی اور یار لوگوں نے اپنی انا کی تسکین کی خاطر اس امر کا اندازہ کیے بغیر کہ ” کسی فیک میسج کے نتیجہ میں کسی کی زندگی اجیرن بن سکتی ہے ” اپنے اس پسندیدہ مشغلے کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا کے متذکرہ استعمال نے معاشرہ میں ایک ہیجانی کیفیت پیدا کر رکھی ہے جس باعث اب صحیح اور غلط میں تمیز کرنا ناممکن ہوتا جارہا ہے اور میری رائے میں اس نوعیت کے عوامل معاشرے کی تنزلی کی نشاندہی کرتے ہیں جس پر غور وفکر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکر گزاری اور شکر ادا کرنا ایک بہت بڑا وصف ہے اور شکرگزاری میرے نزدیک ایک قلبی کیفیت کا نام ہے۔ آج کے دور میں شکر گزاری کی یہ خصوصیت نا پید ہوتی جارہی ہے اور نعمتوں کے حصول پر عموما ًیہ کہا جاتا ہے کہ یہ تو ان کا استحقاق تھا بلکہ یہ تو استحقاق سے بھی کم ملا ہے۔”انہوں نے کہاکہ اگر ہم اپنے گرد و پیش میں خود غرضی طمع اور لالچ کی عینک اتار کر دیکھیں تو ہمیں یقیناً معلوم ہو جائے گا کہ کس قدر خوبصورت تعلیم یافتہ اور گوہر نایاب خاک میں مل رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ہم پر کس قدر کرم کر رکھا ہے۔ ” مجھے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ رب العزت نے مجھے جن بے پناہ نعمتوں اور عنایات سے نوازاہے میں خود کو قطعی طور پر اس کا اہل نہیں سمجھتا تھا۔ محض میرے والدین اور میرے well wishers کی دعاؤں اور اللہ تعالی کے فضل و کرم کا نتیجہ ہے اور اسی ذات باری تعالی نے بچپن سے لے کر تعلیم کی تکمیل تک اور پھر میری ابتدائی ملازمت سے حج عدالت العالیہ Elevation کے سفر تک میرے لیے اسباب مہیا کیے اور اپنی بے پائیاں نعمتوں اور نوازشات کی مجھ پر بارش کر دی اور سچ تو یہ ہے کہ رب العزت کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ” جو بندوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی شکر ادا نہیں کرتا۔ ” میرے نزدیک اپنے محسنوں کے احسانات کو یا درکھنا شکر گزاری کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ اس لیے مجھے یہ کہنے کی اجازت مرحمت فرمائیں کہ اس خوبصورت Gathering اور سٹیج پر رونق افروز قابل احترام شخصیات متعدد حوالوں سے میری محسن ہیں۔ چیف جسٹس میرے محسن و مربی ہیں جن کی عنایت اور رہنمائی کے باعث ہائی کورٹ میں Elevation کے عمل سے لے کر ریٹائرمنٹ تک کا سفر احسن طریقہ سے مکمل ہوا۔ اس طرح جسٹس سید شاہد بہار جو متانت و استقامت اور حمل و بردباری میں اپنا ثانی نہیں رکھتے سے بھی میں نے اکتساب فیض کیا۔جسٹس سردار محمد اعجاز خان ایک بے باک اور استدلال کے ساتھ گفتگو کرنے والے بے مثال جج جن کی رہنمائی کے باعث مجھے اپنے کردار اور عمل کو Review کرنے کا موقع ملا اور اسی طرح جسٹس چوہدری خالد رشید جو قانونی موشگافیوں اور گھتیوں کو سلجھانے میں کبھی تاخیر نہیں کرتے اور ان کی قانون پر مکمل گرفت سے بھی مجھے سیکھنے کا موقع ملا۔ آج کی مجلس میں جسٹس سردار لیاقت حسین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے باعث موجود نہیں ہیں وہ بھی متعدد امورمیں میری رہنمائی فرماتے رہے۔ اس لیے میں جملہ قابل احترام ججز اورچیف جسٹس کا صمیم قلب سے ممنون ہوں۔محترم ایڈووکیٹ جنرل صاحب، صدر صاحب ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے نیک اور پاکیزہ جذبات بھی میرے لیے عزت افزائی کا باعث ہیں۔ اسی طرح ہال میں موجود معزز وکلاء صاحبان جو میرے روبرو اپنے دلائل کے ذریعہ میری معاونت کرتے رہے اور آزاد کشمیر کے جملہ وکلاء جو مختلف سٹیشنز پر عدالتی امور میں میرے معاون رہے ان سب کا بے حد ممنون ہوں۔ محترم سیکریٹری قانون،ججز ڈسٹرکٹ جوڈیشری اور قاضی صاحبان عدالتی اور ملازمتی سفر میں میرے ہم رکاب ورفیق رہے ان کی محبت و اخلاص اور رہنمائی کا بھی منون ہوں۔ اور عدالت العالیہ میں موجو د رجسٹرار، ایڈیشنل رجسٹرار، ڈپٹی رجسٹرار، دیگر جملہ آفیسران بشمول میرے پرائیویٹ سیکریٹریز اور پی۔ اے صاحبان میری معاونت کرتے رہے ان جملہ آفیسران واہلکاران اور کورٹ ایسوسی ایٹس جو میرے ساتھ رہے ان کا بھی منون ہوں۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر کے طول و عرض میں بسنے والے باشندگان جنہوں نے میرے ساتھ بے لوث خلوص و محبت کا رشتہ استوار کیے رکھا ان کی محبت و اخلاص کا بے حد مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا ملازمتی سفر اب آخری مراحل کی جانب رواں دواں ہے۔ گویا اب ملازمتی سفر کے حوالہ سے آپ سے قائم رفاقت اختتام پذیر ہو رہی ہے اور آپ سے جدا ہوا چاہتا ہوں۔جج عدالت العالیہ جسٹس سید شاہد بہار نے اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ جج ہائیکورٹ جسٹس سید شاہد بہار نے کہا کہ جسٹس میاں عارف حسین کے ساتھ 3 سال کام کرنے کا موقع ملا اور انکے سامنے بطور وکیل بھی پیش ہوا۔ جسٹس میاں عارف حسین نے آزادکشمیر کی عدلیہ میں ناقابل فراموش خدمات سرانجام دی ہیں۔ آپ کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہیگی۔ جسٹس میاں عارف حسین نے کورٹ کے اندر اور باہر کالے کوٹ کی تکریم میں اضافہ کیا۔ آپ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آنے والی زندگی کیلئے دعا گو ہوں۔رجسٹرار عدالت العالیہ چوہدری محمد فیاض نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس میاں عارف حسین کی عدالت العالیہ میں بطور جج خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ وہ نہایت محنتی، دیانتدار اور فرض شناس شخصیت کے طور پر جانے جاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس میاں عارف حسین نے ہمیشہ انصاف کی فراہمی، قانون کی بالا دستی اور آئین کی حکمرانی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو صرف کیا۔انکی شخصیت غیر معمولی خصوصیات کی حامل رہی۔ آج ہم انہیں انکی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمنائوں کے ساتھ الوداع کہتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے جسٹس میں عارف حسین کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور انکی آئندہ زندگی کے لیے نیک نمنائوں کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس صداقت حسین راجہ نے ریٹائر ہونے والے جج جسٹس میاں عارف حسین کو عدالت العالیہ کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی۔

سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانو ن ساز اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیرا عظم و ممبر اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور،اپوزیشن لیڈر و ممبر اسمبلی چوہدری محمد یاسین،ممبر اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل،ممبر اسمبلی سید بازل علی نقوی،ممبر اسمبلی محترمہ سحرش قمر،ممبر اسمبلی چوہدری محمد رخسار،ممبر اسمبلی محترمہ فرزانہ یعقوب کی جانب سے قراردادیں پیش کیں گئیں۔جنہیں متفقہ طور منظور کر لیا گیا۔
سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانو ن ساز اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیرا عظم و ممبر اسمبلی
