وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت آزادکشمیر میں عید الفطر کے دوران انتظامات کو مؤثر بنانے اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ۔

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت آزادکشمیر میں عید الفطر کے دوران انتظامات کو مؤثر بنانے اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر وقار احمد نور، چیف سیکرٹری خوشحال خان، انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار، سپیشل سیکرٹری داخلہ راجہ طاہر ممتاز خان، ڈی آئی جی پولیس یاسین قریشی، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق نے شرکت کی جبکہ پونچھ اور میرپور ڈویژنز کے کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔ اجلاس میں عیدالفطر کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے حکمت عملی کا تعین کیا گیا۔ اجلاس میں چین آف کمانڈ مقرر کرتے ہوئے جملہ متعلقہ محکموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ اس کے ساتھ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں متعلقہ محکموں کو ٹیم ورک کے ذریعے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں عوامی اجتماعات کی جگہوں کی سکیورٹی ، مساجد کی سکیورٹی ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ سمیت شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانےاور عید کے دوران گراں فروشی کو روکنے ، سیاحوں او شہریوں کی ہر ممکن سہولیات کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں طے پایا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ، اس بارے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔کسی بھی ایڈمنسٹریٹر آفیسر کے ڈیوٹی اسٹیشن چھوڑنے سے قبل متعلقہ اعلی حکام سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہوگا،چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر مکمل پابندی ہو گی ،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی ،پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ،ون ویلنگ ،تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اس کے لئے ٹریفک پولیس کے خصوصی دستے تعینات کئے جائیں گے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاحتی مقامات اور ان تک جانے والی سڑکوں پر ٹریفک کے بہتر انتظامات کئے جائیں جہاں ضرورت ہو وہاں ٹورازم پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکار تعینات کئے جائیں ،عوامی مقامات ،بازاروں اور عید گاہوں میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے ،خواتین کے رش والے بازاروں میں خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے ،تیز بہاؤ والے دریاؤں میں نہانے پر مکمل پابندی ہو گی ،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے دریاؤں ،تفریحی مقامات اور رش والے علاقوں میں ریسکیو کو الرٹ رکھا جائے ،صحت عامہ اور ایمرجینسی خدمات کے تمام طبی مراکز کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھا جائے اور ضروری ادویات و عملہ دستیاب رکھا جائے ،پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کیلیے خصوصی اقدامات کئے جائیں ،نماز عید کے اجتماعات اور میلوں کے مقامات پر صفائی اور ٹریفک پلان کو بروقت ترتیب دیا جائے ۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں ،انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے عید گاہوں ،مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات کیلیے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کریں ، عوام کی سہولت کیلیے تمام ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں چوبیس گھنٹے فعال کنٹرول رومز قائم کئے جائیں اور ان کے رابطہ نمبر مشتہر کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عیدالفطر کے دوران گراں فروشی اور ریسٹ ہاؤسیز کے کرایوں میں اضافہ کرکے ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف ضابطہ کے تحت سخت کاروائی کی جائے ، امن ترجیح ہے دہشتگردی کی روک تھام کے متعلقہ ادارے متحرک رہیں، سیاحوں کی سکیورٹی اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، کوتاہی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نےکہا کہ ادارے امن کو قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عید کے دوران اشیائے خورونوش کے ریٹس بڑھانے والوں ، گیسٹ ہاؤسیز کے کرایوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت اقدام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں اور انتظامیہ پر واضح کررہا ہوں کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، عوام کی فلاح ترجیح ہے ، پولیس اور انتظامیہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

Share This Post

More To Explore