وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو ہر کشمیری اور پاکستانی یومِ سیاہ منا رہا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو ہر کشمیری اور پاکستانی یومِ سیاہ منا رہا ہے۔ بھارت کشمیریوں کے جذبے سے خوفزدہ ہے، کشمیری ہر قیمت پر بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ آزادی کی قیمت کشمیریوں سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔ بھارت تمام اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد نہیں کر سکا۔ کشمیری نہ پہلے جھکے ہیں اور نہ اب جھکیں گے۔ بدترین بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی دن بدن بڑھ رہا ہے۔ کشمیری عوام تکمیلِ پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں پاکستان سے محبت اور عقیدت ہے۔ کشمیری اپنے جنازے پاکستانی پرچم میں دفنا کر پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کا سہارا رہا ہے۔ 27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہم سب ایک ہیں۔ ہمیں سوچنا ہے کہ آزادکشمیر میں ہمارے اختلافات اس جدوجہد پر اثر انداز تو نہیں ہو رہے۔ اگر ہمارے آپسی اختلافات کی وجہ سے تحریک آزادی پر فرق پڑتا ہے تو اس پر سوچنا ہوگا۔ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پشت پر ہیں۔ ایک مضبوط پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پوری دنیا نے پاکستان کی عسکری قوت کو تسلیم کیا۔ معرکہ حق میں عظیم فتح نے کشمیریوں کے سر فخر سے بلند کر دیے۔ حکومت پاکستان اور پاک افواج کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی کی جدوجہد میں لازوال قربانیاں دیں، پانچ اگست کے اقدام کے بعد بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کررہا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ساری ریاست پاکستان کا حصہ بنے گی۔

Share This Post

More To Explore